Siyasat nahin, Riyasat Bachao:

پیش لفظ

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیرِ قیادت وطنِ عزیز میں تحریکِ بیداریِ شعور کا بھرپور طریقے سے باقاعدہ آغاز سالِ رفتہ میں کیا گیا تھا تاکہ عوام کو اِس ملک کے اَبتر حالات اور اس میں مروّج فرسودہ نظام سے آگاہ کیا جائے جو سراسر دجل و فریب، ظلم و نااِنصافی، خیانت و بددیانتی، کرپشن و لوٹ مار اور غریبوں کو اُن کے حقوق سے محروم رکھنے پر قائم ہے۔ اس ضمن میں تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے پلیٹ فارمز پر ورکر کنونشنز کے انعقاد کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر بھی نہایت اہم پروگرام ترتیب دیے گئے۔ علاوہ ازیں پورے ملک میں صوبائی و ضلعی اور تحصیلی سطح سے لے کر گراس روٹ لیول تک بیداریِ شعور کے پروگرامز منعقد کیے جارہے ہیں۔

تحریک بیداریِ شعور کے تحت ہونے والے پروگرامز سے مختلف مواقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مد ظلہ العالی نے براہِ راست خطابات بھی فرمائے جن میں آپ نے پاکستان کے موجودہ سیاسی و اِقتصادی اور معاشرتی حالات کے کامل تجزیہ کے ساتھ ساتھ مثبت اور پُراَمن تبدیلی کا لائحہ عمل دیا ہے۔ زیر نظر کتابچے میں آپ کے تمام خطابات کو یک جا کرتے ہوئے ایک ملخص شکل میں ترتیب دیا گیا ہے تاکہ اَفرادِ ملّت میں شعور و آگہی پیدا ہوسکے۔ تحریکِ بیداریِ شعور کے فروغ میں حصہ لینے والے تمام کارکنان اور وطنِ عزیز میں ’حقیقی تبدیلی‘ کے خواہش مند جملہ اَربابِ دانش اور صاحبانِ فکر و نظر سے درخواست ہے کہ اِس حیات بخش تحریر کو ہر خاص و عام تک پہنچا دیں تاکہ وطنِ عزیز میں ’حقیقی تبدیلی (change)‘ کا خواب اپنی روح کے ساتھ شرمندہ تعبیر ہوسکے۔

Copyrights © 2025 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved