سلسلہ تعلیمات اسلام 2: اسلام

پیش لفظ

اسلامی تعلیمات کو آسان ترین پیرائے میں ذہن نشین کرانے کے لئے ہر دور میں علماء امت اپنے اپنے طریقوں اور وقتی و مقامی تقاضوں کے مطابق کاوشیں کرتے رہے ہیں۔ ان میں پنجابی اور فارسی کی کچھ منظوم کتب تو اب تک متداول ہیں اور دیہاتوں میں پڑھی پڑھائی جاتی ہیں۔ ان کا بنیادی مقصد بھی یہی ہوتا تھا کہ اسلامی عقائد، فرائض اور سنتوں کی معرفت حاصل کی جاسکے اور لوگ ارکانِ اسلام کی بجا آوری خود اعتمادی اور دلجمی سے کرسکیں۔

جس طرح لوگوں کی فہم و بصیرت کے درجات مختلف ہیں جو عمر، تعلیم اور عملی تجربے سے متعین ہوتے ہیں اسی طرح اسلامی احکام کی تشریح و تعبیر کی بھی مختلف سطحیں ہیں۔ ان ذہنی سطحوں جن کا ہر دور کے علماء نے کلموا الناس علی قدر عقولھم (لوگوں کے ساتھ ان کی ذہنی سطح کے مطابق بات کرو) کے اصول کے مطابق پورا پورا خیال رکھا ہے۔

عصر حاضر میں تجدید و احیائے اسلام کی نقیب، تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے عقیدہ و عمل میں اصلاح اور دعوت و ارشاد کے لئے جن مختلف ذرائع کو استعمال میں لایا جا رہا ہے ان میں سے ایک علمی و فکری اور دعوتی و تربیتی لٹریچر بھی ہے۔ اس لٹریچر میں تفسیری کتب بھی شامل ہیں اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مرتبہ مجموعے بھی۔ ارکان ایمان، ارکانِ اسلام اور سیرت و فضائل نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر مشتمل سینکڑوں کتب بھی۔ لیکن ان موضوعات پر مبنی کتب کا اپنا ایک معیار ہے۔ پھر طویل اصولی نظریاتی اور استدلالی ابحاث ہیں جن سے عام طور پر معمولی تعلیم یافتہ لوگ استفادہ نہیں کرسکتے۔ چنانچہ قائد محترم کے حکم پر فرید ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ کے پلیٹ فارم سے عام الناس خصوصاً کم پڑھی لکھی خواتین، جن کا بہت بڑا حصہ گھر داری اور بچوں کی پرورش میں گزرتا ہے ان کے لئے سوالاً جواباً تعلیماتِ اسلام سیریز کی اشاعت کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ اب تک اس سلسلے کی 3 کتب شائع ہو چکی ہیں جن میں عمومی موضوعات پر مشتمل ایک کتاب کے علاوہ ایمان اور احسان پر الگ الگ 100 سوالات کے جوابات شامل ہیں۔ ان معلوماتی نوعیت کی ضروری تعلیمات کے مواد کی ابتدائی تیاری ہماری دو فاضل بہنوں (فریدہ سجاد اور مصباح کبیر) نے کی جو بالعموم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب و کیسٹ اور ان کے غیر مطبوعہ مسودات سے تیار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اس مسودے کو حسب ضرورت سینئر احباب نے بھی بالاستیعاب دیکھا۔ اس میں کوشش کی گئی ہے کہ زندگی کے اہم گوشوں پر حتی المقدور دینی راہنمائی کا اہتمام کیا جائے۔ عقائد و اعمال اور روز مرہ کے مسائل حیات پر اتنی آسان پیرائے میں اتنی معلومات پر مشتمل کوئی کتاب ہماری نظروں سے نہیں گزری۔ یہ کتاب کئی اعتبار سے منفرد قرار دی جاسکتی ہے مثلاً اس میں سادگی کے ساتھ ساتھ جدت کا خیال بھی رکھا گیا ہے۔ قبل ازیں اس نوعیت کی کتب میں سے اردو زبان میں رکن دین جیسی کتب موجود تھیں مگر تغیر پذیر احوالِ حیات نے بہت سے ایسے مسائل پیدا کر دیئے ہیں جو ان کتب میں موجود ہی نہیں۔ اس کتاب کی دوسری اور اہم ترین خصوصیت یہ ہے کہ اس میں زبان و بیان کو حتی الامکان آسان اور سھل بنا دیا گیا ہے۔ تاکہ ایسے خواتین و حضرات بھی اس کا مطالعہ آسانی سے کرسکیں جو محض اردو پڑھنا جانتے ہوں۔ اس کتاب کی تیسری خصوصیت یہ ہے کہ اس میں معلومات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ علمی اور تحقیقی معیار کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔ جہاں ضروری سمجھا گیا ہے حوالہ بھی دے دیا گیا ہے تاکہ مزید تفصیل طلب خواتین حضرات اصل مصادر تک بھی رسائی حاصل کرسکیں۔

اِن شاء اللہ تعلیماتِ اسلام کا یہ معلوماتی سلسلہ قبول عام حاصل کرے گا اور اس طرح کی مزید کتب بھی دینی حقائق کو آسان ترین پیرائے میں بیان کرنے کے لئے زیور طبع سے آراستہ ہوتی رہیں گی۔

(ڈاکٹر علی اکبر قادری الازہری)
ڈائریکٹر، فریدِ ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ

Copyrights © 2025 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved