فتنہء خوارج

خوارج کے بارے میں معاصر سلفی علماء کے فتاویٰ

اِسلامی ریاست کے خلاف دہشت گردوں کی طرف سے کی جانے والی خون ریزی کو ہر مکتبِ فکر کے علماء نے ہمیشہ رد کیا ہے اور اسے خلافِ شریعت قرار دیاہے۔ دورِ جدید کے معروف سلفی علماء نے بھی اپنے اپنے فتاویٰ میں مسلم ریاست کے خلاف بغاوت، فتنہ انگیزی اور خوں ریزی کو صحیح احا دیث مبارکہ کی مخالفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر لکھا ہے کہ مسلمانوں کو کافر قرار دینا اور انہیں قتل کرنا یا ظلم و زیادتی کا نشانہ بنانا خوارج کا ہی وطیرہ ہے، اور ایسا کرنے والوں کے لئے وہی حکم ہوگا جو خوارج کے لئے تھا۔

1۔ دہشت گرد دورِ حاضر کے خوارج ہیں - علامہ ناصر الدین البانی کا فتویٰ

عرب دنیا کے نامور سلفی عالم محمد ناصر الدین البانی دہشت گردوں کے بارے میں اپنا موقف یوں بیان کرتے ہیں:

والمقصود أنهم سنّوا في الإسلام سنۃً سیئۃ، وجعلوا الخروج علی حکام المسلمین دینًا علی مرّ الزمان والأیام، رغم تحذیر النبي ﷺ منهم في أحادیث کثیرۃ، منها قوله ﷺ: الخوارج کلاب النار۔ ورغم أنهم لم یروا کفرًا بَوّاحًا منهم، وإنما ما دون ذالک من ظلم وفجور وفسق.

والیوم والتاریخ یعید نفسه کما یقولون، فقد نبتت نابتۃ من الشباب المسلم لم یتفقّهوا في الدین إلا قلیلا۔ ورأوا أن الحکام لا یحکمون بما أنزل الله إلا قلیلا، فرأوا الخروج علیهم دون أن یستشیروا أهل العلم والفقه والحکمۃ منهم بل رکبوا رؤوسهم أثاروا فتنًا عمیاء وسفکوا الدماء في مصر، وسوریا، والجزائر وقبل ذالک فتنۃ الحرم المکي فخالفوا بذلک هذا الحدیث الصحیح الذي جری علیه عمل المسلمین سلفًا وخلفًا إلا الخوارج.

البانی، سلسلۃ الأحادیث الصحیحۃ، المجلد السابع، القسم الثاني: 1240-1243

’’مقصود یہ ہے کہ انہوں نے اسلام میں برے اعمال شروع کیے اور مرورِ زمانہ کے ساتھ ساتھ مسلمان حکمرانوں کے خلاف بغاوت کرنا اپنا دین بنا لیا، باوجود اس کے کہ حضورنبی اکرم ﷺ نے بہت ساری احادیث میں ان دہشت گرد (خوارج) سے متعلق مسلمانوں کو خبردار کیا ہے۔ ان میں سے آپ ﷺ کی یہ حدیثِ مبارکہ بھی ہے کہ خوارج دوزخ کے کتے ہیں۔ اور باوجود اس کے کہ مسلمانوں نے ان سے واضح کفر ظاہر ہوتے ہوئے نہیں دیکھا مگر ان کا ظلم، فجور اور فسق ظاہر و عیاں ہے۔

’’اور جیساکہ کہا جاتا ہے تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔ پس ان خوارج سے مسلمان نوجوانوں کی ایک نسل پروان چڑھی ہے جو دین کا بہت کم فہم رکھتے ہیں۔ ان کے خیال میں حکمران اللہ تعالیٰ کے نازل کردہ احکام کے مطابق حکومت نہیں کرتے مگر ان میں سے کچھ (احکام نافذ کرتے ہیں)۔ پس وہ اہلِ علم، فقہاء اور اصحابِ حکمت کے مشورہ کے بغیر مسلم ریاست کے خلاف مسلح بغاوت کرتے ہیں بلکہ وہ ان کے سروں پر سوار ہو گئے اور اندھا دھند فتنہ بپا کیا۔ انہوں نے مصر، شام اور الجزائر میں خون ریزی کی ہے اور اس سے پہلے حرم مکہ میں بھی فتنہ انگیزی کی۔ پس انہوں نے اس صحیح حدیث کی مخالفت کی جس پر سوائے خوارج کے متقدمین اور متاخرین مسلمانوں کا عمل رہا۔‘‘

2۔ مسلمانوں کو کافر قرار دینا خوارج کی علامت ہے - شیخ عبد العزیز بن عبد الله بن باز کا فتویٰ

سعودی عرب کے سابق مفتی اعظم شیخ عبد العزیز بن عبد الله بن باز ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے لکھتے ہیں جو کہ ان کی آفیشل ویب سائٹ www.binbaz.org.sa/mat/1934 پر موجود ہے:

’’جب ان سے سوال کیا گیا کہ یہ کلام اصل میں اہل السنت و الجماعت کے اصولوں میں سے ہے لیکن یہاں پر بڑے افسوس کے ساتھ اہل السنت والجماعت میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اِس فکر کو پست خیال کرتے ہیں، اور یہ سمجھتے ہیں کہ اس میں ذلت اور خواری ہے۔ یہ بات اس لئے کہی گئی تاکہ وہ نوجوانوں کو دعوت دیں کہ وہ نظام میں تبدیلی کی خاطر تشدد پیدا کریں۔‘‘

اس بات کو رد کرتے ہوئے شیخ عبد العزیز بن باز لکھتے ہیں:

هذا غلط من قائله، وقلۃ فهم؛ لأنهم ما فهموا السنۃ ولا عرفوها کما ینبغي، وإنما تحملهم الحماسۃ والغیرۃ لإزالۃ المنکر علی أن یقعوا فیما یخالف الشرع کما وقعت الخوارج، حملهم حب نصر الحق أو الغیرۃ للحق، حملهم ذالک علی أن وقعوا في الباطل حتی کفروا المسلمین بالمعاصي کما فعلت الخوارج، فالخوارج کفروا بالمعاصي، وخلدوا العصاۃ في النار.

حوالہ: www.binbaz.org.sa/mat/1934

’’سوال پوچھنے والے کی یہ غلطی اور کم فہمی ہے کیونکہ انہوں نے سنت کو اُس طرح نہ سمجھا اور پہچانا جس طرح اس کی معرفت ضروری تھی۔ مگر ان کے جذبات اور غیرت نے انہیں برائی کے خاتمہ کے لیے غیر شرعی کام کرنے پر آمادہ کیا ہے جیسے کہ خوارج نے کیا تھا۔ حق کے لئے مدد کی محبت اور حق کے لئے غیرت نے انہیں اس پر ابھارا لیکن غیرت اور بغاوت میں عدم تفریق کی غلطی نے انہیں گمراہی اور پستی میں گرا دیا۔ یہاں تک کہ انہوں نے مسلمانوں کو گناہوں کے ارتکاب کی وجہ سے کافر کہا جیسا کہ خوارج نے کہا تھا۔ پس خوارج بھی گناہوں کی بنا پر تکفیر کرتے تھے اور گناہ گار کو دائمی جہنمی قرار دیتے تھے۔‘‘

شیخ عبد العزیز بن باز دین میں شدت اور انتہا پسندی کے برعکس اہلِ سنت کا مؤقف یوں بیان کرتے ہیں:

والذي علیہ أهل السنۃ - وهو الحق - أن العاصي لا یکفر بمعصیته ما لم یستحلها فإذا زنا لا یکفر، وإذا سرق لا یکفر، وإذ شرب الخمر لا یکفر، ولکن یکون عاصیا ضعیف الإیمان فاسقا تقام علیه الحدود، ولا یکفر بذالک إلا إذا استحل المعصیۃ وقال: إنها حلال۔ وما قاله الخوارج في هذا باطل، وتکفیرهم للناس باطل؛ ولهذا قال فیهم النبي ﷺ: إنهم یمرقون من الدین مروق السهم من الرمیۃ، ثم لا یعودون إلیه یقاتلون أهل الإسلام ویدعون أهل الأوثان.

حوالہ: www.binbaz.org.sa/mat/1934

’’اور جو (مؤقف) اہلِ سنت کا ہے وہی حق ہے۔ وہ یہ ہے کہ گناہ گار اپنے گناہوں کی وجہ سے کافر نہیں ہوتا جب تک کہ وہ ان گناہوں اور نافرمانی کے کاموں کو حلال نہ جانے۔ پس جب اس نے زنا کیا تو کافر نہیں ہوا اور جب چوری کی تو کفر کا مرتکب نہیں ہوا اور جب شراب پی تو کفر نہیں کیا بلکہ یہ گناہ گار، کمزور ایمان والا اور فاسق کہلائے گا، اس پر حدود جاری ہوں گی لیکن ان برے اعمال کی وجہ سے اسے کافر قرار نہیں دیا جائے گا جب تک کہ وہ اس گناہ کو حلال نہ جانے اور حلال نہ کہے۔ اس کے بارے میں جو خوارج نے کہا وہ باطل ہے اور ان کا لوگوں کو کافر قرار دینا بھی باطل ہے۔ اسی وجہ سے حضور نبی اکرم ﷺ نے ان کے بارے میں فرمایا: ’’یہ دین سے اس طرح نکل جاتے ہیں جیسے تیر شکار سے نکل جاتا ہے۔ پھر وہ دین کی طرف نہیں پلٹتے۔ وہ مسلمانوں کے ساتھ جنگ کریں گے اور بت پرستوں (صریحاً کفار) کو چھوڑ دیں گے۔‘‘

آخر میں شیخ عبد العزیز بن باز نوجوانوں اور دیگر تمام لوگوں کو خوارج کی تقلید سے منع کرتے ہوئے مذہبِ اہل سنت و جماعت پرچلنے کی نصیحت کرتے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں:

هذه حال الخوارج بسبب غلوهم وجهلهم وضلالهم، فلا یلیق بالشباب ولا غیر الشباب أن یقلدوا الخوارج، بل یجب أن یسیروا علی مذهب أهل السنۃ والجماعۃ علی مقتضی الأدلۃ الشرعیۃ، فیقفوا مع النصوص کما جائت، ولیس لهم الخروج علی السلطان من أجل معصیۃ أو معاص وقعت منه، بل علیهم المناصحۃ بالمکاتبۃ والمشافهۃ، بالطرق الطیبۃ الحکیمۃ، وبالجدال بالتي هي أحسن، حتی ینجحوا، وحتی یقل الشر أو یزول ویکثر الخیر.

حوالہ: www.binbaz.org.sa/mat/1934

’’خوارج کے یہ حالات ان کے (دین میں) غلو اور ان کی جہالت و گمراہی کی وجہ سے ہی ہوئے تھے۔ اس لئے اب ان نوجوانوں اور دیگر تمام لوگوں کے لئے ہرگز مناسب نہیں ہے کہ وہ خوارج کی تقلید کریں۔ بلکہ ضروری ہے کہ وہ شرعی دلائل کے تقاضوں کے مطابق مذہب اہل السنت و الجماعت پر چلیں تاکہ وہ ان نصوص کے ساتھ وہی موقف اختیار کریں جس کے لئے وہ وارد ہوئی ہیں۔ اور ان کے لئے جائز نہیں ہے کہ وہ حکومت وقت کے خلاف - اس کی نافرمانی یا ان غلطیوں کے سبب جو اس سے سرزد ہوئی ہیں- مسلح بغاوت کریں بلکہ ان کے لئے ضروری ہے کہ وہ اس کو لکھ کر یا زبانی طور پر عمدہ حکمت بھرے طریقے اور احسن انداز سے بحث و مباحثہ کے ذریعے نصیحت کریں تاکہ وہ اس میں کامیاب ہوں، برائی کم ہو یا بالکل ختم ہو جائے اور بھلائی زیادہ ہو جائے۔‘‘

3۔ دور حاضر کے دہشت گرد جاہلوں کا ٹولہ ہے - شیخ صالح الفوزان کا فتویٰ

سعودی عرب کے ہی معروف سلفی مدرس علامہ صالح بن فوزان بن عبد الله الفوزان سے سوال کیا گیا کہ ’’یہاں پر کچھ لوگ کہتے ہیں: اس ملک کی حکومت اور علماء نے جہاد کو معطل کردیا ہے اور یہ عمل الله کے احکام کا انکار ہے۔ سو آپ کی اس بارے میں کیا رائے ہے؟‘‘ اس پر انہوں نے جواب دیا:

هذا کلام جاهل، یدل علی أنه ما عنده بصیرۃ ولا علم وأنه یکفر الناس، وهذا رأي الخوارج والمعتزلۃ، نسأل الله العافیۃ، لکن مانسيء الظن بهم نقول هؤلاء جهال یجب علیهم أن یتعلموا قبل أن یتکلموا أما إن کان عندهم علم ویقولون بهذا القول، فهذا رأي الخوارج وأهل الضلال.

فوزان، الجهاد وضوابطۃ الشرعیۃ: 49

’’یہ جہالت پر مبنی کلام ہے جو ان لوگوں کی عدم بصیرت اور لاعلمی پر دلالت کرتا ہے، اسی وجہ سے وہ (مسلمان) لوگوں کو کافر قرار دیتے ہیں۔ یہ (در حقیقت) خوارج اور معتزلہ کی رائے ہے۔ الله تعالیٰ ان سے عافیت عطا فرمائے لیکن ہم ان کے بارے میں برا گمان نہیں رکھتے بلکہ ہم کہتے ہیں کہ یہ جاہل (اور دین کی حقیقی تعلیمات سے بے بہرہ) لوگ ہیں۔ ان کے لئے ضروری ہے کہ بات کرنے سے پہلے اس کا (مکمل) علم حاصل کریں۔ اور اگر علم ہونے کے باوجود وہ لوگ ایسی بات کہتے ہیں تو یہ خوارج اور گمراہ لوگوں کی رائے ہے۔‘‘

اِسی طرح جب علامہ صالح الفوزان سے پوچھا گیا کہ کیا خوارج کی سوچ اور فکر رکھنے والے لوگ موجودہ زمانے میں بھی پائے جاتے ہیں؟ تو انہوں نے کہا:

سبحان الله، وهذا الموجود، ألیس هو فعل الخوارج، وهو تکفیر المسلمین، وأشد من ذالک قتل المسلمین والاعتداء علیهم، هذا مذهب الخوارج.

وهو یتکون من ثلاثۃ أشیاء: أولاً: تکفیر المسلمین. ثانیًا: الخروج عن طاعۃ ولي الأمر۔ ثالثًا: استباحۃ دماء المسلمین.

هذه من مذهب الخوارج، حتی لو اعتقد بقلبه ولا تکلم ولا عمل شیئًا، صار خارجیًا في عقیدته ورأیه الذي ما أفصح عنه.

فهد الحصین، الفتاوی الشرعیۃ في القضایا العصریۃ

’’سبحان الله! کیا یہ موجودہ فکر و عمل خوارج کا فعل نہیں ہے؟ مسلمانوں کو کافر قرار دینا اور اس سے بھی شدید تر یہ کہ مسلمانوں کو قتل کرنا اور انہیں ظلم و زیادتی کا نشانہ بنانا، یہ خوارج کا مذہب ہی تو ہے جو ان تین عناصر سے تشکیل پاتا ہے:

1۔ مسلمانوں کو کافر قرار دینا

2۔ حکومت وقت کے نظم اور اتھارٹی کو مسلح بغاوت کے ذریعے چیلنج کرنا

3۔ مسلمانوں کے خون کو جائز و حلال قرار دینا

’’یہ خوارج کا مذہب ہی ہے۔ یہاں تک کہ اگر کوئی اس پر صرف دل سے ہی عقیدہ رکھے اور قول و عمل سے اس کا اظہار نہ بھی کرے تو بھی وہ اپنے اس عقیدہ اور رائے کے اعتبار سے خارجی ہو گیا۔‘‘

4۔ دہشت گردانہ کارروائیاں جہاد نہیں - مفتی نذیر حسین دہلوی کا فتویٰ

ہر ذی شعور اس بات سے آگاہ ہے کہ وطنِ عزیز میں جہاد کے نام پر جو کچھ ہو رہا ہے اس کا اسلا م سے کوئی تعلق نہیں۔ اس حقیقت کو ہر مسلک میں تسلیم کیا گیا ہے۔ بطورِ ثبوت مسلکِ اہلِ حدیث کے مفتی سید نذیر حسین دہلوی کے فتاویٰ نذیریہ سے ایک مثال درج کی جارہی ہے، جس میں اُنہوں نے جہاد سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے جہاد کی شرائط بیان کی ہیں۔

مفتی صاحب کی عبارت من و عن نقل کی گئی ہے لیکن قارئین کی سہولت کے لئے حاشیے میں بعض عبارات کے حوالہ جات اور تراجم شامل کر دیے گئے ہیں۔

مفتی نذیر حسین دہلوی لکھتے ہیں:

’’مگرجہاد کی کئی شرطیں ہیں جب تک وہ نہ پائی جائیں گی جہاد نہ ہوگا:

اول: یہ کہ مسلمانوں کا کوئی امامِ وقت و سردار ہو۔ دلیل اس کی یہ ہے کہ الله تعالیٰ نے کلام مجید میں ایک نبی کا انبیاء سابقین سے قصہ بیان فرمایا ہے کہ ان کی امت نے کہا کہ ہمارا کوئی سردار اور امامِ وقت ہو تو ہم جہاد کریں۔

اَلَمْ تَرَاِلَی الْمَلَاِ مِنْ م بَنِیْٓ اِسْرَآئِیْلَ مِنْم بَعْدِ مُوْسٰی م اِذْ قَالُوْا لِنَبِیٍّ لَّھُمُ ابْعَثْ لَنَا مَلِکًا نُّقَاتِلْ فِیْ سَبِیْلِ اللهِ … الایۃ

البقرۃ، 2: 246

’’(اے حبیب!) کیا آپ نے بنی اسرائیل کے اس گروہ کو نہیں دیکھا جو موسیٰ (علیہ السلام) کے بعد ہوا، جب انہوں نے اپنے پیغمبر سے کہا کہ ہمارے لیے ایک بادشاہ مقرر کر دیں تاکہ ہم (اس کی قیادت میں) الله کی راہ میں جنگ کریں۔‘‘

اِس سے معلوم ہوا کہ جہاد بغیر امام کے نہیں کیونکہ اگر بغیر امام کے جہاد ہوتا تو ان کو یہ کہنے کی حاجت نہ ہوتی۔ کما لا یخفی اور شرائع من قبلنا جب تک اس کی ممانعت ہماری شرع میں نہ ہو، حجت ہے کما لا یخفی علی الماہر بالأصول، اور حدیث میں آیا ہے کہ امام ڈھال ہے اس کے پیچھے ہو کر لڑنا چاہیے۔ اور اس کے ذریعہ سے بچنا چاہیے۔

عَنِ أَبِي ہُرَیْرَۃَ رضی اللہ عنہ قَالَ: قَال رَسُولَ اللهِ ﷺ: إِنَّمَا الْإِمَامُ جُنَّۃٌ یُقَاتَلُ مِنْ وَرَائِہِ وَیُتَّقَی بِہِ۔ الحدیث رواہ البخاری و مسلم.

  1. بخاری، الصحیح، کتاب الجہاد والسیر، باب یقاتل من وراء الإمام ویتقی بہ، 3: 1080، رقم: 2797
  2. مسلم، الصحیح، کتاب الإمارۃ، باب الإمام جنۃ یقاتل من ورائہ ویتقی بہ، 3: 1471، رقم: 1841

’’بے شک امام تو ڈھال کی طرح ہے کہ اس کے پیچھے لڑتے ہیں اور اس کی پناہ لیتے ہیں۔‘‘

اس سے صراحتاً یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ جہاد امام کے پیچھے ہو کے کرنا چاہیے، بغیر امام کے نہیں۔

دوسری شرط یہ ہے کہ اسباب لڑائی کا مثل مہیا ہوں جس سے کفار کا مقابلہ کیا جاوے۔ فرمایا اللہ تعالیٰ نے:

وَاَعِدُّوْا لَھُمْ مَّا اسْتَطَعْتُمْ مِّنْ قُوَّۃٍ وَّمِنْ رِّبَاطِ الْخَیْلِ تُرْھِبُوْنَ بِہٖ عَدُوَّ اللهِ وَعَدُوَّکُمْ وَاٰخَرِیْنَ مِنْ دُوْنِھِمْ.

اور سامان تیار کرو ان کی لڑائی کے لئے جو کچھ ہو سکے تم سے ہتھیار اور گھوڑے پالنے سے تاکہ اس سے ڈراؤ الله کے دشمن کو اور اپنے دشمنوں کو۔

الأنفال، 8: 60

قال الامام البغوی فی تفسیر ھذہ الایۃ الإعداد اتخاذ الشئ بوقت الحاجۃ من قوۃ أی من الآلات التی تکون لکم قوۃ علیهم من الخیل والسلاح، انتهی.

یعنی قوت کے معنی ہتھیار اور سامان لڑائی کے ہیں، اور فرمایا الله تعالیٰ نے:

یٰٓـاَ یُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا خُذُوْا حِذْرَکُمْ فَانْفِرُوْا ثُبَاتٍ اَوِانْفِرُوْا جَمِیْعًا.

اے ایمان والو! لو اپنا بچاؤ پکڑو پھر کوچ کرو جدا جدا فوج یا سب اکٹھے۔

النساء، 4: 71

قال الحافظ محی السنۃ فی تفسیرہ تحت ھذہ الایۃ أی عدتکم وآلاتکم من السلاح، انتهی

یعنی حذر سے مراد آلہ لڑائی کا ہے مثلًا ہتھیار وغیرہ کا مہیا ہونا ضروری ہے، اور حدیثوں سے بھی اس کی تاکید معلوم ہوتی ہے اور ظاہر ہے کہ بے ہتھیار کے کیا کرے گا۔

تیسری شرط یہ ہے کہ مسلمانوں کا کوئی قلعہ یا ملک جائے امن ہو کہ ان کا ماوٰی و ملجا ہو۔ چنانچہ قرآن کے لفظ مِنْ قُوَّۃ کی تفسیر عکرمہ نے قلعہ کی ہے۔ قال عکرمۃ: القوۃ الحصون انتهی ما فی معالم التنزیل للبغوی  اور حضرت (محمد) ﷺ نے جب تک مدینہ میں ہجرت نہ کی اور مدینہ جائے پناہ نہ ہوا جہاد فرض نہ ہوا، یہ صراحتاً دلالت کرتا ہے کہ جائے امن ہونا بہت ضروری ہے۔

چوتھی شرط یہ ہے کہ مسلمانوں کا لشکر اتنا ہو کہ کفار کے مقابلہ میں مقابلہ کر سکتا ہو یعنی کفار کے لشکر کے آدھے سے کم نہ ہو۔ فرمایا الله تعالیٰ نے:

اَلْئٰنَ خَفَّفَ اللهُ عَنْکُمْ وَعَلِمَ اَنَّ فِیْکُمْ ضَعْفًا ط فَاِنْ یَّکُنْ مِّنْکُمْ مِّائَۃٌ صَابِرَۃٌ یَّغْلِبُوْا مِائَتَیْنِ ج وَاِنْ یَّکُنْ مِّنْکُمْ اَلْفٌ یَّغْلِبُوْٓا اَلْفَیْنِ بِاِذْنِ اللهِ ط وَاللهُ مَعَ الصّٰبِرِیْنَ.

اب بوجھ ہلکا کیا، الله نے تم سے اور جانا کہ تم میں کمزوری ہے پس اگر ہو تم میں سے سو صابر غالب رہیں گے دوسو پر، اور اگر ہوں تم سے ایک ہزار، غالب ہوں دو ہزار پر حکم سے الله کے، اور الله ساتھ صبر کرنے والوں کے ہے۔ یہ آیت صاف کہتی ہے کہ اپنے سے دگنے سے مقابلہ ہو دگنے سے زیادہ سے نہیں۔ میں جب یہ بات بیان ہو چکی، تو میں کہتا ہوں، اس زمانے میں ان چار شرطوں میں سے کوئی شرط بھی موجود نہیں ہے تو کیونکر جہاد ہو گا۔

الأنفال، 8: 66

(2) پس معلوم ہوا کہ اگر یہ شرائط پوری نہ ہوں تو جہاد نہیں بلکہ غدر، بغاوت اور فساد ہوگا جس کی قطعاً اجازت نہیں۔ پھر سوال یہ ہے کہ مسلمان ریاست میں کس کے خلاف مسلح اقدام ہورہا ہے؟

جواب کے آخر میں مفتی نذیر حسین دہلوی نے بطور ثبوت صحیحین کی یہ احادیث بیان کی ہیں:

عن أنس رضی اللہ عنہ أنّ رسول الله ﷺ قال: لکل غادر لواء یوم القیامۃ یعرف بہ. رواہ الشیخان.

عن ابن عمر أن رسول الله ﷺ قال: أن الغادر ینصب لہ لواء یوم القیامۃ فیقال هذہ غدرۃ فلان بن فلان۔ رواہ الشیخان.

مفتی نذیر حسین دہلوي، فتاویٰ نذیریہ، 3: 282-285

’’حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: قتل عام اور فساد انگیزی کرنے والے ہر شخص کے لیے روزِ قیامت ایک جھنڈا ہوگا جس سے وہ پہچانا جائے گا۔‘‘ اس حدیث کو شیخین (امام بخاری و مسلم) نے روایت کیا ہے۔

’’حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: فساد انگیزی کرنے والے کے لیے روزِ قیامت ایک جھنڈا نصب کیا جائے گا اور کہا جائے گا کہ یہ فلاں بن فلاں کی فساد انگیزی (کا نشان) ہے۔‘‘ اِس حدیث کو شیخین (امام بخاری و مسلم) نے روایت کیا ہے۔

خلاصہ بحث

قرآن وسنت، ائمہ حدیث اور ائمہ عقائد و فقہ کی تصریحات، تشریحات اور فتاویٰ و تحقیقات کی روشنی میں یہ حقیقت واضح ہوئی کہ باغی وہ لوگ ہیں جو مسلم ریاست کے خلاف مسلح جد و جہد کریں اور ان کے پاس قوت و طاقت بھی ہو۔ وہ لوگ ریاست کی اتھارٹی اور نظم کو تسلیم کرنے سے انکار کریں اور کھلے عام اسلحہ لہرا کر ریاست کے خلاف اعلانِ جنگ کریں۔ اس سے قطع نظر کہ ان کی یہ مسلح جد و جہد اور بغاوت عدل و انصاف پر مبنی حکومت کے خلاف ہے یا فسق و فجور کی حامل حکومت کے خلاف۔ خواہ ان کی جدوجہد کسی امر دین سے متعلق تاویل پر مبنی ہے یا کسی دنیوی غرض کی خاطر، بہرصورت ایسے تمام لوگ باغی اور دہشت گرد ہیں۔ جب تک وہ مسلم ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے رکھیں، حکومت ان کے خلاف جنگی اقدام جاری رکھے تاآنکہ وہ ہتھیار پھینک کر ریاست کی حاکمیت کے تابع ہو جائیں اور اپنا دہشت گردانہ طرز عمل مکمل طور پر ختم کر کے پُرامن شہری بن جائیں اور اپنے جائز مطالبات پُرامن، جمہوری اور قانونی طریقے سے پورے کروانے کے حامی ہو جائیں۔

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved