سورۃ فاتحہ کے مختلف اسماء ہیں جن سے اس کے متعدد فضائل و برکات اور کمالات و تاثیرات کا بخوبی اندازہ ہو سکتا ہے، دیگر کسی بھی سورت کے اس قدر اسماء اور فضائل بیان نہیں کئے گئے۔ یہ سورت چونکہ ظاہری و باطنی علوم و معارف اور فوائد و برکات کی جامع ہے، اس لئے اسی کو قرآن کی افتتاحی سورت ہونے کا شرف عطا کیا گیا۔
اس کے متعدد ناموں میں سے ایک نام ’’سورۃ الشفاء‘‘ اور ’’سورۃ الشافیۃ‘‘ ہے۔
فاتحة الکتاب شفاء من کل دآء.
’’فاتحۃ الکتاب (سورۃ الفاتحہ میں) ہر مرض کے لیے شفاء ہے۔‘‘
قال رسول الله ﷺ: فاتحة الکتاب فیها شفاء من کل دآء. (ابن کثیر، 1: 10)
’’رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: فاتحۃ الکتاب میں ہر مرض کے لئے شفاء ہے۔‘‘
فاتحة الکتاب شفاء من السم.
’’فاتحۃ الکتاب زہر کے لئے شفاء ہے۔‘‘
امام بخاریؒ نے صحیح میں حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً روایت کیا ہے کہ بعض صحابہ ث سفر میں تھے، دریں اثناء کسی عورت نے ان سے سانپ کے ڈسے کے لئے تریاق کے بارے میں دریافت کیا۔ جس پر ایک صحابی رضی اللہ عنہ نے سورۃ فاتحہ پڑھ کر دم کیا تو وہ شخص وہیں ٹھیک ہو گیا، پھر یہ ماجرا حضور نبی اکرم ﷺ کی خدمت اقدس میں عرض کیا گیا تو آپ ﷺ نے فرمایا:
ما کان یدریه أنها رقیة.
’’کیا وہ نہیں جانتا تھا کہ یہ سورت تریاق ہے۔‘‘
اس وجہ سے اس کا ایک نام سورۃ الرقیۃ بھی ہے جو خود حضور نبی اکرم ﷺ کا تجویز کردہ ہے۔
إذا وضعت جنبک علیٰ الفراش و قرأت فاتحة الکتاب و قل هو الله أحد، فقد أمنت کل شی إلا الموت. (ابن کثیر، 1: 12)
’’اگر تم بستر پر دراز ہوتے وقت سورۃ فاتحہ اور سورہ اخلاص پڑھ لیا کرو تو سوائے موت کے تم ہر شے سے محفوظ و مامون ہو جاؤ گے۔‘‘
اسی تاثیر کے باعث اس کانام سورۃ الواقیۃ بھی ہے۔
فتحِ مشکلات اور روحانی برکات کے لئے، ہر قسم کی مہمات میں کامیابی کے لئے، آفات و بلیّات سے حفاظت، جملہ امراض سے شفایابی اور الله کی خاص مدد و نصرت کے لئے یہ وظیفہ مؤثر ہے۔
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO {اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَO الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO مٰلِکِ یَوْمِ الدِّیْنِO اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُO اِہْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَO صِرَاطَ الَّذِیْنَ اَنْعَمْتَ عَلَیْھِمْ غَیْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ وَ لَا الضَّآلِّیْنَO} (الفاتحة، 1: 1۔7)
اسے 11 مرتبہ پڑھیں، 10 بار پڑھ لینے کے بعد جب 11ویں مرتبہ پڑھنے لگیں اور اس آیت پر پہنچیں:
’’اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُO‘‘
تو اسی ایک آیت کی ایک تسبیح (100 مرتبہ) کریں اور پھر بقیہ سورت مکمل کر لیں۔
شرِ حاسدین، شرِ اعداء اور جملہ خطرات و پریشانیوں سے حفاظت اور دیگر روحانی خیرات و برکات کے لئے یہ وظیفہ مفید و مؤثر ہے:
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO {اللهُ لَآ إِلٰہَ إِلَّا ھُوَ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ لَا تَاْخُذُهٗ سِنَةٌ وَّ لاَ نَوْمٌ ط لَهٗ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَمَا فِی الْاَرْضِ ط مَنْ ذَا الَّذِیْ یَشْفَعُ عِنْدَهٗٓ إِلَّا بِإِذْنِهٖ ط یَعْلَمُ مَا بَیْنَ أَیْدِیْھِمْ وَ مَا خَلْفَهُمْ ج وَلَا یُحِیْطُوْنَ بِشَیْئٍ مِّنْ عِلْمِہٖٓ إِلَّا بِمَا شَآءَ ج وَسِعَ کُرْسِیُّهُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ ج وَلَا یَؤُوْدُهٗ حِفْظُھُمَا ج وَ ھُوَ الْعَلِیُّ الْعَظِیْمُO} (البقرة، 2: 255)
’’وَسِعَ کُرْسِیُّهُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ وَلَایَؤُوْدُهٗ حِفْظُھُمَا وَ ھُوَ الْعَلِیُّ الْعَظِیْمُ‘‘
پر پہنچیں تو فقط اسی حصہ کو 100 مرتبہ پڑھیں۔
قرآن مجید کی وہ سورتیں جن کی ابتداء حٰمٓ سے ہوتی ہے حوامیم کہلاتی ہیں ان کی تعداد سات (7) ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کے معمولات میں سورۃ الملک کے علاوہ ان سات سورتوں کی تلاوت بھی شامل تھی۔ آپ ﷺ نے ان کے بارے میں ارشاد فرمایا کہ جہنم کے سات دروازے ہیں قیامت کے دن ہر ہر سورۃ حٰمٓ جہنم کے ایک ایک دروازے پر کھڑی ہو جائے گی اور ان کی تلاوت کرنے والے قاری کو جہنم سے نجات دلائے گی۔ ان حوامیم کی ابتداء اس طرح ہوتی ہے:
حضرت عبدالله بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: یہ حوامیم قرآن کی زینت و آرائش ہیں۔ حضرت عبدالله بن عباس رضی الله عنہما فرماتے ہیں: ہر شے کا ایک خلاصہ ہوتا ہے قرآن کا خلاصہ یہی حوامیم ہیں۔
الغرض حوامیم کی تلاوت کا معمول کثیر روحانی خیرات و برکات کا باعث ہے۔
یوں تو الله رب العزت کا سارا کلام ہی باعث خیرو برکت ہے مگر ان میں سے بعض سورتوں اور آیات کی مخصوص فضیلتیں احادیث میں بیان ہوئی ہیں اگر کوئی شخص ان فضائل و اثرات کے مطابق ان سورتوں کی تلاوت کو اپنا معمول بنائے تو اسے دیگر فوائد و برکات کے علاوہ الله رب العزت کی طرف سے خاص تائید اور مدد و نصرت بھی نصیب ہو گی۔
قرآنی سورتوں کی چار اقسام پر مشتمل تقسیم میں چوتھی قسم مفصلات ہیں، یہ سورۃ ق سے شروع ہو کر اختتام قرآن حکیم تک کل 65 سورتیں بنتی ہیں۔
ان کے بارے میں حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: مجھے ان سورتوں کی وجہ سے تمام انبیاء پر فضیلت عطا کی گئی ہے۔
حضرت عرباض بن ساریہ اور حضرت خالد بن معدان رضی الله عنھما سے مروی ہے حضور نبی اکرم ﷺ کے معمولات میں سے تھا کہ آپ رات کو استراحت فرمانے سے قبل مفصلات میں سے مسبحات کو پڑھتے اور آپ ﷺ نے فرمایا کہ ان میں ایک ایسی آیت بھی ہے جو ثواب اور درجے کے اعتبار سے ایک ہزار آیتوں کے برابر ہے مسبحات سے مراد وہ سورتیں ہیں جن کی ابتدا سَبَّحَ یا یُسَبِّحُ سے ہوتی ہے ان کی تعداد چھ (6) ہے۔ ان مسّبحات کی ابتداء اس طرح ہوتی ہے:
دشمن کے شر سے محفوظ رہنے، اس کی تدبیروں کو ناکام کرنے اور حملہ آور کے شر و نقصان سے بچنے کے لئے اس سورت کا وظیفہ نہایت مفید اور موثر ہے:
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO { اَلَمْ تَرَ کَیْفَ فَعَلَ رَبُّکَ بِاَصْحٰبِ الْفِیْلِO اَلَمْ یَجْعَلْ کَیْدَھُمْ فِیْ تَضْلِیْلٍO وَّ اَرْسَلَ عَلَیْھِمْ طَیْرًا اَبَابِیْلَO تَرْمِیْھِمْ بِحِجَارَةٍ مِّنْ سِجِّیْلٍO فَجَعَلَھُمْ کَعَصْفٍ مَّاْکُوْلٍO}
یہ وظیفہ 11 بار، 40 بار یا حسب ضرورت 100 بار پڑھیں۔
اس وظیفہ کو 7 دن، 11 دن، 40 دن یا حسب ضرورت جاری رکھیں۔
اگر گیارہ یا چالیس بار پڑھتے ہوئے آخری بار پڑھنے لگیں تو آخری آیت ’’فَجَعَلَھُمْ کَعَصْفٍ مَّاْکُوْلٍ‘‘ کی 100 بار ایک تسبیح کر لیں تو اس کی تاثیر مزید زیادہ ہو گی۔ انشاء الله دشمن سے نقصان پہنچانے کی توفیق سلب ہو جائے گی۔
وسائل رزق اور کاروبار میں وسعت و برکت کے لئے، بالخصوص قرض سے خلاصی اور خطرات سے امان پانے کے لئے یہ وظیفہ پڑھیں:
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO {لِاِیْلٰفِ قُرَیْشٍO اٖلٰـفِھِمْ رِحْلَةَ الشِّتَآءِ وَالصَّیْفِO فَلْیَعْبُدُوْا رَبَّ هٰذَا الْبَیْتِO الَّذِیْٓ اَطْعَمَھُمْ مِّنْ جُوْعٍ وَّ اٰمَنَھُمْ مِّنْ خَوْفٍO}
11 بار، 40 بار یا حسب ضرورت 100 مرتبہ پڑھیں۔
اس وظیفہ کو کم از کم 40 دن یا حسب ضرورت جاری رکھیں۔
رزق کی تنگی کو دور کرنے اور قرض سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے، علاوہ ازیں بخل و کنجوسی سے نجات کے لئے یہ وظیفہ مفید اور موثر ہے:
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO {اَرَئَیْتَ الَّذِیْ یُکَذِّبُ بِالدِّیْنِO فَذٰلِکَ الَّذِیْ یَدُعُّ الْیَتِیْمَO وَلَا یَحُضُّ عَلٰی طَعَامِ الْمِسْکِیْنِO فَوَیْلٌ لِّلْمُصَلِّیْنَO الَّذِیْنَ ھُمْ عَنْ صَلَاتِھِمْ سَاھُوْنَO الَّذِیْنَ ھُمْ یُرَآئُوْنَO وَ یَمْنَعُوْنَ الْمَاعُوْنَO}
11 بار، 40 بار یا حسب ضرورت 100 بار پڑھیں۔
اس وظیفہ کو کم از کم 40 دن یا حسب ضرورت جاری رکھیں۔
ہر قسم کی خیر و برکت، رزق و رحمت کی کثرت اور انعاماتِ الٰہیہ کے لئے یہ وظیفہ نہایت مفید اور مؤثر ہے:
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO {اِنَّآ اَعْطَیْنٰـکَ الْکَوْثَرَO فَصَلِّ لِرَبِّکَ وَانْحَرْO اِنَّ شَانِئَکَ ھُوَ الْاَبْتَرُO
11 بار، 40 بار یا 100 بار پڑھیں۔
اس وظیفہ کو کم از کم 40 دن یا حسب ضرورت جاری رکھیں۔
عبادت گذاری اور اس میں رغبت اور ذوق و شوق کے لئے یہ وظیفہ مفید اور مؤثر ہے:
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO { قُلْ یٰٓاَیُّهَا الْکٰفِرُوْنَO لَآ اَعْبُدُ مَا تَعْبُدُوْنَO وَ لَآ اَنْتُمْ عٰبِدُوْنَ مَآ اَعْبُدُO وَ لَآ اَنَا عَابِدٌ مَّا عَبَدْتُّمْO وَ لَآ اَنْتُمْ عٰبِدُوْنَ مَآ اَعْبُدُO لَکُمْ دِیْنُکُمْ وَ لِیَ دِیْنِO}
سورۃ قُلْ یٰٓاَیُّهَا الْکٰفِرُوْنَ کے بارے میں حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ یہ چوتھائی قرآن کے برابر ہے۔ اس کی تلاوت سے شرک سے نجات نصیب ہوتی ہے اور توحید میں پختگی آتی ہے۔
40 مرتبہ یا حسب ضرورت 100 مرتبہ پڑھیں۔
اس وظیفہ کو کم از کم 40 دن یا حسب ضرورت جاری رکھیں۔
کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو دور کرنے، الله کی مدد و نصرت اور فتح و کامرانی حاصل کرنے اور مشکل صورتحال سے نکلنے کے لئے یہ وظیفہ مفید اور مؤثر ہے:
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO {اِذَآ جَآءَ نَصْرُ اللهِ وَ الْفَتْحُO وَ رَاَیْتَ النَّاسَ یَدْخُلُوْنَ فِیْ دِیْنِ اللهِ اَفْوَاجًاO فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّکَ وَ اسْتَغْفِرْهُ ط اِنَّهٗ کَانَ تَوَّابًاO}
سورۃ النصر کے بارے میں حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: اس کا ثواب چوتھائی قرآن کے برابر ہے۔
11 مرتبہ، 40 مرتبہ یا حسب ضرورت 100 مرتبہ پڑھیں۔
اس وظیفہ کو 40 دن یا حسب ضرورت جاری رکھیں۔
دشمن کی مکاری اور اس کے شر و نقصان سے بچاؤ کے لئے یہ وظیفہ مفید اور مؤثر ہے:
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO {تَبَّتْ یَدَآ اَبِیْ لَهَبٍ وَّتَبَّO مَآ اَغْنٰی عَنْهُ مَالُهٗ وَمَا کَسَبَO سَیَصْلٰی نَارًا ذَاتَ لَهَبٍO وَّامْرَاَتُهٗ ط حَمَّالَۃَ الْحَطَبِO فِیْ جِیْدِهَا حَبْلٌ مِّنْ مَّسَدٍO}
11 مرتبہ، 40 مرتبہ یا حسب ضرورت 100 مرتبہ پڑھیں۔
اس وظیفہ کو 7 دن، 11 دن، 40 دن یا حسب ضرورت جاری رکھیں۔
من أراد الخلاص فعلیہ بالإخلاص
جسے خلاصی درکار ہو وہ سورۃ اخلاص کو لازم کرے
اگر دل میں حبِ دنیا ہو، غم و اندوہ کا غلبہ ہو، طبیعت میں اخلاص پیدا نہ ہوتا ہو، کاروبار میں نقصان یا دیگر خطرات کا اندیشہ ہو اور بندہ چاہے کہ دل کو ان پریشانیوں، غموں، خواہشات اور وساوس و خطرات سے خلاصی مل جائے، الله کے لئے اخلاص پیدا ہو جائے، نورِ توحید اور نورِ اخلاص نصیب ہو جائے تو اس کے لئے اس سورۃ کا وظیفہ نہایت مفید اور مؤثر ہے:
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO {قُلْ ھُوَ اللهُ اَحَدٌo اللهُ الصَّمَدُO لَمْ یَلِدْ5 وَ لَمْ یُوْلَدْO وَ لَمْ یَکُنْ لَّهٗ کُفُوًا اَحَدٌO}
حضرت ابوہریرہ اور حضرت معاذ بن انس الجہنی رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ جس نے سورۃ اخلاص کو 10 یا 11 مرتبہ پڑھا اس کے بدلے میں الله تعالیٰ اس کے لئے جنت میں محل بنا دیتا ہے اور جو اس سے زیادہ مرتبہ پڑھے تو الله اس سے زیادہ عطا کرنے پر قادر ہے۔
سورۃ الاخلاص کے بارے میں حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: یہ ثلث قرآن یعنی تیسرے حصے کے برابر ہے اس کی تلاوت سے الله تعالیٰ کی محبت نصیب ہوتی ہے اور اس سے محبت رکھنے والے کے لئے جنت واجب ہو جاتی ہے۔
11 بار، 40 بار یا حسب ضرورت 100 بار پڑھیں۔
اس وظیفہ کو 7 دن، 11 دن، 40 دن یا حسب ضرورت جاری رکھیں۔
شر نظر و حسد، جادو ٹونہ، آسیب، وسوسہ، خیالات فاسدہ اور دیگر آفات و بلیّات سے بچاؤ اور برکات الہٰیہ کے حصول کے لئے معوذتین کا وظیفہ نہایت مفید اور مؤثر ہے:
اَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمO بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِO {قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِO مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَO وَ مِنْ شَرِّ غَاسِقٍ اِذَا وَقَبَO وَ مِنْ شَرِّ النَّفّٰثٰتِ فِی الْعُقَدِO وَ مِنْ شَرِّ حَاسِدٍ اِذَا حَسَدَO}
اَعُوْذُ بِاللهِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمO {قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِO مَلِکِ النَّاسِO اِلٰہِ النَّاسِO مِنْ شَرِّ الْوَسْوَاسِ5 الْخَنَّاسِO الَّذِیْ یُوَسْوِسُ فِیْ صُدُوْرِ النَّاسِO مِنَ الْجِنَّۃِ وَ النَّاسِO}
حضرت عبدالله بن حبیب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول الله ﷺ نے فرمایا: جو قل ہوالله احد اور معوذتین (آخری دونوں سورتیں) صبح و شام تین تین مرتبہ پڑھے تو یہ اس کے لئے ہر قسم کی آفات و بلیّات سے حفاظت اور نجات کے لئے کافی ہے۔ ان تین سورتوں کے مثل کوئی سورت سابقہ کتب سماوی میں کسی اور نبی پر نازل نہیں ہوئی۔
حضور نبی اکرم ﷺ ہر رات سوتے وقت معوذتین پڑھ کر اپنے ہاتھوں پر پھونک کر جسم مبارک پر مسح فرماتے تھے۔
(ابن ماجہ، السنن، 2: 1275، رقم: 3875، عن عائشہ رضی الله عنہا)
11 مرتبہ، 40 مرتبہ یا حسب ضرورت 100 مرتبہ پڑھیں۔
اس وظیفہ کو 7 دن، 11 دن، 40 دن یا حسب ضرورت جاری رکھیں۔
نوٹ: ہر رات سونے سے قبل آخری تین سورتوں (تین قل) یا چہار قل کا پڑھنا بھی موجبِ برکتِ کثیرہ ہے۔
Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved