بندۂ مؤمن کی زندگی کا مقصدِ حقیقی … اپنے خالق و مالک اللہ جل جلالہ کی رضا اور خوشنودی ہے۔ وہ اپنی حیات مستعار میں ایسے اعمال بجا لانے کا پابند ہے جن سے اس کا رب اور اس کا محبوبﷺخوش ہوجائیں۔ خوش نصیب ہے وہ انسان جس نے اپنی زندگی کے قیمتی لمحات اپنے رب کے پسندیدہ امور بجالانے میں صرف کئے۔
اسلام میں ایک مسلمان کو فرائض کی بجا آوری کے لئے اللہ رب العزت کی توفیق کے ساتھ ساتھ بعض دیگر ایسے مستحسن طریقے اور ذرائع بھی میسر ہیں جن سے بلندی درجات اور خداوند کریم کا قرب نصیب ہوتا ہے، ان طریقوں میں سے ایک پسندیدہ اور آسان طریقہ توسُّل ہے۔ یہ بڑی سادہ اور بنیادی سی حقیقت ہے کہ توسُّل قربِ خداوندی کے حصول کے لئے دعا کی ایک شکل ہے اور پسندیدہ و جائز طریقوں میں سے ایک طریقہ ہے۔ اللہ رب العزت کی بارگاہ میں جس عمل یا شخصیت کو بطور وسیلہ پیش کیا جاتا ہے، اس سے مقصود یہ امید ہوتی ہے کہ ہم چونکہ اللہ کے عاجز، گنہگار اور خطاکار بندے ہیں جبکہ متوَسَّل بہِ اللہ کا محبوب و مقرب ہے، اس کے وسیلہ جلیلہ سے اللہ رب العزت ہمیں ہماری پریشانیوں اور آفات و بلیات سے نجات عطا فرمائے گا۔ اس عمل کے دوران متوَسَّل بہِ کو اللہ جل جلالہ کا شریک سمجھا جاتا ہے، نہ اللہ کا ہمسر، اس لئے کہ حقیقی کار ساز اور مشکل کشا تو اللہ رب العزت ہی ہے۔
بدقسمتی سے مسلمانوں کے باہمی اختلافات اور فکری انتشار کے باعث ایسے غیر متنازع اور خیر خواہی پر مبنی اعمال کی بجا آوری کو بھی مسلکی تعصب اور عناد کی بھینٹ چڑھا کر متنازعہ مسئلہ بنا دیا گیا حتی کہ بعض افراط و تفریط کا شکار لوگ آج اسے شرک و بدعت سمجھنے لگے ہیں۔ درحقیقت یہ معاملہ بھی ان دیگر معاملات کی طرح ہے جن میں محض جذبات یا تنگ نظری کی بنا پر غلط فہمی اور کج فکری پیدا ہوجاتی ہے اور پھر وہ کسی گروہ کی مجموعی علامت قرار دیکر من حیث الکل مبغوض ہوجاتا ہے۔
مفکرِ اسلام داعیِ اتحادِ امت پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دیگر ہزاروں موضوعات کی طرح اس ایمانی و اعتقادی موضوع کو بھی اپنے خطاب و دروس کا عنوان بنایا اور مختلف اوقات میں توسُّل پر گرانقدر علمی و فکری لیکچر دیئے۔ زیرِ نظر کتاب آپ کے ایسے ہی خطبات و دروس کا مرتّبہ مجموعہ ہے۔ اس میں موضوع سے متعلق ممکنہ اشکالات اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے روایتی تعصب اور عناد سے ہٹ کر ’’توسُّل‘‘کے صحیح مفہوم کو قرآن و حدیث کی روشنی میں ٹھوس دلائل کے ساتھ واضح کیا گیا ہے۔ امید ہے اس مخلصانہ علمی کاوش سے بہت سی غلط فہمیاں خود بخود رفع ہوجائیں گی۔ اللہ جل جلالہ ہمیں دین اسلام کی صحیح سمجھ اور حکمت عطا فرمائے۔
(آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ)
محمد تاج الدین کالامی
(ریسرچ سکالر)
ڈاکٹر فرید الدینؒ اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ
Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved