Tehreek-e-Minhaj-ul-Quran ka Tasawwur-e-Din

ابتدائیہ

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام منعقد ہونے والے تنظیمات کے اس کیمپ میں کم و بیش ساٹھ شہروں کی دو سو کے قریب بہنیں اور بیٹیاں شریک ہیں، میں ان سب کو خوش آمدید کہتا ہوں اور ان کی کئی دنوں کی تربیت پانے کے لیے یہاں حاضری اور اکتساب علم و فکر کی کاوشوں کی بارگاہ الٰہی میں قبولیت کی دعا کرتا ہوں۔ ہر چند میں ظاہری اور جسمانی طور پر آپ کے پاس موجود نہیں ہوں مگر کئی اعتبارات سے آپ کے ساتھ ہوں اور آپ میں ہی رہتا ہوں۔ مجھے بہت خوشی ہوئی کہ ویمن لیگ اپنا تربیتی، تعلیمی اور دعوتی سفر تسلسل کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ امر مبنی برحق ہے کہ ویمن لیگ کی کارکردگی اور اس کے نتائج کسی لحاظ سے مَردوں سے کم نہیں ہیں۔ اگر پچیس نظامتوں میں سے چوبیس مردوں کے پاس ہیں تو خواتین کی اس ایک نظامت نے مَردوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ فروغ دعوت میں بھی ویمن لیگ کا ریکارڈ رہا ہے۔ تنظیمات قائم کرنے، افرادی قوت بڑھانے، مختلف کیمپس منعقد کرنے اور عرفان القرآن کورسز کروانے میں بھی ویمن لیگ کی بیٹیاں سرفہرست نظر آتی ہیں جو بڑی مبارک باد کی مستحق ہیں۔ اب میں یہ چاہتا ہوں کہ اس کیمپ میں آنے والی بہنوں اور بیٹیوں میں سے ہر ایک بہن اور بیٹی مجسم ویمن لیگ بن کے جائے، یعنی اجتماعی طور پر ویمن لیگ جو پورا کام کررہی ہے آپ میں سے ہر ایک بہن اور ہر ایک بیٹی پوری کی پوری ویمن لیگ بن کے جائے؛ اپنے جذبات میں، اپنی فکر میں، دعوت میں، مشن کے درد میں، فہم میں، دعوت کے فروغ میں، ہر ہر محاذ پر ایک ایک بہن اور ایک بیٹی اتنا عزم لے کر جائے جتنا اجتماعی طور پر پوری ویمن لیگ کرتی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی توفیقات میں اضافہ فرمائے۔

آج کی اس نشست میں چند چیزیں آپ کو بتانا ہیں۔ سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ تحریک منہاج القرآن کس اسلامی عقیدے کو کس طرح فروغ دیتی ہے اور اس کی کس تعبیر و تشریح کا پرچار کرتی ہے؟ اِس کا کامل ابلاغ (perfect communication) ہونا چاہیے۔ پہلے اِس عقیدے کی تعبیر کو سمجھیں اور پھر اس کو فروغ دیں، عقیدے کی جس تعبیر پر منہاج القرآن emphasize کرتا ہے وہ متوسط اور معتدل عقیدہ ہے۔ یہ اعتدال، میانہ روی اور توسط کا عقیدہ ہے جس میں کامل پختگی اور جامعیت ہے۔ یہ یک طرفہ، جزوی یا انتہاء کی طرف لے جانے والا عقیدہ نہیں ہے۔ بایں وجہ اس عقیدے کے ذریعے اُمۃً وسطاً کا کردار پیدا ہوگا اور اسی عقیدے سے اس امت کو عزت نصیب ہوگی۔

Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved