Takhliq-e-Kainat:

فصل پنجم :چاند

چاند کا مرکز زمین کے مرکز سے اپنا فاصلہ تقریباً 3,84,400کلومیٹر (2,38,700میل) برقرار رکھتا ہے۔ اُس کا زمین سے کم از کم فاصلہ 3,63,300 کلومیٹر اور زیادہ سے زیادہ 4,05,500 کلو میٹر ہے۔ چاند زمین کا سب سے بڑا ماتحتی سیارہ ہے، جس کی کمیّت زمین کی نسبت 1/81 ہے۔ اُس کا قطر 3,475کلومیٹر (2,159میل) ہے، یہ (نظامِ شمسی کے آخری سیارے) پلوٹو سے بڑا ہے اور زمین کی نسبت 0.27گنا ہے۔ چاند زمین کے گِرداپنی ایک گردِش 27.3 دِنوںمیں پوری کرتا ہے۔ یہ (دورانِ گردِش) ہمیشہ اپنا ایک ہی رُخ زمین کی طرف رکھتا ہے۔٭

سطحِ قمر کے خدّوخال جن میں گڑھے بھی شامل ہیں شہابِ ثاقب کی بمباری سے وُجود میں آئے ہیں۔ اُن کے علاوہ پہاڑ اور بڑے بڑے میدان بھی ہیں

جنہیں ماضی میں غلطی سے چاند کے سمندروں (Maria) کا نام دے دیا گیا تھا۔چاند کی سطح کا درجۂ حرارت۔ 163oسینٹی گریڈ (261o فارن ہائیٹ) سے 117o+ سینٹی گریڈ (243o+ فارن ہائیٹ) تک رہتا ہے۔٭

اکتوبر 1959ء میں رُوسی خلائی تحقیقاتی جہاز Luna 3 نے چاند کی زمین سے مخالف سمت کی سب سے پہلی تصویریں بھیجیں تو معلوم ہوا کہ (اُس کی) دُوسری طرف بھی سامنے جیسی ہی ہے ، سوائے یہ کہ اُدھر (خیالی) سمندر (Maria) موجود نہیں ہیں۔ جب اِنسان 1969ء میں پہلی بار چاند کی سطح پر اُترا تو اُس نے وہاں 3ارب 7کروڑ سال پرانی چٹانوں کا مُشاہدہ کیا۔ یہ اُتنی ہی قدیم تھیں جتنی زمین پر پائی جانے والی قدیم چٹانیں ہیں۔٭

اَشکالِ قمر

چاند کی زمین سے نظر آنے والی شکلوں کے بارے میں مُسلّمہ طور پر یہ طے پا چکا ہے کہ وہ سورج کی طرف اُس کے اِضافی رُخ کی وجہ سے بنتی ہیں۔ چاند جب زمین اور سورج کے درمیان آ جاتا ہے تو نظر نہیں آ سکتا، اسے حالتِ قِران (Conjunction) کہا جاتا ہے٭ اور جب وہ زمین کی دُوسری طرف جا نکلتا ہے تو پورا چاند قابلِ دید (روشن) ہو جاتا ہے۔ پہلے چوتھائی عرصے میں اُس کی دائیں طرف جب کہ آخری چوتھائی عرصے میں بائیں طرف روشن ہوتی ہے۔

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved