اربعین: ذات مصطفیٰ ﷺ سے برکت

حرف آغاز

حرفِ آغاز

اَہل علم و سعادت نے اپنے اپنے دور کی ضرورت اور تقاضوں کے مطابق لوگوں کے علم و فکر اور عقیدہ و عمل کی حفاطت اور پختگی کے لیے چھوٹے بڑے مجموعہ ہاے اَحادیث مرتب فرمائے۔ اِن مجموعہ ہاے اَحادیث میں سے ہی ایک قسم اَربعین کی ہے جس سے مراد چالیس اَحادیث مبارکہ کا مجموعہ ہے۔ مبلغ حدیث کے لیے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خصوصی دعا فرمائی ہے۔ فرمانِ اَقدس ہے: نَضَّرَ اﷲُ امْرَأً سَمِعَ مِنَّا حَدِیْثًا، فَحَفِظَہٗ حَتَّی یُبَلِّغَہٗه غَیْرَہٗ (اﷲ تعالیٰ اُس شخص کو رونق و تازگی عطا فرمائے جس نے ہم سے کوئی حدیث سنی، پھر اسے یاد رکھا یہاں تک کہ اسے دوسروں تک پہنچایا)۔ (سنن الترمذی)شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مد ظلہ العالی کا شمار عصر حاضر کے اُن جلیل القدر محدّثین میں ہوتا ہے جنہوں نے دورِ جدید کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام و خواص دونوں کی علمی و فکری رہنمائی اور عقیدہ و عمل کی پختگی کے لیے اَسلاف کی روایات کے مطابق جہاں المنہاج السوی، ہدایۃ الامۃ اور جامع السنۃ جیسے نہایت مستند اور ضخیم مجموعہ ہاے اَحادیث مرتب فرمائے، وہیں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مذکورہ بالا فرمان مبارک سے تبلیغ و اِشاعتِ حدیث کی فضیلت اور اس سے حاصل ہونے والے دُنیوی و اُخروی فیوض و برکات سمیٹنے اور دعائِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مصداق بننے کے لیے بصورتِ اَربعین مختصر مجموعہ ہاے اَحادیث مرتب کرنے کی علمی روایت کو بھی آگے بڑھایا تاکہ وسائل و ذرائع کی کمی اور قلتِ وقت کے شکار لوگ فرموداتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے مستنیر ہوسکیں۔

اﷲ عزوجل جو قادر و قیوم اور تمام برکتوں کا مالک ہے اس نے اپنے حبیبِ مکرّم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اَقدس کو نہ صرف بابرکت بنایا بلکہ جو چیزیں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اَقدس سے منسوب ہوگئیں وہ بھی بابرکت قرار پائیں۔ یہی وجہ ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آثارِ مبارکہ کو بطورِ تبرک محفوظ رکھنا اور ان سے برکت حاصل کرنا صحابہ کرام ث اور تابعینِ عظام کا معمول رہا ہے۔ دورِ صحابہ و تابعین کے بعد نسل در نسل ہر زمانے میں اَکابر اَئمہ و مشائخ کے علاوہ خلفاء و سلاطین بھی حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آثار و تبرکات کی حفاظت کا بڑے ادب و احترام کے ساتھ خصوصی اہتمام کرتے رہے ہیں۔ ''تبرک'' کی اسی حیثیت کو مزید اُجاگر کرنے کے لیے زیرِ نظر ''اَربعین'' میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اَقدس سے حصولِ تبرک پر مستند ذخیرہ حدیث سے چالیس اَحادیث جمع کی گئی ہیں۔

اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں کماحقہ فرموداتِ نبوی سے اِستفادہ کرنے اور بساط بھر اِن تعلیمات کو عام کرنے کی توفیق مرحمت فرمائے۔ (آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم )

(حافظ ظہیر اَحمد الاِسنادی)
رِیسرچ اسکالر، فریدِ ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved