نماز اسلامی معاشرے کی شناخت اور اہلِ اسلام کا اہم ترین عملی اِمتیاز ہے۔ نماز کی فرضیت و اہمیت سے ہر مسلمان مرد، عورت، بچہ، بوڑھا، پڑھا لکھا اور اَن پڑھ آگاہ ہے۔ لیکن … آج دورِ فتن کے بیشتر مسلمان خواتین و حضرات نے اپنی زندگی کو جب مشین بنا لیا اور تیز رفتا ’’ترقی‘‘ کی دوڑ میں شامل ہو کر حقوق اللہ سے صرفِ نظر کی روش کو فیشن کے طور پر اپنا لیا تو وہ عقیدہ و عمل میں کمزور ہوگئے۔ نتیجتاً اِس طبقہ کی اکثریت مادیت کی دلدل میں پھنس چکی ہے اور روحانی افلاس کے ہاتھوں مجبور ہو کر نفسیاتی بیماریوں میں مبتلا ہے۔ یہ طبقہ بظاہر خوش حال اور ہشاش بشاش نظر آتا ہے اور زندگی کی چکا چوند میں بھر پور شریک ہے لیکن فی الحقیقت روحانی کھوکھلے پن کا شکار یہی ’’طبقہ شرفائ‘‘ قابلِ رحم ہے۔ اس کے دل و دماغ پر حکمت اور ہمدردی کے ساتھ دستک دینے کی ضرورت ہے۔ تھوڑی سی محنت اور اخلاص سے یہ لوگ اسلام کے روحانی فیوضات سے ہم کنار ہوسکتے ہیں اور نماز اس روحانی فیض اور قلبی سکون کا اہم ترین ذریعہ ہے۔
اس مرکزی اسلامی فریضے کی ادائیگی کو مؤثر بنانے اور زندگی پر اس کے اثرات مرتب کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کی جزئیات کو آسان اور عام فہم پیرائے میں بیان کیا جائے۔ چنانچہ سوا دو سو سوالات اور ان کے جوابات پر مشتمل یہ مختصر مگر جامع کتاب اسی کاوش کی ایک کڑی ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیر سرپرستی عصر حاضر میں اِحیاے اسلام کی نقیب تحریکِ منہاج القرآن بیش بہا سمعی، بصری ذرائعِ علم کے ساتھ ساتھ عقیدہ و عمل میں اِصلاح و پختگی کے لیے دعوتی اور تربیتی لٹریچر فراہم کر رہی ہے۔ چنانچہ تعلیماتِ اسلام پر مشتمل آپ کی کتب و کیسٹس اور خطبات و دروس سے ماخوذ سوال و جواب کا یہ سلسلۂ اِشاعت بھی اسی مہم کا حصہ ہے۔ اب تک اس سلسلہ اشاعت کی چار کتب اسی نہج پر شائع ہو چکی ہیں۔
FMRi کے شعبہ خواتین کی رِیسرچ اسکالر محترمہ فریدہ سجاد اور محترمہ مصباح کبیر نے بڑی محنت اور عرق ریزی سے اس مجموعہ کا مسودہ تیار کیا۔ بعد ازاں شعبہ کے فاضل ممبران خصوصاً محترم محمد اِلیاس اَعظمی اور حافظ فرحان ثنائی نے اِس کی نظرثانی کی، جس کی توثیق صدر دار الافتاء مفتی عبد القیوم خان نے مسودے کو بالاستیعاب دیکھنے کے بعد فرمائی، اور اب یہ مجموعہ مطبوعہ شکل میں قارئین کے ہاتھوں میں ہے۔
اِس کتاب میں طہارت اور نماز کے روایتی مسائل کو زیر بحث لانے کے ساتھ ساتھ عصر حاضر کے جدید مسائل کا جواب بھی بڑے اَحسن انداز میں دیا گیا ہے۔ یہ کتاب ہر طبقہ اور عمر کے لوگوں کے لیے یکساں مفید ہے۔
اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ ہمیں ایمان و عمل کی بہترین صلاحیتوں سے نوازے اور اس کتاب کی تیاری میں حصہ لینے والی بہنوں اور فاضل دوستوں کی خدمت کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت سے نوازے۔ (آمین بجاہِ سید المرسلین ﷺ)
ڈاکٹر علی اکبر الازہری
ڈائریکٹر ریسرچ
فرید ملّتؒ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ
Copyrights © 2025 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved