اربعین: نزول مسیح ابنِ مریم علیہما السلام

پیش لفظ

عقیدۂ ختم نبوت کے تسلسل میں’’نزولِ مسیح ‘‘ انتہائی اہم موضوع ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال مبارک کے بعد کئی جھوٹے داعیانِ نبوت پیدا ہوئے لیکن یہ اَمر قطعی و حتمی ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی خاتم النبيين ہیں۔ لہٰذا جس طرح حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد کوئی نبی نہیں ہو سکتا، اسی طرح حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے سوا کوئی شخص مسیح موعود ہونے کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔

فی زمانہ منکرینِ ختمِ نبوت اور جھوٹے مدعیانِ نبوت نے سادہ لوح مسلمانوں کو اپنے قریب لانے اور ان کے ایمان کو غارت کرنے کے لیے ایک نیا لبادہ اوڑھ لیا ہے۔ جس شخص کو نبی ثابت کرتے ہیں، پہلے اُسے مسیح موعود بنا کر پیش کرتے ہیں۔ ایسا دعویٰ کرنے والے جانتے ہیں کہ لوگ دعویٰ نبوت کے عنوان سے ان کے جال میں نہیں پھنسیں گے، اس لیے دعویٰ کرنے والے نے بھی اپنے آپ کو مسیح موعود کا عنوان اپنا کر چھپا لیا تھا، حالاں کہ حضور نبی اکر م صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مسیح موعود کی نشانیاں واضح طور پر بیان فرما دی ہیں۔ مسیح موعود کی علامات احادیث صحیحہ میں وارِد ہوئی ہیں۔ قربِ قیامت میں جس شخصیت پر یہ علامات ظاہری و معنوی طور پر صادق آئیں گی وہ سیدنا عیسی ٰ ابن مریم علیہما السلام ہوں گے اور انہی کو مسیح موعود کہا گیا ہے۔

عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ اور جھوٹے داعیانِ نبوت کو بے نقاب کرنے کے لیے ہر دور میں اہل علم حضرات نےقرآن و سنت کی روشنی میں دلائل قطعیہ سے ختم نبوت کے حقیقی تصور کو مسلمانوں کے دل و دماغ میں راسخ کرکے انہیں راہِ حق سے منحرف ہونے سے بچایا۔

مجدد رواں صدی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ نے ختم نبوت کے موضوع پر مدلّل لیکچرز، دروس و خطبات اور ضخیم کتب لکھ کر عقیدۂ ختم نبوت کے حقیقی تصور کر اجاگر کیا ہے اور باطل دعویٰ کرنے والوں کے کذب کو بے نقاب کیا ہے۔ زیر نظر ’’اَربعین‘‘ میں حضرت شیخ الاسلام مدظلہ العالی نے بالخصوص مسیح موعود علیہ السلام کے حوالے سے وارد شدہ احادیث مبارکہ اور آثارِ صحابہ کے ذریعے مسیح موعود کا جھوٹا دعوی کرنے والوں کو بے نقاب کیا ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ مسیح موعود صرف سیدنا عیسی ابن مریم علیہما السلام کی ذاتِ اقدس ہے۔ احادیث مبارکہ میں قرب ِقیامت نُزولِ مسیح کے جن اَوصافِ حمیدہ کا ذکر ہے، ان تمام اوصاف کا مصداق سیدنا عیسیٰ ابن مریم علیہما السلام کے علاوہ کوئی اور نہیں ہو سکتا۔ لہٰذا سیدنا عیسیٰ ابن مریم علیہما السلام کے علاوہ کسی کا مسیح موعود ہونے کا دعوی سرا سر کذب اور دجل و فریب ہے۔

(محمد تاج الدین کالامی)

سینئر ریسرچ اسکالر، FMRi

10 ربیع الاوّل 1441ھ

Copyrights © 2025 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved