تحریکِ منہاج القرآن کے رفقاء و اراکین اور جملہ وابستگان و محبین کے لئے خصوصی وظائف دیئے جارہے ہیں۔ انہیں اس امر کی اجازت ہے کہ وہ اپنے سلاسل کے مطابق اپنے مشائخ کے دیئے ہوئے وظائف کو جاری رکھتے ہوئے ان وظائف کو اپنا یومیہ معمول بنائیں ان کے ذریعے سب کو انشاء اللہ نسبتِ عبدیت اور نسبتِ محمدیہ ﷺ، ظاہری و باطنی فیوض و برکات اور روحانی مَلکات کی شکل میں نصیب ہوں گی دنیا و آخرت کی کثیر نعمتوں، برکتوں اور سعادتوں سے بہرہ یاب ہوں گے۔
میں سید الکونین و الثقلین حضور نبی اکرم ﷺ، حضور غوث الاعظم سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ، سیدی و سندی قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی البغدادی رضی اللہ عنہ کی طرف سے جملہ سلاسل طریقت کے ضوابط اور آگے درج شدہ شرائط کے مطابق اُن کو اجازت دیتا ہوں۔
جن سلاسل میں ان کی پہلی نسبت و ارادات ہے وہ بھی برقرار رہے گی یہ ان کے لئے تحریکِ منہاج القرآن سے قلبی و روحانی وابستگی اور مشن کی تنظیمی و تحریکی خدمات کی بنا پر نسبتِ عبدیت اور نسبتِ محمدی ﷺ کا اضافی فیض ہے۔
الفُیوضَاتُ المُحَمَّدِیَّۃ ﷺ کے جملہ وظائف و اذکار اور معمولات کے لئے شرائط درج ذیل ہیں:
جو لوگ ان دس شرائط کی ممکنہ حد تک پابندی کر سکیں انہیں ان وظائف کی اجازت ہے۔
1۔ اللہ تعالیٰ کے لئے اخلاص فی التوحید اور محبت و اطاعت، حضور نبی اکرم ﷺ کی محبت و اتباع، ادب و تعظیم اور خدمت و نصرت، انبیاء کرام علیہم السلام، اہلِ بیت اطہار، صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین اور اولیاء و صالحین رحمہم اللّٰہ کی محبت، تکریم اور توسّل کے عقیدہ پر کار بند رہیں۔
2۔ تحریک منہاج القرآن سے باقاعدہ وابستہ ہوں۔
3۔ ہمہ وقت باطہارت اور باوضو رہیں۔
4۔ نماز پنجگانہ اور ممکنہ حد تک دیگر نفلی عبادات کے پابند ہوں۔
5۔ زبان کو گالی گلوچ، غیبت، چغلی، کذب، تہمت، طعن و تشنیع اور لغویات سے محفوظ رکھیں۔
6۔ کثرت سے صدقہ و خیرات کریں۔
7۔ اللہ کی مخلوق کے ساتھ اپنے معاملات کو درست رکھیں۔
8۔ زندگی میں تقویٰ، پرہیز گاری، امانت و دیانت اور حسن اخلاق جیسی خوبیوں کو اپنے کردار کی زینت بنائیں اور اقامتِ دین، احیاء اسلام اور مصطفوی انقلاب کے مشن کی حتی المقدور وقت، جان اور مال سے خدمت کریں اور ہمیشہ تنازعات سے گریز کریں۔
9۔ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کا ذکر، توبہ و استغفار اور حضور نبی اکرم ﷺ پر درود و سلام کا معمول جاری رکھیں۔
10۔ تحریک منہاج القرآن کی طرف سے دیئے گئے اخلاقی، تنظیمی، تحریکی، دعوتی اور تربیتی ہدایات پر حتی المقدور عمل کرتے رہیں اور اس مشن کے فروغ میں کوئی کمی نہ آنے دیں۔
11۔ اس کتاب کے باب چہارم میں نسبتِ محمدی ﷺ کی پختگی اور زیارتِ نبوی ﷺ کے لئے وظائف دیئے جا رہے ہیں جو کہ 20 منزلوں پر مشتمل ہیں ہر منزل کی ابتداء کا طریقہ اور معمول لکھ دیا ہے۔ حسبِ اجازت اپنا وظیفہ جاری رکھیں، اگلی منزل کی اجازت انشاء اللہ تعالیٰ ہر سال رمضان المبارک کے آخری عشرہ اعتکاف کے دوران ملا کرے گی۔
یہ دس روزہ اعتکاف پچھلی منزل کی تکمیل، اگلی منزل کی ابتداء اور اجازت کے لئے خلوت کا درجہ رکھتا ہے۔ اس موقع پر نسبتِ محمدی ﷺ کی پختگی کی ریاضت خصوصی نگرانی میں کروائی جاتی ہے۔ جب بھی پچھلی منزل کی تکمیل ہو گی تو اگلی منزل کی اجازت دی جائے گی جس کے بعد پچھلی منزل کے وظائف کو دہرانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
الراجی رحمۃَ ربّہِ العلٰی
و الفقیر الٰی حضرۃ النّبی المصطفیٰ ﷺ
ڈاکٹر محمد طاہر القادری
23 نومبر2003ء
بمطابق 27 رمضان المبارک، 1424ھ
Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved