بغاوت اور دہشت گردی پرامن معاشرے کے لئے کتنی خطرناک ہے اور اس کی ممانعت کیوں کی گئی ہے؟ اس کی وضاحت تو باب ھٰذا کی فصل دوم ’’جرم بغاوت کی سنگینی اور اس کی سزا‘‘ میں قدرے تفصیل سے گزر چکی ہے۔ یہاں ہم معاملے کی نوعیت و حساسیت کے پیش نظر احادیث کے بعد اکابر ائمہ کے فتاويٰ اختصار کے ساتھ درج کر رہے ہیں تاکہ یہ بات واضح ہو جائے کہ چودہ سو سالہ تاریخ اسلام میں اس باب پر امت میں کبھی بھی اختلاف نہیں رہا۔ ائمہ اربعہ کے بعد نمائندہ فقہاء کرام، علماء عظام کی آراء پیش کرتے ہوئے ترتیب زمانی کو ملحوظ رکھا گیا ہے۔
دہشت گرد گروہ کے ساتھ جنگ کرنے کے حوالے سے اِمامِ اَعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ اپنی کتاب الفقہ الابسط میں فرماتے ہیں :
فقاتل أهل البغي بالبغي لا بالکفر. وکن مع الفئة العادلة. ولا تکن مع أهل البغي. فإن کان في أهل الجماعة فاسدون ظالمون. فإن فيهم أيضاً صالحين يعينونک عليهم، وإن کانت الجماعة باغية فاعتزلهم واخرج إلی غيرهم. قال اﷲ تعالی : ﴿اَلَمْ تَکُنْ اَرْضُ اﷲِ وَاسِعَةً فَتُهَاجِرُوْا فِيْهَا﴾،(1) ﴿اِنَّ اَرْضِيْ وَاسِعَةٌ فَاِيَّايَ فَاعْبُدُوْنِ﴾ (2) - (3)
(1) النساء، 4 : 97
(2) العنکبوت، 29 : 56
(3) أبو حنيفه، الفقه الأبسط (فی العقيدة وعلم الکلام من أعمال الإمام محمد
زاهد الکوثری)، باب فی القدر : 606، 607
’’باغی اور دہشت گرد گروہ کے ساتھ جنگ کرو اس وجہ سے نہیں کہ وہ کفر پر ہیں بلکہ اس لیے کہ وہ باغی ہیں اور واجب القتل ہیں۔ وہ معاشرے میں بدامنی پھیلانے کے ذمہ دارہیں۔ ہمیشہ کوشش کرنی چاہیے کہ معتدل فکر لوگوں کی سنگت اختیار کی جائے اور (اگر اتفاقاً ایسی نوبت آجائے تو) معاشرے کو بد امنی اور فساد سے محفوظ رکھنے کے لئے حکومت کا ساتھ دیا جائے نہ کہ دہشت گرد باغیوں کا۔ فرض کریں کہ ہیئت اجتماعی میں جہاں کچھ لوگ اگر مفسد اور ظالم ہیں تو وہیں بعض لوگ نیکوکار بھی ہوتے ہیں۔ یہی نیک اور صالح لوگ ان گمراہ لوگوں کے خلاف آپ کی مدد کریں گے۔ بفرض محال اگر لوگوں کی اکثریت ہی مسلح بغاوت پر اتر آئے تو اہلِ حق کو چاہیے کہ وہ ان باغیوں سے علیحدگی اختیار کر لیں اور ان کے علاوہ دوسرے لوگوں کی طرف ہجرت کر جائیں جیسا کہ اﷲ تعاليٰ کا فرمان ہے : (کیا اللہ کی زمین فراخ نہ تھی کہ تم اس میں (کہیں) ہجرت کر جاتے؟) اور (بے شک میری زمین کشادہ ہے سو تم میری ہی عبادت کروo)۔‘‘
مذہبِ امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ کے جلیل القدر امام، ابو جعفر طحاوی رحمۃ اللہ علیہ (239۔ 321ھ) فرماتے ہیں :
’’ولا نری السَّيف علی أحدٍ مِنْ أمّةِ محمدٍ إلّا من وجَب عليه السّيف، ولا نريٰ الخروج علی أئمتنا وولاة أمورنا، وإن جاروا، ولا ندعو عليهم، ولا ننزع يداً من طاعتهم.
طحاوی، العقيدة الطحاوية، رقم : 71، 72
’’ہم حکومت و سلطنت کے خلاف عسکری بغاوت کوجائز نہیں سمجھتے خواہ وہ خطا کار ہی ہو۔ اور نہ ہی ان کی اتھارٹی کو چیلنج کرتے ہیں۔‘‘
امام ابن ابی العز الحنفی رحمۃ اللہ علیہ نے امام طحاوی رحمۃ اللہ علیہ کی اسی عبارت کی شرح میں صحیح مسلم میں حضرت عوف بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی گئی حدیث نقل کی ہے، جس کے آخر میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا صریح حکم ہے کہ اگر امراء و حکام شرار اور لائق نفرت بھی ہوں، تب بھی جب تک مسلمان ہیں ان کے خلاف مسلح بغاوت اور خروج جائز نہیں۔
اسی طرح حکم نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ’’ولا ینزعن یداً من طاعتہ‘‘ (تم حکومت کی حاکمیت اور اتھارٹی سے ہرگز ہاتھ نہ کھینچنا) کو بھی انہوں نے اپنے موقف کی تائید میں پیش کیا ہے۔ اسی بحث کو جاری رکھتے ہوئے امام ابن ابی العز الحنفی نے مزید لکھا ہے :
’’فقد دل‘‘ الکتاب والسنة علی وجوب طاعة أولی الأمر ما لم يأمروا بمعصيةٍ. فتأمل قوله تعاليٰ : ﴿اَطِيْعُوا اﷲَ وَاَطِيْعُوا الرَّسُوْلَ وَاُولِی الْاَمْرِ مِنْکُم﴾(1) کيف قال : ﴿اَطِيْعُوا الرَّسُوْلَ﴾ ولم يقل : ’’وَاَطِيْعُوا أُولِی الْاَمْرِ مِنْکُم‘‘. لأنّ أولی الأمر لا يفردون بالطاعة، بل يطاعون فيما هو طاعة اﷲ ورسوله. وأعاد الفعل مع الرسول صلی الله عليه وآله وسلم ، لأنّه هو معصومٌ. ’’وأولو الأمر‘‘ لا يطاع إلا فيما هو طاعة ﷲ ورسوله. وإما لزوم طاعتهم (وإن جاروا) فلأنه يترتب علی الخروج عن طاعتهم من المفاسد أضعاف ما يحصل من جورهم.(2)
(1) النساء، 4 : 59
(2) ابن أبی العز، شرح عقيدة الطحاوی : 282
’’کتاب و سنت کے احکامات اس بات کو ثابت کرتے ہیں کہ حکومت وقت کی اس وقت تک اطاعت لازم ہے جب تک وہ معصیت کا حکم نہ دے۔ آپ اللہ تعاليٰ کے ارشاد پر غور کریں : ’’تم اللہ کی اطاعت کرو اور رسول ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کی اطاعت کرو اور اپنے میں سے (اہل حق) صاحبان امر کی۔‘‘ اللہ تعاليٰ نے فرمایا ہے : ’’تم رسول کی اطاعت کرو۔‘‘ یہ نہیں فرمایا کہ ’’تم صاحبان امر کی اطاعت کرو‘‘ کیونکہ اولو الامر اطاعت کے ساتھ منفرد اور خاص نہیں ہے بلکہ ان کی اطاعت اسی معاملے میں کی جاتی ہے جو اللہ تعاليٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت کے تحت ہو۔ اللہ تعاليٰ نے فعلِ اطاعت کو صرف رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ دہرایا ہے کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم معصوم ہیں جبکہ حکام کی اطاعت اسی امر میں کی جاتی ہے جس میں اللہ تعاليٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت ہو۔ ہاں ان کے ظالم ہونے کے باوجود ان کی اتھارٹی کو تسلیم کرنے کا سبب یہ ہے کہ ان کے مفاسد کے باعث ان کے خلاف مسلح خروج اور بغاوت، ان کی ناانصافیوں کی وجہ سے جنم لینے والی خرابیوں سے کئی گنا زیادہ خرابیوں کا باعث ہوگی (اس لئے بڑی تباہی اور نقصان سے بچنا لازم ہے)۔‘‘
دہشت گردوں کی سرکوبی کے بارے میں مالکی فقہ کی معروف کتاب المدونۃ الکبريٰ میں امام سحنون نے امام مالک رحمۃ اللہ علیہ سے یوں روایت کیا ہے :
قال مالک فی الإباضية، والحرورية، وأهل الأهواء کلهم أری أن يستتابوا، فإن تابوا، وإلا قتلوا. قال ابن القاسم : وقال مالک فی الحرورية وما أشبههم : إنهم يقتلون إذا لم يتوبوا إذا کان الإمام عدلًا. فهذا يدلک علی أنهم إن خرجوا علی إمام عدل وهم يريدون قتاله ويدعون إلی ما هم عليه دعوا إلی الجماعة والسنة، فإن أبوا قتلوا.
قال : ولقد سألت مالکا عن أهل العصبية الذين کانوا بالشام، قال مالک : أری للإمام أن يدعوهم إلی الرجوع، وإلی مناصفة الحق بينهم، فإن رجعوا وإلا قوتلوا.
سحنون، المدونة الکبری، 3 : 94
’’امام مالک نے (خارجیوں کے گروہ) اباضیہ، حروریہ اور اہلِاَہواء (گمراہ ٹولہ) کے بارے میں فرمایا کہ انہیں پہلے (انتہا پسندی اور دہشت گردی سے) توبہ کرنے کی دعوت دی جائے، اگر وہ توبہ کر لیں تو انہیں چھوڑ دیا جائے ورنہ قتل کر دیا جائے۔ امام ابن قاسم کہتے ہیں کہ امام مالک نے حروریہ اور ان کے مثل دیگر گمراہ (دہشت گرد) گروہوں کے بارے میں فرمایا : اگر وہ اپنی تخریبی سرگرمیوں سے توبہ نہ کریں تو انہیں قتل کر دیا جائے بشرطیکہ ریاست مسلم ہو۔ یہ قول تمہیں اس بات کی رہنمائی فراہم کرتاہے کہ اگر وہ مسلمان ریاست کے خلاف بغاوت کریں اور اس کے ساتھ جنگ کا ارادہ کریں اور اس سے اپنے منشور کو قبول کرنے کا مطالبہ کریں تو انہیں پہلے مسلمانوں کی اکثریت اور قانون کے دائرے میں پلٹنے کی دعوت دی جائے، اگر وہ انکار کریں تو انہیں قتل کیا جائے۔
’’امام سحنون کہتے ہیں : میں نے امام مالک رحمۃ اللہ علیہ سے شام کے عصبیت پسند گروہ کے بارے میں استفسارکیا تو آپ نے فرمایا : میرے خیال میں حکومت کو چاہئے کہ انہیں اپنے موقف سے رجوع کرنے اور باہمی انصاف کی دعوت دے، اگر وہ پلٹ آئیں تو ٹھیک ورنہ انہیں قتل کر دیا جائے۔‘‘
دہشت گردی اور خونریزی کی ہر دور میں شکلیں بدلتی رہی ہیں لیکن ذہنیت ایک ہی رہی ہے۔ اس کی ابتداء خوارج سے ہوئی اور پوری تاریخ اسلام میں ان کا تسلسل جاری رہا جو اب بھی ہے۔ چنانچہ تمام ائمہ کرام نے فرداً فرداً اس دہشت گردانہ رجحان اور خارجیت زدہ فکر و عمل کے خلاف فتاويٰ جاری فرمائے۔ ان ائمہ کرام میں امت کے جلیل القدر پیشوا امام شافعی رضی اللہ عنہ بھی شامل ہیں، آپ نے دہشت گردوں کے متعلق فرمایا :
ولو أن قومًا کانوا فی مصر أو صحراء فسفکوا الدماء وأخذوا الأموال، کان حکمهم کحکم قطّاع الطريق، وسواء المکابرة فی المصر أو الصحراء، ولو افترقا کانت المکابرة فی المصر أعظمهما.
شافعي، کتاب الأم، 4 : 218
’’اگر کوئی شر پسند گروہ کسی شہر میں یا کسی صحرا و بیابان میںخونریز کارروائی کرے اور لوگوں سے مال واسباب چھین لے تو ان (کی سزا) کا حکم راہزنوں کی طرح ہے۔ اور لوٹ کھسوٹ اورحق تلفی شہری آبادی میں ہو یا جنگل و بیابان میں، سنگینی کے لحاظ سے برابر ہے۔ اگر انہیں جدا جدا بھی دیکھا جائے تو شہری آبادیوں میں لوٹ کھسوٹ اور قتل و غارت گری زیادہ بھیانک ہے۔‘‘
امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ مزید فرماتے ہیں :
فإذا دعی أهل البغی فامتنعوا من الإجابة فقاتلوا . . . فإنما أبيح قتال أهل البغی ما کانوا يقاتلون، وهم لا يکونون مقاتلين أبدا إلا مقبلين ممتنعين مريدين. فمتی زايلوا هذه المعانی فقد خرجوا من الحال التی أبيح بها قتالهم، وهم لا يخرجون منها أبدا إلا إلی أن تکون دماؤهم محرمة کهی قبل.
شافعي، کتاب الأم، 4 : 218
’’جب باغی دہشت گردوں کو راہِ راست کی طرف پلٹنے کی دعوت دی جائے اور وہ اسے قبول کرنے سے گریزاں ہوں تو ان کے ساتھ جنگ کی جائے گی۔۔ ۔ ۔ پس باغی عناصر کے ساتھ جنگ اس وقت تک جائز ہے جب تک وہ مسلح عسکری کارروائیاں کرتے رہیں۔ وہ عسکری کارروائیاں ہمیشہ جاری نہیں رکھ سکتے بلکہ کبھی وہ سامنے آئیں گے اور کبھی ارادی طور پر مخفی (گوریلہ) سرگرمیوں میں ملوث رہیں گے۔ لہٰذا جب بھی وہ مکمل طور پر پرامن ہو جائیں تو وہ اپنے خلاف جنگ کے جواز کی حالت سے نکل آئیں گے، اور اگر وہ عسکری کارروائیوں سے باز رہیں گے تو ان کا خون پہلے کی طر ح دوبارہ حرام ہوگا۔‘‘
فتنہ پروری، دہشت گردی اور خونریزی سے حتی الوسع بچنے کے لئے ائمہ کرام نے ہمیشہ اعتدال پسندی ضبط و تحمل اور ہم آہنگی کا درس دیا ہے۔ چنانچہ امام احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ نے خلقِ قرآن جیسے ایمانی مسئلے پر شدید دباؤ اور بے پناہ تکلیفیں حتی کہ قید و بند اور کوڑوں کی صعوبتیں برداشت کرنے کے باوجود عامۃ المسلمین کو حکومت وقت کے خلاف بغاوت پر نہیں اکسایا۔ خلق قرآن کا فتنہ امتِ مسلمہ کے لئے خطرناک ترین فتنوں میں سے ایک تھا جو معتزلہ کے انتہا پسندانہ عقائد کی پیداوار تھا اور اس نے حکمرانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ خوارج کے فکری وارث ’’معتزلہ‘‘ ریاست کے اہم امور میں اچھی خاصی مداخلت کرتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ اس دور میں بغداد اور بلادِ اسلام کی بڑی بڑی شخصیات حکومتی مخالفت اور مظالم کا شکار ہوئیں جن میں خود امام احمد بن حنبل بھی شامل تھے۔ اسی فتنہ خلقِ قرآن کے سبب آپ کو کئی بار کوڑے مارے گئے لیکن زندگی بھر آپ نے لوگوں کو بغاوت اور حکومت کے خلاف مسلح خروج سے روکے رکھا۔ آپ کی استقامت اور صبر و تحمل کے یہ واقعات بہت سی معروف کتب میں منقول ہیں۔ چنانچہ ابوبکر خلال نے اپنی کتاب ’’السنۃ‘‘ میں صحیح اسناد کے ساتھ اس کی تفصیل بیان کی ہے۔
حضرت ابو حارث فرماتے ہیں کہ انہوں نے امام ابو عبد اللہ احمد بن حنبل سے بغاوت کی اس تحریک کے متعلق پوچھا جو بغداد میں حکومت کے خلاف چل رہی تھی۔ کیونکہ بنو عباس کے حکمران معتزلہ سے متاثر ہو کر عامۃ المسلمین کے لئے مشکلات پیدا کر رہے تھے۔ امام احمد بن حنبل سے جب حکومت مخالف بغاوت میں شمولیت اور سرپرستی کی درخواست کی گئی تو آپ نے جو کلمات ادا فرمائے وہ کتنے واضح اور صریح ہیں، ملاحظہ ہوں :
سُبْحَانَ اﷲِ، الدِّمَاءَ، الدِّمَاءَ، لَا أَرَی ذَلِکَ، وَلاَ آمُرُ بِهِ، الصَّبْرُ عَلَی مَا نَحْنُ فِيهِ خَيْرٌ مِنَ الْفِتْنَةِ يُسْفَکُ فِيهَا الدِّمَائُ، وَيُسْتَبَاحُ فِيهَا الأَمْوَالُ، وَيُنْتَهَکُ فِيهَا الْمَحَارِمُ.
خلال، السنة، باب الإنکار علی من خرج علی السلطان : 132، رقم : 89
اس روایت کی سند صحیح ہے۔
’’سبحان اﷲ۔ خونریزی؟ خونریزی؟ میں اسے جائز نہیں سمجھتا۔ نہ میں اس کا حکم دیتا ہوں۔ ہم (حکومتی دباؤ کے نتیجے میں) جس صورت حال سے دوچار ہیں اس پر صبر کرنا اس فتنۂ بغاوت سے بہتر ہے جس میں مسلمانوں کے ناحق خون بہائے جائیں، مال لوٹے جائیں اور عزتیں اور حرمتیں پامال ہوں۔‘‘
لوگوں نے پھر اصرار کیا اور کہا کہ کیا آج ہم ایک ایسے فتنہ میں مبتلاء نہیں جس کو ختم کرنے کے لئے جہاد ضروری ہو جاتا ہے؟ مخاطب کی بات سن کر آپ نے فرمایا : بلاشبہ یہ ایک فتنہ ہے جو تھوڑے دنوں میں ختم ہو جائے گا لیکن اگر اس کے مقابلے میں تلواریں نیام سے نکل آئیں تو قتل عام ہوگا اور امن اور خیر کے دروازے بند ہو جائیں گے۔ لہٰذا آپ ان حالات کو صبر و تحمل کے ساتھ گزارنے کی تلقین فرماتے رہے۔
خلیفہ واثق باللہ کے عہد میں بغاوت نے جب زیادہ زور پکڑ لیا تو تمام فقہاے بغداد جمع ہو کر امام احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ کے پاس حاضر ہوئے اور بگڑتی ہوئی صورت حال کا تذکرہ کیا۔ آپ نے ان سے پوچھا کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ تمام جلیل القدر علماء نے متفقہ طور پر عرض کیا کہ ہم آپ سے مشورہ کرنے آئے ہیں کیونکہ ہم تو حکومتی موقف سے تنگ آ چکے ہیں اور خلیفہ واثق باللہ کے خلاف بغاوت میں شامل ہو کر اس کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں۔ آپ نے انہیں سمجھایا اور فرمایا کہ بلاشبہ معاملہ خطرناک ہو چکا ہے مگر آپ لوگ حکومت کی اتھارٹی اور حاکمیت کو چیلنج کرنے کا ارادہ ترک کر دیں۔ امام احمد بن حنبل نے زور دے کر فرمایا :
عَلَيْکُمْ بِالنَّکِرَةِ بِقُلُوبِکُمْ، وَلاَ تَخْلَعُوا يَدًا مِنْ طَاعَةٍ، وَلاَ تَشُقُّوا عَصَا الْمُسْلِمِينَ، وَلاَ تَسْفِکُوا دِمَاءَ کُمْ وَدِمَاءَ الْمُسْلِمِينَ مَعَکُمْ، انْظُرُوا فِی عَاقِبَةِ أَمْرِکُمْ، وَاصْبِرُوا حَتَّی يَسْتَرِيحَ بَرٌّ، أَوْ يُسْتَرَاحَ مِنْ فَاجِرٍ. لاَ، هَذَا خِلاَفُ الآثَارِ الَّتِی أُمِرْنَا فِيهَا بِالصَّبْرِ.
خلال، السنة، باب الإنکار علی من خرج علی السلطان : 133، رقم : 90
’’تم دل میں اس مسئلہ کو برا سمجھو لیکن حکومت وقت کی حاکمیت یعنی نظم اور اتھارٹی کو چیلنج نہ کرو اور مسلمانوں کی قوت اور وحدت کو نہ توڑو اور اپنا اور مسلمانوں کا خون مت بہاؤ اور اپنے اس معاملہ کے انجام پر غور کرو اور صبر کرو یہاں تک کہ نیک آدمی کو آرام ملے یا فاسق و فاجر سے چھٹکارا حاصل ہو جائے۔ اور یہ خروج ان آثار (یعنی صحابہ و تابعین کی روایات اور تعلیمات) کے خلاف ہے جن میں ہمیں ایسے حالات میں صبر کا حکم دیا گیا ہے۔‘‘
اَمیر المؤمنین فی الحدیث امام سفیان ثوری رحمۃ اللہ علیہ (م 161ھ) سے لوگوں نے خلیفہ ہارون الرشید کے مقابلے میں مسلح جدوجہد کے متعلق فتويٰ مانگا اور آپ کو باغیانہ تحریک میں شمولیت کی طرف متوجہ کیا لیکن آپ نے بھی لوگوں کو سمجھایا اور صبر و تحمل کے ساتھ فتنے سے دور رہنے کی تلقین فرمائی اور سائل سے کہا :
کَفَيْتُکَ هَذَا الأَمْرَ، وَنَقَّرْتُ لَکَ عَنْهُ، اجْلِسْ فِی بَيْتِکَ.
خلال، السنة، باب الإنکار علی من خرج علی السلطان : 137، رقم : 96
’’میں نے تجھے اس معاملہ سے بے نیاز کر دیا ہے اور معاملے کی وضاحت کر دی ہے۔ تم اس بغاوت کی تحریک سے بالکل الگ رہو۔‘‘
اما م ماوردی رحمۃ اللہ علیہ (م 450ھ) نے ’’الاحکام السلطانیۃ‘‘ میں باغیوں اور دہشت گر دوں کے بارے میں تفصیلی احکام بیان کئے ہیں۔ ان کا قول ہے کہ باغیوں سے جنگ کی جائے گی تا آنکہ وہ حکومت کے نظم کو تسلیم کر لیں۔ امام ماوردی رحمۃ اللہ علیہ نے اس امر کا استنباط سورۃ الحجرات کی درج ذیل آیت نمبر 9 سے کیا ہے :
وَإِنْ طَآئِفَتَانِ مِنَ الْمُؤْمِنِيْنَ اقْتَتَلُوْا فَأَصْلِحُوْا بَيْنَهُمَاج فَإِنْم بَغَتْ إِحْدٰهُمَا عًلَی الْأُخْرٰی فَقَاتِلُوا الَّتِيْ تَبْغِيْ حَتّٰی تَفِيْءَ إِلٰی أَمْرِ اﷲِج فَإِنْ فَآءَ تْ فَأَصْلِحُوْا بَيْنَهُمَا بِالْعَدْلِ وَأَقْسِطُوْاط إنَّ اﷲَ يُحِبُّ الْمُقْسِطِيْنَo
’’اور اگر مسلمانوں کے دوگروہ آپس میں جنگ کریں تو اُن کے درمیان صلح کرادیا کرو، پھر اگر ان میں سے ایک (گروہ) دوسرے پر زیادتی اور سرکشی کرے تو اس (گروہ) سے لڑو جو زیادتی کا مرتکب ہورہا ہے یہاں تک کہ وہ اﷲ کے حکم کی طرف لوٹ آئے، پھر اگر وہ رجوع کر لے تو دونوں کے درمیان عدل کے ساتھ صلح کرا دو اور انصاف سے کام لو، بے شک اﷲ انصاف کرنے والوں کو بہت پسند فرماتا ہےo‘‘
امام ماوردی رحمۃ اللہ علیہ نے اس آیت مبارکہ سے درج ذیل نکات اخذ کئے ہیں :
1. وفی قوله : ﴿فَإِنْم بَغَتْ إِحْدٰهُمَا عًلَی الْأُخْرٰی﴾ وجهان : أحدهما بغت بالتعدی فی القتال؛ والثانی بغت بالعدول عن الصلح.
’’آیتِ مذکورہ کے الفاظ فَإِنْم بَغَتْ إِحْدٰهُمَا عًلَی الْأُخْرٰی کے دو مطلب ہو سکتے ہیں : ایک یہ کہ جنگ میں زیادتی کر کے باغی ہوجائے، دوسرا یہ کہ صلح سے رُوگردانی کر کے باغی ہوجائے۔‘‘
2. وقوله ﴿فَقَاتِلُوا الَّتی تَبْغِی﴾ يعنی بالسيف ردعا عن البغی وزجرا عن المخالفة.
’’ فَقَاتِلُوا الَّتِيْ تَبْغِيْ کا مطلب یہ ہے کہ ان سے مسلح جنگ کی جائے تاکہ وہ بغاوت اور مخالفت سے باز آجائیں۔‘‘
3. وفی قوله تعالی : ﴿حَتَّی تَفِيءَ إِلَی أَمْرِ اﷲ﴾ : حتی ترجع إلی الصلح الذی أمر اﷲ تعالٰی به وهو قول سعيد بن جبير.
’’ حَتّٰی تَفِيْئَ اِلٰی اَمْرِ اﷲ ِکا حضرت سعید بن جبیر رضی اللہ عنہ نے یہ مفہوم بیان کیا ہے تاآنکہ اُس صلح کی جانب لوٹ آئیں جس کا اللہ نے حکم دیا ہے۔‘‘
4. ﴿فَإِنْ فَآءَ ْتْ﴾ أی رجعت عن البغي.
ماوردی، الأحکام السلطانية : 59
’’ فَاِنْ فَآءَ تْ کا مطلب یہ ہے کہ بغاوت ترک کر دیں۔‘‘
فقہ حنفی کے عظیم امام شمس الائمہ امام سرخسی (م 483ھ) نے باغی گروہ کی سرکوبی کو نہ صرف جائز بلکہ فرض قرار دیا ہے۔ ذیل میں امام سرخسی رحمۃ اللہ علیہ کا فتويٰ ملاحظہ ہو :
فحينئذ يجب علی من يقوی علی القتال أن يقاتل مع إمام المسلمين الخارجين لقوله تعالی : ﴿فَاِنْم بَغَتْ اِحْدٰهُمَا عَلَی الْاُخْرٰی فَقَاتِلُوا الَّتِيْ تَبْغِيْ﴾(1) والأمر حقيقة للوجوب، ولأن الخارجين قصدوا أذی المسلمين وإماطة الأذی من أبواب الدين، وخروجهم معصية ففی القيام بقتالهم نهی عن المنکر وهو فرض ولأنهم يهيجون الفتنة. قال صلی الله عليه وآله وسلم : الفتنة نائمة لعن اﷲ من أيقظها. فمن کان ملعونا علی لسان صاحب الشرع صلوات اﷲ عليه يقاتل معه.(2)
1. الحجرات، 49 : 9
2. سرخسی، کتاب المبسوط، 10 : 124
’’پس اس وقت ہر اس شخص پر جو جنگ میں شرکت کرنے کی طاقت اور قوت رکھتا ہو واجب ہوگا کہ وہ اﷲ تعاليٰ کے اس قول کے مطابق (پھر اگر ان میں سے ایک (گروہ) دوسرے پر زیادتی اور سرکشی کرے تو اس (گروہ) سے لڑو جو زیادتی کا مرتکب ہورہا ہے) باغیوں کے خلاف مسلم حکومت کی مدد کرے۔ یہاں امر، وجوب کے لئے آیا ہے کیونکہ خروج و بغاوت کرنے والوں نے مسلمانوں کو اذیت دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اسی طرح تکلیف و اذیت کو دور کرنا دین کے امور میں سے ہے اور ان کا یہ خروج معصیت کے زمرہ میں آتا ہے۔ سو ان کے خلاف جہاد کرنا نہی عن المنکر ہے جو کہ فرض ہے اس لئے کہ وہ فتنہ کو ہوا دیتے ہیں۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : فتنہ سویا ہوا ہوتا ہے اور اﷲ تعاليٰ اس شخص پر لعنت بھیجے جس نے اسے جگایا۔ اور جو صاحب شریعت علیہ الصلاۃ والسّلام کی زبان اقدس سے ملعون قرار پا چکا اس کے خلاف جہاد کیا جانا چاہیے۔‘‘
فقہ حنفی کی مشہور کتاب بدائع الصنائع کے مصنف امام کاسانی رحمۃ اللہ علیہ (م 587ھ) کا فتويٰ ہے کہ باغی دہشت گردوں کو فساد فی الارض کے خاتمہ کے لئے قتل کیا جانا چاہئے۔ وہ لکھتے ہیں :
ولأنهم ساعون فی الأرض بالفساد، فيقتلون دفعا للفساد علی وجه الأرض. وإن قاتلهم قبل الدعوة لا بأس بذلک، لأن الدعوة قد بلغتهم لکونهم فی دار الإسلام ومن المسلمين أيضا. ويجب علی کل من دعاه الإمام إلی قتالهم أن يجيبه إلی ذلک، ولا يسعه التخلف إذا کان عنده غنا وقدرة لأن طاعة الإمام فيما ليس بمعصية فرض، فکيف فيما هو طاعة.
کاسانی، بدائع الصنائع، 7 : 140
’’چونکہ وہ دہشت گردی کے مرتکب ہوتے ہیں سو انہیں دہشت گردی کے خاتمہ کی خاطر قتل کیا جائے گا۔ اور اگر حکومت انہیں (راہ راست پر آنے کی) دعوت دینے سے پہلے ہی ان کے ساتھ جنگ کرے تو اس میں بھی کوئی مضائقہ نہیں کیونکہ دعوت انہیں پہنچ چکی ہے، وہ مسلم ملک میں ہیں اور مسلمانوں کے ساتھ رہتے ہیں۔ ہر اس شخص پر واجب ہے جس کو حکومتِ وقت ان کے خلاف جنگ کرنے کی دعوت دے کہ وہ حکومت کی دعوت کو قبول کرے اور اس کے لئے جنگ سے پیچھے رہنے کی گنجائش نہیں ہے جبکہ وہ جنگ کی طاقت اور قدرت رکھتا ہو کیونکہ حکومت کی اتھارٹی کو تسلیم کرنا جس میں کوئی معصیت نہ ہو فرض ہے، اور جو چیز ہو ہی معصیت سے خالی تو اس کو ماننا تو بدرجہ اوليٰ لازم ہے۔‘‘
مسلمان ریاست میں کلمہ گو لوگوں کو قتل کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کب تک جاری رکھی جانی چاہئے اس پر فقہ حنفی کی معروف کتاب ’’الہدایۃ‘‘ کے مصنف امام مرغینانی (م 593ھ) فرماتے ہیں :
وإذا تغلب قوم من المسلمين علی بلد، وخرجوا من طاعة الإمام، دعاهم إلی العود إلی الجماعة، وکشف عن شبهتهم لأن عليا رضی الله عنه فعل ذلک بأهل حروراء قبل قتالهم، ولأنه أهون الأمرين ولعل الشر يندفع به، فيبدأ به ولا يبدأ بقتال حتی يبدؤه، فإن بدؤه قاتلهم حتی يفرق جمعهم.
مرغينانی، الهداية آخرين، کتاب السير، باب البغاة : 573
’’جب مسلمانوں کا کوئی گروہ کسی علاقہ پر قبضہ جمالے اور مسلم ریاست کے نظم اور اتھارٹی کو چیلنج کر دے تو حکومت کو چاہیے کہ وہ انہیں اپنی عمل داری میں آنے کی دعوت دے اور ان کے شبہات کا ازالہ کرے کیونکہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے اہل حروراء کے ساتھ جنگ کرنے سے پہلے ایسا ہی کیا تھا اس لئے کہ یہ دو کاموں (جنگ اور مذاکرات) میں سے آسان کام ہے اور اس لئے بھی کہ شاید فتنہ اس سے ختم ہو جائے۔ سو اسی سے آغاز کیا جائے اورجنگ کی ابتداء نہ کی جائے یہاں تک کہ وہ اس میں پہل کریں۔ پس اگر وہ جنگ میں پہل کرتے ہوئے ہتھیار اٹھا لیں تو ان کے ساتھ خوب لڑائی کرو یہاں تک کہ ان کی جمعیت منتشر ہو جائے اور ان کی قوت کا خاتمہ ہو جائے۔‘‘
امام ابن قدامہ المقدسی (م 620ھ) نے ’’المغنی‘‘ میں ’’قتال اھل البغی‘‘ کے عنوان سے باب باندھا ہے جس میں اُنہوں نے باغیوں سے متعلق محدثین کرام کے حوالے سے یہ فتويٰ دیاہے :
وذهبت طائفة من أهل الحديث إلی أنهم کفار مرتدون، حکمهم حکم المرتدين وتباح دماؤهم وأموالهم. فإن تحيزوا فی مکان وکانت لهم منعة وشوکة، صاروا أهل حرب کسائر الکفار، وإن کانوا فی قبضة الإمام استتابهم کاستتابة المرتدين. فإن تابوا وإلا ضربت أعناقهم، وکانت أموالهم فيئا لا يرثهم ورثتهم المسلمين.
ابن قدامة، المغنی، 9 : 4
’’محدثینِ کرام کے ایک طبقہ کے مطابق باغی دہشت گرد کافر اور مرتد ہیں اور ان کا حکم مرتدین جیسا ہوگا، اُن کے خون اور مال کو مباح قرار دیا جائے گا۔ اگر وہ اپنے آپ کو ایک جگہ محدود کرلیں اور ان کے پاس قوت اور محفوظ پناہ گاہیں ہوں تو وہ لوگ برسر پیکار کفار کی طرح اہلِ حرب ہو جائیں گے۔ اور اگر وہ حکومتِ وقت کے دائرہ اختیار میں ہوں تو انہیں توبہ کا موقع دیا جائے گا، اگر وہ توبہ کرلیں تو ٹھیک ورنہ ان کی گردنیں اُڑا دی جائیں گی اور ان کے مال ’’مالِ فَے‘‘ شمار ہوں گے، ان کے مسلمان ورثاء ان کے وارث نہیں ہوں گے۔‘‘
امام نووی (م 676ھ) نے اپنی کتاب ’’روضۃ الطالبین‘‘ میں لکھا ہے کہ باغی دہشت گردوں کو قتل کرنا اجماع صحابہ سے ثابت ہے۔ انہوں نے کہا ہے :
قال العلماء : ويجب قتال البغاة ولا يکفرون بالبغی، وإذا رجع الباغی إلی الطاعة قبلت توبته وترک قتاله، وأجمعت الصحابة رضی الله عنهم علی قتال البغاة.
نووی، روضة الطالبين، 10 : 50
’’تمام علماء نے کہا ہے : باغیوں کو قتل کرنا واجب ہے اور ان کو بغاوت کی وجہ سے کافر قرار نہیں دیا جائے گا اور باغی اگر اطاعت کی طرف رجوع کرلے تو اُس کی توبہ قبول کی جائے گی اور اس کے ساتھ جنگ ترک کر دی جائے گی۔ بغاوت کرنے والوں کے قتل پر تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا اجماع تھا۔‘‘
امام نووی نے اپنی کتاب ’’روضۃ الطالبین‘‘ میں باغی دہشت گردوں کی تکفیر کے حوالے سے جمہور کا مؤقف ان الفاظ میں بیان کیا ہے :
وأطلق البغوی أنهم إن قاتلوا فهم فسقة وأصحاب بهت، فحکمهم حکم قطاع الطريق. فهذا ترتيب المذهب والمنصوص، وما قاله الجمهور وحکی الإمام فی تکفير الخوارج وجهين. قال : فإن لم نکفرهم فلهم حکم المرتدين، وقيل حکم البغاة. فإن قلنا کالمرتدين لم تنفذ أحکامهم.
نووی، روضة الطالبين، 10 : 51، 52
’’امام بغوی نے علی الااطلاق کہا ہے کہ اگر وہ جنگ کریں تو وہ فاسق اور جھوٹے لوگ ہیں۔ پس ان کا حکم ڈاکوؤں کے حکم کی طرح ہوگا۔ یہ مذہب اور نص کی ترتیب ہے، یہی جمہور نے کہا ہے۔ امام بغوی نے خوارج کی تکفیر میں بیان کیا ہے کہ اس میں دو صورتیں ہیں۔ انہوں نے کہا ہے : اگر ہم ان کو کافر قرار نہ دیں تو ان کے لئے مرتدین کا حکم ہو گا اور یہ بھی کہاگیا ہے کہ اُن پر باغیوں کا حکم عائد ہوگا۔ پھر اگر ہم اُنہیں مرتدین کی طرح کہیں تو ان کے اَحکام نافذ نہیں کئے جائیں گے۔‘‘
جان و مال کی حفاظت چونکہ حکومت وقت کا فرض ہے اس لئے امن و امان برباد کرنے اور معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے والوں کے خلاف مسلم حکومت کا فریضہ ہے کہ وہ ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے تاکہ حکومتی نظم بحال ہو۔ ایسی صورت میں لوگوں پر ضروری ہے کہ وہ حکومت کی مکمل تائید کریں۔ فتاويٰ تاتارخانیۃ میں علامہ عالم بن العلاء الاندریتی الدہلوی (م 786ھ) نے یہ فتويٰ دیاہے :
يجب أن يعلم أن أهل البغي قوم من المسلمين، يخرجون علی الإمام العدل ويمتنعون عن أحکام أهل العدل، فالحکم فيهم أنهم إذا تجهزوا واجتمعوا حل لإمام أهل العدل أن يقاتلهم، وعلی کل من يقدر علی القتال أن يقوم بنصرة إمام أهل العدل.
اندريتي، الفتاوي التاتارخانية، 4 : 172
’’اس بات کا جاننا ازحد ضروری ہے کہ مسلمانوں میں سے وہ دہشت گرد اور باغی عناصر جو مسلم ریاست کے خلاف خروج یعنی مسلح جدوجہد کرتے ہیں اور عدالتی احکامات کے نفاذ کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں، ان کے متعلق حکم یہ ہے کہ جب وہ عسکری طور پر تیاری کر لیں اورمسلح کارروائی کے لئے جمع ہو جائیں تو حکومت کے لئے ضروری ہو جاتا ہے کہ وہ ان دہشت گرد باغیوں کے خلاف جنگ و قتال کرے اور اس ملک کے ہر اس شہری پر حکومت کی اعانت وحمایت لازم ہو جاتی ہے جو کسی حوالے سے بھی جنگ کی صلاحیت و استطاعت رکھتا ہے۔‘‘
امام ابراہیم بن محمد عبد اﷲ بن مفلح الحنبلی (م 884ھ) نے بھی امام نووی کی طرح دہشت گرد باغیوں کو رجوع کی دعوت نہ ماننے پر قتل کرنے کا فتويٰ دیا ہے۔
أصل من کفر أهل الحق والصحابة واستحل دماء المسلمين فهم بغاة فی قول الجماهير، تتعين استتابتهم، فإن تابوا وإلا قتلوا علی إفسادهم لا علی کفرهم.
ابن مفلح، المبدع، 9 : 160
’’دراصل جس آدمی نے اہلِ حق اور صحابہ رضی اللہ عنہم کو کافر قرار دیا (جیسا کہ خوارج نے کیا) اور مسلمانوں کے خون حلال کر لیے تو جمہور کے قول کے مطابق یہ باغی ہیں۔ ان کے لیے یہ بات متعین ہے کہ اُن سے توبہ طلب کی جائے۔ پھر اگر وہ توبہ کر لیں توٹھیک ورنہ انہیں ان کے فساد پھیلانے کی وجہ سے قتل کر دیا جائے گا نہ کہ ان کے کفر کی وجہ سے۔‘‘
وہ مزید لکھتے ہیں :
فإن فاؤوا وإلا قاتلهم وعلی رعيته معونته علی حربهم، فإن استنظروه مدة رجا فلا يمکن ذلک فی حقهم، فإن أبوا الرجوع وعظهم وخوفهم القتال لأن المقصود دفع شرهم لا قتلهم، فإن فاؤوا أی رجعوا إلی الطاعة وإلا قاتلهم أی يلزم القادر قتالهم لإجماع الصحابة علی ذلک.
ابن مفلح، المبدع، 9 : 161
’’پھر اگر وہ باز آئیں تو درست ورنہ ان سے جنگ کی جائے گی اور ریاست کے شہریوں پر فرض ہے کہ وہ ان کے خلاف جنگ میں حکومت کی مدد کریں۔ پھر اگر یہ خوارج (یا ان کی مثل دیگر دہشت گرد گروہ) کچھ مدت کے لیے مہلت مانگیں تو ان کے حق میں یہ ممکن نہیں ہے۔ پھر اگر وہ اپنی روش سے باز آنے سے انکار کر دیں تو حکومت ان کو نصیحت کرے اور جنگ سے ڈرائے کیونکہ مقصود ان کا قتل نہیں بلکہ ان کے شر کو دور کرنا ہے۔ اگر وہ حکومت کا نظم اور اتھارٹی تسلیم کرلیں تو ٹھیک ورنہ حکومت ان کے خلاف جنگ کرے یعنی ان پر قدرت رکھنے والی حکومت پر ان کے خلاف جنگ کرنا لازم ہے کیونکہ اس پر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا اجماع ہے۔‘‘
فقہائے احناف کی جلیل القدر کتاب ’’البحر الرائق شرح کنز الدقائق‘‘ کے مصنف علامہ زین الدین بن نجیم حنفی (م 970ھ) نے دہشت گردی اور بغاوت کے احکامات پر تفصیلی بحث کی ہے۔ امام ابو البرکات عبد اللہ بن احمد بن محمود النسفی (710ھ) کی ’’کنز الدقائق‘‘ میں ایک قول پر تبصرہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
قوله خرج قوم مسلمون عن طاعة الإمام وغلبوا علی بلد دعاهم إليه وکشف شبهتهم بأن يسألهم عن سبب خروجهم، فإن کان لظلم منه أزاله وإن قالوا الحق معنا والولاية لنا، فهم بغاة، لأن عليا رضی الله عنه فعل ذلک بأهل حروراء قبل قتالهم ولأنه أهون الأمرين. ولعل الشر يندفع به، فيبدأ به استحبابا لا وجوبا. فإن أهل العدل لو قاتلوهم من غير دعوة إلی العود إلی الجماعة، لم يکن عليهم شیء، لأنهم علموا ما يقاتلون عليه، فحالهم کالمرتدين وأهل الحرب بعد بلوغ الدعوة.
ابن نجيم، البحر الرائق، 5 : 151
’’امام نسفی کا یہ کہنا کہ وہ مسلمان قوم ہیں جو مسلم حکومت کی اطاعت سے نکل آئے اور کسی شہر پر انہوںنے غلبہ حاصل کر لیا تو ان کو حاکم وقت بلائے اور ان کے شبہات کو دور کرے۔ ان سے ان کے خروج کا سبب معلوم کرے۔ اگر حاکم کی طرف سے ظلم ہو رہا ہے تو اس کا ازالہ کیا جائے۔ اگر وہ لوگ اصرار کرتے ہوئے کہیں کہ ہم ہی حق پر ہیں یعنی باقی لوگ گمراہ ہیں اور حکومت کا حق صرف ہمیں حاصل ہے تو یہ باغی لوگ ہیں اور ایسے باغیوں کی سزا مرتدین کی طرح ہو گی کیونکہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے اہل حروراء کے ساتھ لڑنے سے پہلے یہی عمل کیا تھا اور اس لئے بھی کہ یہ لڑائی اور مذاکرات میں سے آسان طریقہ ہے۔ ممکن ہے کہ شر اس سے دور ہو جائے اور قتال کی نوبت نہ آنے پائے، اس لئے اسی سے ابتدا کرنا بہتر اور مستحب ہے مگر لازم نہیں۔ کیونکہ اگر مسلمان حکومت انہیں جماعت کی طرف پلٹ آنے کی دعوت نہ بھی دے اور ان سے جنگ کرے تو بھی حکومت پر شرعاً کوئی گناہ نہیں ہے۔ اس لئے کہ ان کو پتہ ہے کہ جنگ کس وجہ سے ہو رہی ہے۔ ان کا حال مرتدوں اور اہل حرب کافروں جیسا ہے جن کے پاس دعوت پہنچ چکی ہے۔‘‘
علامہ عبد الرحمن الجزیری (م 1359 ھ) ’’الفقہ علی المذاھب الاربعۃ‘‘ میں جمہور فقہاء کی تائید کرتے ہوئے شر پسندوں کے خلاف جنگ کو ضروری قرار دیتے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں :
لو خرج جماعة علی الإمام ومنعوا حقا ﷲ أو لآدمي، أو أبوا طاعته يريدون عزله، ولو کان جائرا، فيجب علی الإمام أن ينذر هؤلاء البغاة، ويدعهم لطاعته، فإن هم عادوا إلی الجماعة ترکهم، وإن لم يطيعوا أمره قاتلهم بالسيف.
جزيری، کتاب الفقه علی المذاهب الأربعة، 5 : 419
’’اگر لوگوں کا ایک گروہ مسلمان حکومت کے خلاف علمِ بغاوت بلند کرے اور حقوق اﷲ یا حقوق العباد کی ادئیگی میں رکاوٹ پیدا کرے یا حکومت کی معزولی کے ارادے سے اس کی اتھارٹی کو تسلیم کرنے سے انکار کرے خواہ یہ حکومت خطا کار ہی ہو تو حکومت وقت پر لازم ہے کہ ان سرکشوں کو انجام بد سے ڈرائے اور انہیں حکومت کی اتھارٹی اور نظم کو ماننے کی دعوت دے، پس اگر وہ مسلمانوں کی ہیئت اجتماعی کی حاکمیت کی طرف پلٹ آئیں تو انہیں چھوڑ دیا جائے اور اگر وہ حکومت کی اتھارٹی کو تسلیم کرنے سے انکار کریں تو حکومت ان کے خلاف جنگ کرے۔‘‘
درج بالا فتاوی کے مطالعہ سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ مذاہب اربعہ کے جملہ ائمہ کبار اس بات پر متفق ہیں کہ مسلم ریاست کے خلاف مسلح بغاوت جائز نہیں خواہ اس کی کچھ بھی تاویل کی جائے۔ ریاست کا نظم اور اتھارٹی قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور مسلم ریاست کے جملہ شہریوں کو مسلح بغاوت کی سرکوبی میں ریاست کی معاونت اور مدد کرنی چاہیے۔
Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved