البدعۃ عند الائمۃ و المحدثین

پیش لفظ

زیرِ نظر کتاب عصرِ حاضر کے عظیم مفکر، شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری قدس سرہ العزیز کے صرف ایک لیکچر ’’البدعۃ عند الائمہ و المحدثین‘‘ کی محققہ و مرتبہ صورت ہے جو انہوں نے دی منہاج یونیورسٹی (TMU) کے اساتذہ اور طلباء کے سامنے ارشاد فرمایا۔ علاوہ ازیں حضرت شیخ الاسلام دامت برکاتھم العالیہ نے اس موضوع کی اہمیت کے پیشِ نظر تصورِ بدعت کی مختلف جہتوں پر سلسلہ وار علمی و فکری اور تحقیقی لیکچرز بھی ارشاد فرمائے جو آپ کے تبحرِ علمی، بلند فکری اور اجتہادی بصیرت کا بیّن ثبوت ہیں۔ یہ تمام لیکچرز ترتیب و تسوید اور تحقیق و تدوین کے مراحل میں ہیں جو عنقریب ’’کتاب البدعۃ‘‘ کے نام سے ایک ضخیم کتاب کی شکل میں اربابِ ذوق کے ہاتھ میں ہونگے۔

تصور بدعت پر وارد ہونے والے تمام اعتراضات کا جواب شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی نے کتاب و سنت، آثارِ صحابہ اور اقوال ائمہ و محدثین کی روشنی میں ایسے محققانہ اور مجتہدانہ انداز میں دیا ہے کہ طویل مدت سے تصورِ بدعت پر پڑی ہوئی ابہام و تشکیک کی گرد ہمیشہ کے لئے چھٹتی ہوئی نظر آتی ہے۔

آپ نے ثابت کیا ہے کہ ہر بدعت یا نیا کام محض ’’نیا‘‘ ہونے کی وجہ سے ناجائز اور حرام نہیں ہوتا بلکہ بے شمار نئے کام مبنی بر خیر اور تابع سنت ہونے کی وجہ سے جائز اور مباح ہوتے ہیں۔ لہٰذا یہ اعتراض کہ بدعت کی حسنہ اور سیّئہ میں تقسیم درست نہیں محض جہالت، کم فہمی اور تعلیمات اسلامی کو نہ سمجھنے کی وجہ سے ہے۔

دعا ہے کہ اﷲ رب العزت ہمیں دین کا حقیقی فہم عطا فرمائے اور اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل اُمت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی دولت سے نوازے۔ آمین بجاء سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

محمد افضل قادری
(سینئر ریسرچ سکالر)
فرید ملت اِسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ
16 اپریل 2005

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved