یہ محبتیں، یہ سوز و جنوں
ہیں غذائی دِل بدہ از ہمدلی
رَو بجُو اِقبال را از مُقبلی
ہاں! کسی دل والے سے (لے کر) دل کو خوراک دے
جا! کسی نصیبہ والے سے نصیبہ تلاش کر
مولانا جلال الدین رومی
{مثنوی، دفتر اول، 726}
اِنسانی فطرتِ سلیمہ کا تقاضا ہے کہ جسے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کی خدمت کی توفیق حاصل ہو جائے تو اس کی شخصیت اور کردار سے لوگوں کے دلوں میں محبت پیدا ہوجاتی ہے۔ ایسا پیار و محبت اور عقیدت و اِحترام شخصیت پرستی کے زُمرے میں نہیں آتا۔ بلکہ ایسے انسان سے عقیدت و محبت درحقیقت اللہ اور اس کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہی محبت ہوتی ہے۔ کیونکہ یہ اُنہی کے پیغام ہی کی برکت ہے کہ جس نے ایک عاجز اِنسان کو اِس قابل بنا ڈالا کہ دنیا کے لاکھوں لوگ اس سے محبت و عقیدت کا دم بھرتے ہیں۔ جماعتی و تحریکی محبتوں اور اِن جذبوں کے پیچھے درحقیقت اِسلام سے محبت ہی چھپی ہے۔
یہ سُنتِ نبوی پر عمل کی برکت ہوتی ہے کہ لوگ ایک عاجز کو قابلِ احترام سمجھنا شروع کر دیتے ہیں۔ اُس کے چہرے کو دیکھ کر اللہ اِس لیے یاد آتاہے کیونکہ اُس کے چہرے کی نورانیت کے پیچھے نورِ محمدی ہی چھپا ہوتا ہے۔ اِسی حوالے سے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے۔ حضرت عمرو بن جموح رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں:
قَالَ رَسُوْلُ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم: إِنَّ أَحِبَّائِي وَأَوْلِيَائِي الَّذِيْنَ يُذْکَرُوْنَ بِذِکْرِي، وَأُذْکَرُ بِذِکْرِهِمْ.
أحمد بن حنبل، المسند، 3:430، رقم:15588
طبرانی، المعجم الأوسط،1:203، رقم:651
ابن أبی الدنيا، کتاب الأولياء:15، رقم:19
ديلمی، مسند الفردوس، 5:152، رقم:7789
منذری، الترغيب والترهيب، 4:14، رقم:4589
رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: بے شک میرے احباب اور اولیاء وہ لوگ ہیں کہ میرا ذکر کرنے سے وہ یاد آجاتے ہیں اور ان کا ذکر کرنے سے میں یاد آ جاتا ہوں (یعنی میرا ذکر ان کی یاد دلاتا ہے اور ان کا ذکر میری یاد دلاتا ہے)۔
اِسی مضمون کو ’مسند اَحمد‘ اور ’سنن ابن ماجہ‘ میں یوں روایت کیا گیا ہے:
عَنْ أَسْمَاءَ بِنْتِ يَزِيْدَ رضی الله عنها، قَالَتْ: سَمِعْتُ رَسُوَْلَ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم يَقُوْلُ: أَ لَا أُنَّبِئُکُمْ بِخِيَارِکُمْ؟ قَالُوْا: بَلٰی، يَا رَسُوْلَ اﷲِ، قَالَ: خِيَارُکُمُ الَّذِيْنَ إِذَا رُؤُوْا، ذُکِرَ اﷲُ عزوجل.
احمد بن حنبل، المسند، 6:459، رقم:27640
ابن ماجه، السنن، کتاب الزهد، باب من لا يؤبه له، 2:1379، رقم:4119
بخاری، الأدب المفرد:119، رقم:323
حضرت اَسماء بنت یزید رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمکو فرماتے ہوئے سنا: کیا میں تمہیں تم میں سے بہترین لوگوں کے بارے میں خبر نہ دوں؟ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: یا رسول اﷲ! کیوں نہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے بہترین لوگ وہ ہیں کہ جب انہیں دیکھا جائے تو اﷲتعالیٰ یاد آ جائے۔
ایک اور حدیث مبارکہ حضرت عبد اﷲ بن عباس رضی اللہ عنہما سے یوں مروی ہے:
سُئِلَ رَسُوْلُ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم عَنْ أَوْلِيَاءِ اﷲِ؟ فَقَالَ: الَّذِيْنَ إِذَا رُؤُوْا ذُکِرَ اﷲُ.
نسائي، السنن الکبری، 6:362، رقم:11235
ابن المبارک، الزهد، 1:72، رقم:217
مقدسي، الأحاديث المختارة، 10:108-109، رقم:105
رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اولیاء اﷲ کے متعلق پوچھا گیا (کہ ان کی علامت کیا ہے؟) تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: وہ لوگ جنہیں دیکھنے سے اللہ تعالیٰ یاد آجائے (وہ اولیاء اﷲ ہیں)۔
دین اسلام کے نام پر ساری محبتیں بارگاہ نبوی تک جا پہنچتی ہیں، ہر محبت کے پیچھے محبتِ الٰہی اور محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم چھپی بیٹھی ہے۔ اِسی لیے مولانا جلال الدین رومی نے کیا خوب فرمایا:
گفت طَوبَی مَن رآنی مصطفیٰ
والذی یبصِر لِمَن وَجھی رَاَی
مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: خوش خبری ہے اس کے لئے جس نے مجھے دیکھا۔ اور جو اُس کو دیکھے جس نے میرا چہرہ دیکھا۔
چون چراغی نورِ شمعی را کشید
ھرکہ دیدآن را یقین آں شمع دید
جب چراغ نے شمع کی روشنی حاصل کر لی، جس نے اُسے دیکھا یقینا اُس نے شمع کو دیکھا۔
ہم چنیں تا صد چراغ ار نقل شُد
دیدنِ آخر لَقای اصل شُد
اِسی طرح اگر وہ سو چراغوں میں منتقل ہوئی تو آخری کا دیکھنا بھی اصل کی ملاقات تھی۔
خواہ از نور پسین بُستان تو آں
ہیچ فرقی نیست خواہ از شمع دان
خواہ آخری روشنی سے تو وہ لے، کوئی فرق نہیں خواہ شمع سے سمجھ لے۔
خواہ نور از اوّلیں بستاں بجاں
خواہ از نور لسپیں فرقے مداں
خواہ پہلے والے سے تُو دل و جان سے روشنی لے، خواہ آخری روشنی سے کوئی فرق نہ سمجھ۔
خواہ بین نور از چراغِ آخرین
خواہ بین نورش ز شمعِ غابرین
خواہ روشنی آخری چراغ کی دیکھے، خواہ اُس کی روشنی گزرے ہوؤں کی سمجھ۔
(1) مثنوی، دفتر اول، 1946-1950
بہرحال بات ہو رہی تھی کہ لوگ اپنی اپنی پسندیدہ دینی شخصیات کے ساتھ جنوں کی حد تک عقیدت اور محبت کا مظاہرہ کیوں کرتے ہیں۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
{اِنَّ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ سَيَجْعَلُ لَهُمُ الرَّحْمٰنُ وُدًّاo}
(2) مريم، 19:96
بے شک جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کیے تو (خدائے) رحمن ان کے لیے (لوگوں کے) دلوں میں محبت پیدا فرما دے گاo
حافظ ابن کثیر اس آیت کی تفسیر میں فرماتے ہیں:
آیت کا مطلب یہ ہوا کہ نیک عمل کرنے والے ایمان داروں سے خدا تعالیٰ خود محبت کرتا ہے اور زمین پر بھی ان کی محبت اور مقبولیت اتاری جاتی ہے۔ مومن ان سے محبت کرنے لگتے ہیں۔ ان کا ذکرِ خیر ہوتا ہے اور ان کی موت کے بعد بھی ان کی بہترین شہرت باقی رہتی ہے۔ ہرم بن حیان کہتے ہیں کہ جو بندہ سچے اور مخلص دل سے اللہ کی طرف جھکتاہے اللہ تعالیٰ مومنوں کے دلوں کو اس کی طرف جھکا دیتا ہے۔ وہ اس سے محبت اور پیار کرنے لگتے ہیں۔ حضرت عثمان بن عفان کا فرمان ہے بندہ جو بھلائی برائی کرتا ہے اللہ تعالیٰ اسے اسی کی چادر اُڑا دیتا ہے۔
(1) ابن کثیر، تفسیر القرآن العظیم، ج: 3، ص: 35
ایک حدیث قدسی میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رضی الله عنه، قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم: إِنَّ اﷲَ قَالَ: مَنْ عَادٰی لِي وَلِيًّا، فَقَدْ آذَنْتُهُ بِالْحَرْبِ، وَمَا تَقَرَّبَ إِلَيَّ عَبْدِي بِشَيْئٍ أَحَبَّ إِلَيَّ مِمَّا افْتَرَضْتُ عَلَيْهِ، وَمَا يَزَالُ عَبْدِي، يَتَقَرَّبُ إِلَيَّ بِالنَّوَافِلِ حَتّٰی أُحِبَّهُ، فَإِذَا أَحْبَبْتُهُ: کُنْتُ سَمْعَهُ الَّذِي يَسْمَعُ بِهِ، وَبَصَرَهُ الَّذِي يُبْصِرُ بِهِ، وَيَدَهُ الَّتِي يَبْطِشُ بِهَا، وَرِجْلَهُ الَّتِي يَمْشِي بِهَا، وَإنْ سَأَلَنِي لَأُعْطِيَنَّهُ، وَلَئِنِ اسْتَعَاذَنِي، لَأُعِيذَنَّهُ، وَمَا تَرَدَّدْتُ عَنْ شَيْئٍ أَنَا فَاعِلُهُ تَرَدُّدِي عَنْ نَفْسِ الْمُؤْمِنِ، يَکْرَهُ الْمَوْتَ وَأَنَا أَکْرَهُ مَسَاءَتَهُ.
بخاری، الصحيح، کتاب الرقاق، باب التواضع، 5:2384، رقم:6137
ابن حبان، الصحيح، 2:58، رقم:347
بيهقی، السنن الکبری، 10:219
بيهقی، کتاب الزهد الکبير، 2:269، رقم:696
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: جو میرے کسی ولی سے دشمنی رکھے میں اُس سے اعلانِ جنگ کرتا ہوں اور میرا بندہ ایسی کسی چیز کے ذریعے میرا قرب نہیں پاتا جو مجھے فرائض سے زیادہ محبوب ہو اور میرا بندہ نفلی عبادات کے ذریعے برابر میرا قرب حاصل کرتا رہتا ہے حتیٰ کہ میں اس سے محبت کرنے لگتا ہوں اور جب میں اس سے محبت کرتا ہوں تو میں اس کے کان بن جاتا ہوں جس سے وہ سنتا ہے اور اس کی آنکھ بن جاتا ہوں جس سے وہ دیکھتا ہے اور اس کا ہاتھ بن جاتا ہوں جس سے وہ پکڑتا ہے اور اس کا پاؤں بن جاتا ہوں جس سے وہ چلتا ہے اگر وہ مجھ سے سوال کرتا ہے تو میں اسے ضرور عطا کرتا ہوں اور اگر وہ میری پناہ مانگتا ہے تو میں ضرور اسے پناہ دیتا ہوں۔ میں نے جو کام کرنا ہوتا ہے اس میں کبھی اس طرح متردد نہیں ہوتا جیسے بندہِ مومن کی جان لینے میں ہوتا ہوں۔ اسے موت پسند نہیں اور مجھے اس کی تکلیف پسند نہیں۔
جب یہ شخص قربتِ اِلٰہی کے اس مقام پر پہنچتا ہے تو پھر نہ صرف وہ محبوبِ اِلٰہی بن جاتا ہے بلکہ اﷲ کی مخلوق بھی اُس سے محبت کرنے لگتی ہے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رضی الله عنه، عَنِ النَّبِيِّ صلی الله عليه وآله وسلم قَالَ: إِذَا أَحَبَّ اﷲُ الْعَبْدَ نَادٰی جِبْرِيْلَ: إِنَّ اﷲَ يُحِبُّّ فُـلَانًا، فَأَحْبِبْهُ، فَيُحِبُّهُ جِبْرِيْلُ، فَيُنَادِي جِبْرِيْلُ فِي أَهْلِ السَّمَاءِ: إِنَّّ اﷲَ يُحِبُّ فُـلَانًا، فَأَحِبُّوْهُ، فَيُحِبُّهُ أَهْلُ السَّمَاءِ، ثُمَّ يُوْضَعُ لَهُ الْقَبُوْلُ فِي الْأَرْضِ.
بخاری، الصحيح، کتاب بدء الخلق، باب ذکر الملائکة، 3:1175، رقم:3037
بخاری، الصحيح، کتاب الادب، باب المِقَةِ من اﷲ تعالی، 5:2246، رقم:5693
مسلم، الصحيح، کتاب البر والصلة والآداب، باب إذا احب اﷲ عبدا حببه إلی عباده، 4:2030، رقم:2637
مالک، الموطا، 2:953، رقم:1710
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب اللہ تعالیٰ کسی بندے سے محبت کرتا ہے تو جبرائیل علیہ السلامکو آواز دیتا ہے کہ اللہ تعالیٰ فلاں بندے سے محبت رکھتا ہے لہٰذا تم بھی اس سے محبت کرو۔ تو جبرائیل علیہ السلام اس سے محبت کرتے ہیں۔ پھر جبرائیل علیہ السلام آسمانی مخلوق میں ندا دیتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ فلاں بندے سے محبت کرتا ہے، لہٰذا تم بھی اس سے محبت کرو۔ چنانچہ آسمان والے بھی اس سے محبت کرنے لگتے ہیں اور پھر زمین والوں (کے دلوں) میں (بھی) اس کی مقبولیت رکھ دی جاتی ہے۔
اللہ تعالیٰ اور اُس کی مخلوق کے محبوب سے اِظہارِ محبت کو شخصیت پرستی کا عنوان دے کر محبت کے پاکیزہ جذبے کو بدنام کرنا کسی طرح بھی درست نہیں۔ بلکہ ہمارے نزدیک تو یہ سوچ بذاتِ خود غلط ہے کہ جس کی نہ تو کوئی عقلی اور نہ ہی کوئی شرعی توجیہ پیش کی جا سکتی ہے۔
اَہلِ سنت و جماعت(1) سے کیا مراد ہے؟ ’سنت‘ سے مراد درحقیقت قرآن اور حدیث نبوی پر مبنی اصول و قوانین ہیں، جبکہ ’جماعت‘ کا لفظ اکثریتی طبقہ اور جمہور اُمت پر بولا جاتا ہے۔ اَہلِ سنت و جماعت وہ لوگ ہیں جن کے ہاں اُصول اور قوانین کو شخصیات کے ذریعہ سے اور شخصیات کو قوانین و اُصول کے ذریعہ سے سمجھا اور پرکھا جا سکتا ہے۔ نہ تو تنہا قوانین کو شخصیات سے علیحدہ کرکے محض اپنی عقل کے مطابق اُن کی تشریح کی جاتی ہے اور نہ ہی شخصیات کو اُصول و قوانین سے بالاتر سمجھ کر اُن ہی کے ذاتی اَعمال اور کیفیات کو قانون و اُصول کا درجہ دیا جاتا ہے۔
(1) مسلمانوں کے دو بڑے گروہوں (سنی اور شیعہ) میں سے مقدم الذکر کا نام اَہل السنت ہے۔ اَہلِ سنت سے مُراد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت اور آثارِ صحابہ پر عمل پیرا ہونے والے لوگ، دوسرے لفظوں میں اِس طبقہ کا اِطلاق اُن اشخاص پر ہوتاہے جن کے اعتقادات، اعمال اور مسائل کا محور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنتِ صحیحہ اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے آثار ہیں۔ ’اَھل السنۃ والجماعۃ‘ کی اِصطلاح تیسری صدی ہجری میں اِمام ابو الحسن اَشعری کی تحریک کے بعد عام ہوگئی۔ اُس دور میں جمہور اُمت، جماعت اور اَھل السنہ کی جگہ اَھل السنۃ والجماعۃ کی اِصطلاح زیادہ مروج ہوئی۔
اِس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اِس اُمت کو صرف قرآن ہی نہیں دیا بلکہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صورت میں مجسم و مشخص ذاتِ عالی بھی عطا فرمائی ہے جنہوں نے قرآن کو سُنایا، سمجھایا اور اِس کا عملی نمونہ پیش کیا ہے اور پھر اِس پر عمل کرنے اور ٹھیک ٹھیک سمجھنے کے لیے ذہنوں اور دلوں کو صاف کیا ہے۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے اعلان فرمایا کہ اگر تم مجھ سے محبت چاہتے ہو تومیرے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی کرو:
{قُلْ اِنْ کُنْتُمْ تُحِبُّونَ اﷲَ فَاتَّبِعُوْنِیْ يُحْبِبْکُمُ اﷲُ وَيَغْفِرْلَکُمْ ذُنُوْبَکُمْط وَاﷲُ غَفُوْرٌ رَّحِيْمٌo}
(1) آلِ عمران، 3:31
(اے حبیب!) آپ فرما دیں: اگر تم اﷲ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو تب اﷲ تمہیں (اپنا) محبوب بنا لے گا اور تمہارے لیے تمہارے گناہ معاف فرما دے گا، اور اﷲ نہایت بخشنے والا مہربان ہےo
بات عقیدہ کی ہو یا عمل کی، جب تک اُس کی تصدیق بارگاہِ نبوی سے نہیں ہوگی وہ شریعتِ اِسلامیہ کا حصہ نہیں بنے گا، مثلا وحدتِ اِلٰہی جب تک زبانِ نبوی سے بیان نہیں ہوگی وہ توحید الٰہی میں نہیں بدلے گی۔ وحدتِ اِلٰہی تو دوسرے اَدیان کے پیروکار بھی مانتے ہیں، توحید تب بنے گی جب اُس کا ماننا صرف بارگاہِ نبوی کے ذریعے ہوگا۔ اللہ کو ایک تو سب مانتے ہیں مگر جاننا صرف بارگاہِ مصطفوی سے ہی ممکن ہے۔ سارے کا سارا اِسلام ذاتِ نبوی سے منسلک ہے، ذاتِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی حقیقی اِسلام ہے۔ اِسلام اور کفر میں اَصل فرق ذاتِ محمدی ہی ہے۔ اسی لیے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
فَمَنْ اَطاَعَ مُحَمَّدًا فَقَدْ اَطَاعَ اﷲَ، وَمَنْ عَصٰی مُحَمَّدًا فَقَدْ عَصَی اﷲَ، وَمُحَمََّدٌ فَرْقٌ بَيْنَ النَّاسِ.
بخاری، الصحيح، کتاب الاعتصام بالکتاب والسنة، باب الاقتداء بسنن رسول اﷲ صلی الله عليه وآله وسلم، 6:2655، رقم:6852
جس نے محمد کی فرماں برداری کی اس نے اللہ تعالیٰ کی فرماں برداری کی، اور جس نے محمد کی نافرمانی کی اس نے اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کی، اور محمد لوگوں کے درمیان فرق و امتیاز کرنے والے ہیں۔
شیخ عبد الحق محدث دہلوی اس حدیث کی شرح ان الفاظ میں فرماتے ہیں: فَمَنْ اَطاَعَ مُحَمَّدًا سے مراد ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خدا تعالیٰ کے حکم کے مطابق لوگوں کو بلاتے ہیں اس لئے جو شخص حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی فرماں برداری کرتا ہے فَقَدْ اَطَاعَ اﷲَ تو بے شک وہ اللہ تعالیٰ کی فرماں برداری کرتا ہے۔ وَمَنْ عَصٰی مُحَمَّدًَا فَقَدْ عَصَی اﷲَ اور جو انسان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نافرمانی کرتا ہے تو بلاشبہ وہ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کرتا ہے۔ وَمُحَمَّدٌ فَرْقٌ بَيُنَ النَّاسِ اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فر و مومن اور نافرمان و فرمانبردار لوگوں کے درمیان فرق و تمیز کرنے والے ہیں کہ جس نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تصدیق کی صاحب ایمان ہو گیا اور جس نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تکذیب کی، وہ کافر ہوگیا۔
عبد الحق محدث دہلوی، اشعۃ اللمعات، 1:426
حضرت مولانا جلال الدین رومی فرماتے ہیں کہ پہلے انبیاء کی اُمتوں کو عزت و اکرام اور اُن کی نسلوں کو بعثتِ نبوی کے بعد اسلام قبول کرنے کی توفیق صرف ادب و تعظیم نبوی کی وجہ سے ہوئی۔ مولانا روم فرماتے ہیں کہ جب ’احمد‘ نام مضبوط قلعہ بنا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اَقدس کس اَعلیٰ درجہ کی ہوگی؟
بود درِ انجیل نامِ مصُطفٰی
ُمصطفی کا نام انجیل میں تھا
آن سَرِ پیغمبراں بحرِ صَفا
جو پیغمبروں کے سردار اور صفا کے سَمندر ہیں
بود ذکِر حُلیہ ہا وشکِل اُو
اُن کے حلیہ اور شکل کا ذکر تھا
بود ذکِر غزو وصوم واکل اُو
اُن کے جہاد اور روزے اور کھانے کا ذکر تھا
طائفہ نصرانیاں بہرِ ثواب
مسیحیوں کی ایک جماعت ثواب کے لئے
چوں رسید ندے بداں نام وخطاب
جب اُس نام اور خطاب پر پہنچتے
بوسہ دادندے برآں نامِ شریف
اُس متّبرک نام کو بوسہ دیتے
رُونہا دندے بداں وصفِ لطیف
اُس پاک تعریف پر منُہ رکھ دیتے
اندریں قصّہ کہ گفتم آں گروہ
اُس قصّہ میں جس گروہ کا میں نے ذکر کیا ہے
ایمن از فتنہ بُد ندواز شکوہ
وہ خوف و خطر سے بے خوف تھا
ایمن از شراِ میران و وزیر
سرداروں اور وزیر کے شر سے مطمئن
درپناہِ ناِم اَحمد مُستجیر
اور احمد کے نام کی پناہ میں پناہ گزیں تھا
نسل ایشاں نیز ہم بسیار شُد
اُن کی نسل بھی زیادہ ہو گئی
نوِر احمد ناصر آمد یار ُشد
اور احمد کا نور ساتھی اور مددگار بن گیا
واں گروہِ دیگر از نصرانیاں
لیکن مسیحیوں کا دوسرا گروہ
نامِ احمد داشتندے مُستہاں
احمد کے نام کی بے حرمتی کرتا تھا
مُستہان و خوار گشتنداز فِتن
وہ فتنوں کی وجہ سے ذلیل و خوار ہو گئے
از وزیر ِشوم رائے شوم فن
بدرائے اور بدکار وزیر کے
مُستہان و خوار گشتند آں فریق
وہ فریق ذلیل اور خوار ہو گیا
گشتہ محروم از خود وشرطِِ طریق
اپنے سے بھی محروم ہوا اور مذہب کے آداب سے بھی
ہم مُخبّطَ دین شاں و حُکِم شاں
اُن کا مذہب اور اُن کا قانون بھی تہ وبالا ہو گیا
ازپئے طومار ہائے کثربیاں
کج بیان دفتروں کی وجہ سے
ناِم احمد چوں چنیں یاری کند
احمد کا نام جب اس طرح مدد کرتا ہے
تاکہ نورش چوں مددگاری کند
تو اُن کا نور کس قدر مدد کر سکتا ہے؟
ناِم احمد چوں حِصارے شد حَصیں
احمد کا نام جب مضبوط قلعہ بنا
تاچہ باشدِ ذاتِ آں روحُ الَامیں
تو اُس روح الامین کی ذات کس درجہ کی ہوگی؟
مثنوی مولاے روم، دفتر اول، ص: 102-103
چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی ذات کے ہر پہلو کے فیض کو اُمت میں بذریعہ صالح شخصیات تاقیامت جاری رکھا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایسی فقیہ و مجتہد اور عملی و روحانی شخصیات بھی اُمت کو عطا فرمائی ہیں جنہوں نے اپنے اپنے دور میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طریق پر دین سکھایا، سمجھایا اور عمل کرکے دکھلایا ہے اور اسی طرح انسانی ذہنوں کو اپنی تربیت کے ذریعے ٹھیک ٹھیک سمجھنے کے لیے بے دار اور تیار کیا ہے۔
اِسی لیے اَہلِ سنت و جماعت کے ہاں دین اور دینی تربیت کے لیے تنہا کتاب یا تنہا شخصیت ہی کافی نہیں ہوتی بلکہ قانون کے ساتھ قانون سکھانے والے اور قانون پر عمل کرکے دکھلانے والے کی موجودگی بھی ناگزیر اور اشد ضروری ہوتی ہے تاکہ صرف قانون ہی علم میں نہ آئے بلکہ اِس قانون کا حقیقی رنگ دلوں پر چڑھ جائے اور اِس کی حقیقی اور معنوی یعنی روحانی کیفیات بھی دلوں میں جذب ہو جائیں اور یہ حالت شخصیات سے تعلق کے بعد ہی ممکن ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اَہلِ سنت و جماعت کے مسلک میں یہ دو چیزیں یعنی شخصیات اور قوانینِ شریعتِ محمدی بنیادی رکن یا ستون کا درجہ رکھتی ہیں۔ اِن شخصیات سے محبت عین محبتِ اسلام ہے اور تعلیماتِ اسلام کے مطابق ہے۔
آئیے اب سمجھیں کہ شخصیت پرستی سے کیا مراد ہے؟ شخصیت پرستی بنیادی طور پر ایک منفی رویہ ہے جس میں حق و اِنصاف، عقل و فکر کے تقاضوں کو بالاے طاق رکھ کر کسی مذہبی و سیاسی لیڈر سے اس قدر محبت اور عقیدت پیدا کی جاتی ہے کہ اس کے قول و عمل کو رفقاء اور پیروکاروں میں نفسیاتی سطح پر عقیدہ کا درجہ مل جاتا ہے۔ کہنے کو تو بات سنتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی کی ہو رہی ہوتی ہے مگر ہمارے ہاں اگر کوئی مذہبی و سیاسی رہنما سے علمی یا انتظامی نوعیت کا بھی اختلاف کرنے کی کوشش کرے تو اسے دین و مذہب اور جماعت و تحریک سے غیر مْخلص اور منافق سمجھاجاتا ہے۔ ایسے رہنمائوں کے پیچھے لگ جانا جو خدا اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطیعِ فرمان نہ ہوں اور اپنے مذہبی پیشوائوں اور سیاسی قائدین کے اَعمال کو کتاب و سنت کی کسوٹی پر پرکھے بغیر ان کی اطاعت کرتے رہنا شخصیت پرستی ہی ہے۔
اس کی مثال ہمیں حضرت مجدد الف ثانی کی اُس نصیحت میں ملتی ہے کہ آپ سے کسی سائل نے عرض کیا: حضرت! کوئی نصیحت فرمائیے۔ آپ نے فرمایا: ’بیٹے! دو نصیحتیں ہیں۔ زندگی میں نہ کبھی خدا بننے کی کوشش کرنا اور نہ کبھی مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمبننے کی‘۔ وہ بڑی حیرانی سے عرض کرنے لگا: ’حضرت! اللہ معاف فرمائے، کوئی مسلمان بھلا ایسا بھی کرسکتا ہے؟ اس کا کیا مطلب ہے؟‘ آپ نے فرمایا:
’اس کا معنی یہ ہے کہ یہ اللہ ہی کی شان ہے کہ وہ جو چاہتا ہے کر دیتا ہے۔لہٰذا کبھی یہ گمان اپنے بارے میں نہ کرنا کہ میں جو چاہوں گا وہ اسی طرح ہو جائے گا۔ کبھی کوئی کام تمہارے چاہنے کے موافق ہوگا اور کبھی خلاف۔ اگر کام تیری منشاء کے خلاف ہو جائے تو غصے اور جلال میں آجائے کہ ایسا کیوں ہوگیا؛ تو یہ تجھے زیبا نہیں دیتا کیونکہ یہ اللہ کی شان ہے کہ اس کی منشاء کے مطابق ہر چیز وقوع پذیر ہوتی ہے۔ تو بندہ ہے اور بندے کا یہ منصب نہیں کہ وہ جو چاہے وہی ہو جائے۔ اس لیے اگر کوئی کام تیری منشاء کے مطابق ہو جائے تو اللہ کا شکر ادا کر اور اگر نہ ہو تو صبر کر کہ یہی مقامِ بندگی ہے۔
رسول بننا یہ ہے کہ چونکہ رسول جو کچھ کہے اس کونہ ماننے والا کافر ہو جاتا ہے اس لیے اگر تو بھی یہ چاہے کہ تیری ہر بات مانی جائے اور نہ ماننے پر ناراض ہو جائے اور نہ ماننے والے پر برس پڑے تو پھر یہ سمجھ کہ تو اپنے آپ کو منصب رسالت پر بیٹھا رہا ہے۔ یہ حق تو صرف رسول کو حاصل ہوتا ہے کہ جس نے اس کی بات مان لی وہ مومن ہو گیا اور جس نے رد کردی وہ کافر۔(1)
(1) ڈاکٹر محمد طاہر القادری، لا اکراہ فی الدین کا قرآنی فلسفہ، ص:40
یہی رویہ شخصیت پرستی کی وہ شکل ہے جس کی اسلام میں سختی سے ممانعت ہے۔ تاریخ میں بعض مذہبی رہنمائوں کے اِنہی رویوں کی وجہ سے مذہب بدنام ہوا اور مذہب بے زار رویوں کو فروغ ملا اور تحریکیں ناکام ہوئیں۔
ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق دینی اور سیاسی رہنما خواہ عقیدت و احترام کے کتنے ہی اونچے منصب پرفائز ہو جائیں اختلاف و تنقید سے ماورا نہیں ہوتے۔ غیر مشروط اِطاعت و فرماں برداری صرف اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی کی ہے۔ باقی سب سے عقیدت و محبت مشروط ہے۔ اِرشادِ باری تعالیٰ ہے:
{يٰـاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا اَطِيْعُوا اﷲَ وَاَطِيْعُوا الرَّسُوْلَ وَاُولِی الْاَمْرِ مِنْکُمْ ج فَاِنْ تَنَازَعْتُمْ فِیْ شَيْئٍ فَرُدُّوْهُ اِلَی اﷲِ وَالرَّسُوْلِ اِنْ کُنْتُمْ تُؤمِنُوْنَ بِاﷲِ وَالْيَوْمِ الْاٰخِرِط ذٰلِکَ خَيْرٌ وَّاَحْسَنُ تَاْوِيْلًا}
(1) النساء، 4: 59
اے ایمان والو! اللہ کی اطاعت کرو اور رسول ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی اطاعت کرو اوراپنے میں سے (اہلِ حق) صاحبانِ اَمر کی، پھر اگر کسی مسئلہ میں تم باہم اختلاف کرو تو اسے (حتمی فیصلہ کے لیے) اللہ اور رسول ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی طرف لوٹا دو اگر تم اللہ پر اور یومِ آخرت پر ایمان رکھتے ہو، (تو) یہی (تمہارے حق میں) بہتر اور انجام کے لحاظ سے بہت اچھا ہے۔
{اُولیِ الْاَمْر} کے مفہوم میں وہ سب لوگ شامل ہیں جو مسلمانوں کے اجتماعی معاملات کے قائد و سربراہ ہوں، خواہ وہ ذہنی و فکری رہنمائی کرنے والے علماء ہوں یا سیاسی رہنمائی کرنے والے لیڈر، یا ملکی انتظام کرنے والے حکام، یا عدالتی فیصلے کرنے والے جج، یا تمدنی و معاشرتی امور میں قبیلوں اور بستیوں اور محلوں کی سربراہی کرنے والے شیوخ اور سردار، غرض جو جس حیثیت سے بھی مسلمانوں کا صاحبِ امر ہے وہ اطاعت کا مستحق ہے۔ مگر یہ بات قابل غور ہے کہ {اَطِيْعُواﷲَ} کا لفظ اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دونوں کے لیے الگ الگ آیا ہے لیکن اُولیِ الْاَمْرکے لیے اس لفظ کو دہرایا نہیں گیا۔ اس میں اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت مستقل اور غیر مشروط ہے لیکن اُولیِ الْاَمْر کی اطاعت مستقل اور غیر مشروط نہیں بلکہ وہ اس شرط کے ساتھ ہے کہ ان کے احکام اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکام کے تابع ہوں اور ان میں کتاب و سنت کے ساتھ کوئی تضاد اور تخالف نہ ہو۔حضرت عبد اﷲ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
اَلسَّمْعُ وَالطَّاعَةُ حَقٌ مَا لَمْ يُؤمَرْ بِالْمَعْصِيَةِ، فَإِذَا أُمِرَ بِمَعْصِيَةٍ فَـلَا سَمْعَ وَلَا طَاعَةَ.
(2) بخاری، الصحيح، کتاب الجهاد والسّير، باب السمع والطاعة الامام، 3:1080، رقم:2796
امیر کی بات سننا اور اطاعت کرنا ضروری ہے جب تک وہ معصیت کا حکم نہ دے۔ اگر وہ نافرمانی کا حکم دے تو نہ اس کی بات سنو اور نہ اس اَمر میں کہا مانو۔
جس کو کسی ستارے سے وابستگی ہے اُس کی اپنے ستارے کے ساتھ دوڑ ہے۔ کسی دینی شخصیت سے محبت کے پیچھے محبتِ اسلام اور محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی چھپی ہے۔اِسی لیے دینی شخصیات سے محبت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے ہم اسلامی عقائد اور تصورات پر بحث کرتے ہیں تاکہ ہماری محبتیں شخصیت پرستی سے بچی رہیں اور شریعت کے دائرے کے اندر رہیں اور ہمیں ہماری اپنے اپنے ستاروں سے محبت بارگاہِ نبوی تک لے جائے، جہاں ساری محبتیں محبتِ نبوی میں جاکر ضم ہو جاتی ہیں۔ اپنوں سے محبت تو اپنی جگہ، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تو عقائد و نظریات پر اختلاف کے باوجود غیر مسلم دینی و سیاسی راہنما سے ملاقات پر اَخلاقی رواداریوں کا پاس کرتے ہوئے اُس کی عزت و تکریم کی تلقین فرمائی ہے۔
عَنْ أَبِي قَتَادَةَ، قَالَ: قَدِمَ وَفْدُ النَّجَاشِيِّ عَلَی النَّبِيِ صلی الله عليه وآله وسلم، فَقَامَ يَخْدُمُهُمْ. فَقَالَ أَصْحَابُهُ: نَحْنُ نَکْفِيْکَ يَا رَسُوْلَ اﷲِ. قَالَ: إِنَّهُمْ کَانُوْا لِأَصْحَابٍ مُکْرِمِيْنَ، فَإِنِّي أُحِبُّ أَنْ أُکَافِئَهُمْ.
بيهقی، شعب الإيمان، 6:518، رقم:9125
بيهقی، دلائل النبوة، 2:307
صيداوی، معجم الشيوخ، 1:97
حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ شاہِ حبشہ نجاشی کا ایک وفد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خود اُن کی خاطر تواضع فرمائی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: یا رسول اﷲ! ہم آپ کی طرف سے (مہمان نوازی کا فریضہ سر انجام دینے کے لئے) کافی ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اِن لوگوں نے (میرے) اصحاب کی عزت افزائی کی تھی۔ اس لئے میں نے پسند کیا کہ میں خود اِن کی اُس تکریم کا بدلہ دوں۔
اچھے اخلاق اور اچھی صحبتیں محبتیں پیدا کرتی ہیں، جس کو صحبتِ نبوی کا فیض ملا اُس فیض یافتہ سے محبت دین و دنیا میں خیر و برکت کا باعث بن جاتی ہے۔ زِندوں کی صحبت مرُدوں میں زندگی کے آثار پیدا کر دیتی ہے اور اُس کے نصیب جاگ جاتے ہیں۔ اسی لیے مولانا جلال الدین رومی فرماتے ہیں:
ہیں غذائی دِل بدہ از ہمدلی
رَو بجُو اِقبال را از مُقبلی
ہاں! کسی دل والے سے (لے کر) دل کو خوراک دے۔ جا! کسی نصیبہ والے سے نصیبہ تلاش کر۔
(1) مثنوی، دفتر اول، 726
آج لوگ اِسلام سے اِس لیے محبت نہیں کرتے کہ اُنہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے محبت ہے بلکہ وہ شیخ الاسلام سے اِس لیے محبت کرتے ہیں کہ اُنہیں اسلام سے محبت ہے۔ یہ محبت الٰہی اور محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی ہے جس سے ایک فانی وجود کو اُمتِ محمدی میں بقا حاصل ہوجاتی ہے۔
تاریخِ اِسلام کے مشکل اَدوار میں دینی شخصیات سے محبت میں ’خود سپردگی اور جذب و جنوں‘ سے ہی اسلام کو سربلندی ملی اور اسلام ہر آزمائش میں سے سرخرو ہو کر نکلا۔ آج اسی ’یکسوئی اور عشق و جنوں‘ سے پاکستان کو عالم اسلام میں منفرد قائدانہ مقام ملے گا اور اِسلام انتہا پسندوں اور دہشت گردوں سے چھٹکارہ حاصل کرے گا۔ (اِن شاء اللہ)
بے خطر کود پڑا آتشِ نمرود میں عشق
عقل ہے محو تماشائے لبِ بام ابھی
Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved