اِسلام دین علم ہے۔ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر نازل ہونے والی پہلی وحی میں صرف پڑھنے کا ذکر تھا۔ یہی وجہ تھی کہ ظلماتِ جہالت میں ڈوبی ہوئی قومِ عرب اس آفاقی پیغام پر عمل کرتے ہوئے صرف تحصیلِ علم کے ذریعے چند عشروں میں دنیا کی سب سے زیادہ متمدن اور تہذیب یافتہ قوم بن گئی، اور اَغیار پر حکمرانی کرنے لگی۔ جب تک وہ اِس پیغام پر عمل در آمد کرتے رہے وہ دنیا پر حکمران رہے۔ اور جب انہوں نے علم کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا، ذلت و رسوائی ان کا مقدر بن گئی۔ آج ہم دنیا سے صرف اس لیے پیچھے ہیں کہ ہم علم میں کم زور ہیں۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ربع صدی قبل اپنے ہمہ جہتی مشن کا آغاز کرتے ہوئے جب تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی تو علم و فکر کے میدان میں بھی خصوصی کاوشیں کیں۔ انہوں نے زوال کی شکار اُمت مسلمہ کا کھویا ہوا وقار بحال کرنے اور انہیں منازلِ عروج پر پہنچانے کے لیے رہنمائی فراہم کرنے کا بیڑا اٹھایا، اور قرآن و سنت کا اِنقلابی پیغام قلم و قرطاس کے ذریعے عام کرنے کے لیے آج سے تیس سال قبل اپنی تصنیف "نظامِ مصطفی (ایک انقلاب آفریں پیغام)" منظر عام پر لائے۔ آپ نے علمی و فکری اور عصری موضوعات پر وقیع خدمات سرانجام دی ہیں۔ تاحال علوم القرآن، علوم الحدیث، سیرت و فضائل نبوی، عصریات، فقہیات، عقائد اور دیگر قدیم و جدید موضوعات پر آپ کی 425 سے زائد تصانیف شائع ہوچکی ہیں۔
تحریک منہاج القرآن علمی و فکری میدان کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے میں بھی رہنما کی حیثیت رکھتی، اور آج سے کم و بیش 18 سال قبل جب پاکستان میں انٹرنیٹ کا آغاز ہوا تو یہ پاکستان کی سب سے پہلی اسلامی تحریک تھی جس نے اپنی ویب سائٹ قائم کی اور اپنی سرگرمیاں شائع کرنے کے علاوہ اسلام مخالف پراپیگنڈے کا جواب دینے کی بنیاد رکھی۔ مگر حاسدین کو یہ روش پسند نہ آئی اور انہوں نے تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کے خلاف اپنے مذموم مقاصد کا اظہار کرنے کے لیے بے بنیاد پراپیگنڈا کیا اور حضرت شیخ الاسلام کی علمی حیثیت کو چیلنج کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر مختلف ویب سائٹس اور ڈسکشن فورمز پر کیچڑ اچھالا۔
اس ویب سائٹ کے ذریعے اہل علم اور عامۃ الناس تک حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے افکار و نظریات اور تعلیمات ہزاروں صفحات پر مشتمل اس ڈیجیٹل لائبریری کی صورت میں پیش خدمت ہیں۔ یہاں آپ مختلف موضوعات پر سیر حاصل مواد تلاش کر سکتے ہیں، اور اسلام و بانئ اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر کیے جانے والے اعتراضات کا مدلل جواب دینے کے لیے بہ آسانی مواد نقل کر سکتے ہیں۔
یہ ویب سائٹ یونیکوڈ میں ہزاروں صفحات پر مشتمل اسلامی ادب کا نایاب ذخیرہ فراہم کرتی ہے کیوں کہ انٹرنیٹ کی دنیا میں مطلوبہ مواد کی تلاش صرف اسی صورت میں ممکن ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ تصویری روپ میں بھی مواد فراہم کرتی ہے تاکہ استعمال کنندگان اپنی حسب منشاء و ذوق کسی بھی شکل میں کتب پڑھ سکیں۔
اس ویب سائٹ کی ابتدائی اشاعت کے وقت 128 کتب شامل کی گئی تھیں، بعد ازاں مزید اضافہ ہوتا چلا گیا۔ آپ کی دعائیں شاملِ حال رہیں تو وقت کے ساتھ ساتھ ان میں مزید اضافہ بھی ہوتا رہے گا۔
آخر میں یہ گزارِش ہے کہ خدمت دین کے اِس پراجیکٹ کی بروقت اور بہ سرعت تکمیل کے لیے ہمیں اپنی آراء و تجاویز سے نوازتے رہیے گا اور مطبوعہ مواد میں کسی قسم کی غلطی کی صورت میں ضرور مطلع فرمائیے گا تاکہ اصلاح کی جاسکے۔
Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved