اِنسان کا مقصدِ تخلیق عبادتِ اِلٰہی ہے اور عبادت کا مقصدِ وحید تقوی و للّٰہیت کا حصول ہے۔ عبادت اگر بطور عادت کی جائے تو اِس سے محض ثواب ملتا ہے، تقویٰ اور روحانیت کا نور حاصل نہیں ہوتا۔ اور اگر یہی عبادت صدق و اِخلاص اور اَنْ تَعْبُدَ اللهَ کَاَنَّـکَ تَرَاهُ کے شعور سے کی جائے تو اِنسان قرب و معیت کے اُس مقام پر فائز ہوتا ہے جہاں سے إِرْجِعِیْ إِلٰی رَبِّکَ رَاضِيَةً مَّرْضِيَّة کی ایمان اَفروز صدائیں آنے لگتی ہیں۔ روزہ ہی ایک ایسی منفرد عبادت ہے جس کے بارے میں الله تعالیٰ نے فرمایا کہ ’’روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اِس کی جزا دوں گا‘‘۔ اِسی طرح روزہ ایک مسلمان کو دوسروں کی بھوک، غربت اور اَفلاس کا اِحساس کرنے کی تڑپ پیدا کرتا ہے۔ یہ انسان میں تنگ دست اور بھوک کی ماری مخلوقِ خدا کی مدد کرنے کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔ نیز روزہ انسان کو باطنی طہارت کا سامان بھی فراہم کرتا ہے۔ اِس کا بنیادی مقصد ہی تقویٰ پیدا کرنا ہے، تاکہ بندہ مومن ہر طرح کی آلائشوں اور غلاظتوں سے پاک ہوکر معاشرے کا ایک اچھا اور دوسروں کا خیال رکھنے والا فرد بنے۔ اِس سے ایک پاکیزہ معاشرے کی راہ بھی ہموار ہوتی ہے۔
روزے کا تصور کم و بیش دنیا کے ہر مذہب میں مختلف شکلوں میں موجود رہا ہے، مگر اِسلام نے اپنی دیگر تمام تعلیمات کی طرح اِس میں بھی اعتدال اور توازن برقرار رکھا ہے۔ اِس فریضے کی اصل روح لوگوں تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ اِسے عام فہم انداز میں لوگوں کے سامنے بیان کیا جائے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیر سرپرستی تجدید و اِحیاے دین کی عظیم تحریک ’’تحریکِ منہاج القرآن‘‘ ہر سطح پر اُمت کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ تعلیماتِ اِسلام سیریز کا یہ چھٹا سلسلہ بھی اِسی کڑی کا ایک حصہ ہے، جس میں روزہ سے متعلقہ ایک سو تریسٹھ سوالات مع جوابات انتہائی آسان پیرائے میں بیان کیے گئے ہیں۔
فریدِ ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ کے شعبہ خواتین کی رِیسرچ اسکالرز - مسز فریدہ سجاد اور محترمہ مصباح کبیر - نے نہایت جاں فشانی سے یہ کتاب مرتب کی ہے، جس کی نظر ثانی کا فریضہ سینئر رِیسرچ اسکالر محترم محمد افضل قادری اور محترم حافظ فرحان ثنائی نے سرانجام دیا ہے۔ بعد ازاں اسے صدر دار الافتاء مفتی عبد القیوم خان ہزاروی نے ملاحظہ فرمایا۔
اِس کتاب میں رمضان المبارک، روزہ، اِعتکاف، شب قدر اور عید الفطر کے علمی و فقہی مسائل کو بیان کرنے کے علاوہ موجودہ دور کے جدید مسائل کو بھی منفرد انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ یہ کتاب نہ صرف ہر طبقے اور عمر کے لوگوں کے لیے یکساں مفید ہے، بلکہ تعلیمی اداروں کی لائبریریوں اور درسی نشستوں میں پڑھائے جانے کے لیے بھی انتہائی نفع بخش ہے۔
بارگاہِ ایزدی میں دست بدعا ہوں وہ ہمیں ایمان و عمل کی بہترین صلاحیتیں عطا فرمائے اور اِس مجموعے کی تیاری میں حصہ لینے والے تمام اَفراد کی خدمات کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت سے نوازے۔ (آمین بجاہِ سید المرسلین صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم)
محمد فاروق رانا
ڈپٹی ڈائریکٹر (ریسرچ)
فرید ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ
Copyrights © 2025 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved