ڈاکٹر طاہرالقادری کا پاکستان کیسا ہو گا؟

پیش لفظ

پیش لفظ

ہر محبِ وطن، اِنقلابی اور عوام کا درد رکھنے والی سیاسی جماعت کی ذِمّہ داری ہے کہ وہ عوام کو ارباب اقتدار کی تمام سرگرمیوں سے آگاہ رکھے، نیز مفاد پرست اور ملک دشمن عناصر سے نجات حاصل کرنے کے لیے انہیں منظم کرے۔ پاکستان عوامی تحریک (PAT) کوئی روایتی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک ایسی عوام دوست اِنقلابی جماعت ہے جس نے نہ صرف جمہور کا شعور بیدار کیا اور ان میں سیاسی فہم پیدا کیا بلکہ کرپٹ نظام اور بددیانت حکمرانوں کو بھی چیلنج کیا ہے۔ PAT کی پکار پر بارہا لاکھوں مجبور و مقہور عوام کا سیلاب سڑکوں پر اُمڈ آیا جنہوں نے اپنے آئینی و قانونی حقوق کی جنگ لڑنے کا عہد کیا۔ بیدرائ شعور کی یہ تحریک بذاتِ خود اِس کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

11 مئی 2014ء کو نام نہاد اِنتخابات اور غیر جمہوری حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر فرسودہ اور غریب کُش نظام کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے زیر اِہتمام بیک وقت مملکتِ خداداد کے 60 شہروں میں اِحتجاجی مظاہرے منعقد کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر لاکھوں عوامِ پاکستان نے شرکت کی۔ یہ اپنی نوعیت کے منفرد اِحتجاجی مظاہرے تھے جن میں عوام نے اپنے قائد کی عدم موجودگی کے باوجود اِنتہائی جوش و خروش، جذبے اور ولولے سے شرکت کی۔ قائد اِنقلاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے براہِ راست ویڈیو لنک کے ذریعے ان احتجاجی مظاہروں کے شرکاء اور عوامِ پاکستان سے خطاب کیا، جسے کئی ٹی وی چینلز نے براہِ راست نشر کیا۔ اُنہوں نے اپنے خطاب میں نئے نظام کا حکومتی و اِنتظامی ڈھانچہ اور سستے و فوری عدل و اِنصاف کی فراہمی کی پالیسی قوم کے سامنے پیش کی۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ ملک کے پسے ہوئے طبقات اور غریب عوام کی خوش حالی کے لیے اپنا 10 نکاتی اِنقلابی پروگرام قوم کے سامنے رکھا اور اُنہیں دعوت دی کہ وہ مثبت و پُراَمن تبدیلی اور سبز اِنقلاب کے لیے گھروں سے باہر نکل آئیں۔ اَربابِ فکر و دانش اور سیاسی تجزیہ نگاروں نے آپ کے خطاب کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس اِنقلابی پروگرام کو ملکی مسائل کا بہترین اور واحد حل اور غربت و بداَمنی کی چکی میں پسنے والی قوم کے لیے قابلِ عمل قرار دیا ہے۔ قائدِ اِنقلاب کا یہ فکر انگیز خطاب ملکی تاریخ میں ایک اَہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جسے ضروری ترامیم کے ساتھ زیورِ طبع سے آراستہ کرکے قوم کے سامنے پیش کیا جارہا ہے تاکہ یہ حیات آفریں پیغام ہر خاص و عام تک پہنچے اور ان کے اِنقلابی جذبوں کو مہمیز لگا کر وطنِ عزیز میں حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہِ تعبیر کرنے کے لیے انہیں تیار کرسکے۔

آسماں ہوگا سحر کے نور سے آئینہ پوش
اور ظلمت رات کی سیماب پا ہو جائے گی

شبنم اَفشانی مری پیدا کرے گی سوز و ساز
اِس چمن کی ہر کلی درد آشنا ہو جائے گی

(محمد فاروق رانا)
ڈپٹی ڈائریکٹر (رِیسرچ)
یکم جون 2014ء

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved