Silsila Ta‘limat-e-Islam (9): Nikah awr Talaq (Ahkam o Masail)

پیش لفظ

معاشرتی تنظیم میں خاندان کی اِکائی بنیادی اَہمیت کی حامل ہے۔ تاریخِ اِنسانی کے ہر دور میں اِس اِکائی کا وجود کسی نہ کسی شکل میں رہا ہے۔ اگرچہ قبل اَز اِسلام دورِ جاہلیت میں عرب معاشرے میں ’خاندان‘ کی معاشرتی بنیاد کا تصور پوری طرح موجود تھا، تاہم خاندانی تفاخر ان کی معاشرت کا جزوِ لاینفک تھا۔

خاندان ایک چھوٹی ریاست کی مانند ہوتا ہے جہاں اَفرادِ خانہ کی معاشرتی و معاشی اور سیاسی تربیت ہوتی ہے اور مفادِ عامہ، نظم و ضبط کی پابندی، سماجی بہبود اور حقوق و فرائض کی ادائیگی کا سبق ملتا ہے۔ یہی اُمور سماجی زندگی کو بہتر بناتے ہیں۔ اگر یہ اِدارہ صحیح اِسلامی اُصولوں پر استوار ہوگا تو اس بنیاد پر قائم معاشرہ مستحکم ہوگا۔

خاندان کی بنیاد شادی بیاہ سے ہوتی ہے جس کا اَہم ترین جزو نکاح ہوتا ہے۔ دورِ جاہلیت میں بھی نکاح کے مختلف ضابطے مروج تھے لیکن اِسلام نے جہاں زندگی کے ہر میدان سے متعلق رہنمائی فراہم کی ہے، وہیں نکاح کے بابت بھی بالتفصیل ہدایات فراہم کی ہیں جن پر چل کر اِنسانی زندگی کو بہت سہل بنایا جاسکتا ہے اور خاندان اور معاشرے کو مثالی بنایا جاسکتا ہے۔ اِسلام نے قبیح اور اِستحصالی رسومات کا خاتمہ کیا اور اِنسانی زندگی کو سہل بنانے والے محاسن کا اِضافہ کرتے ہوئے خالص اِسلامی معاشرے کی داغ بیل ڈالی۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس پر بھی مختلف فرسودہ تصورات اور رسومات کی دبیز تہ جمتی گئی۔ قرآن و سنت کے اَحکام کے برعکس نکاح جیسے پاکیزہ عمل کو انتہائی مشکل اور کٹھن بنا دیا گیا۔ لہٰذا زندگی کے اِس پہلو کے متعلق کام کی ناگزیریت کا اِدراک کرتے ہوئے سلسلہ تعلیماتِ اِسلام کی زیر نظر کتاب ’نکاح اور طلاق‘ کے اَحکام و مسائل پر تیار کی گئی ہے۔ حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کے خطبات و دروس اور تصنیفات و ملفوظات اور اِفادات سے مستفاد اِس کتاب میں 425 سے زائد سوالات کے جوابات اِنتہائی سہل انداز میں پیش کیے گئے ہیں۔

کتاب کے اِس ایڈیشن کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس کے آٹھویں باب میں محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری کے پی۔ ایچ۔ ڈی مقالہ سے ضروری مواد شامل کیا گیا ہے، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے برمنگھم یونی ورسٹی سے ’’پاکستان میں قانونِ خلع میں اِصلاحات‘‘ کے موضوع پر تحقیقی مقالہ لکھ کر ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔

حسبِ روایت سلسلہ تعلیماتِ اِسلام کی یہ کتاب بفضلہٖ تعالیٰ اپنی ماقبل تمام کتب سے زیادہ ضخیم ہے۔ اِن شاء اللہ اپنی اِفادیت کے باعث قبولِ عام حاصل کرے گی۔ فریدِ ملّتؒ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ (FMRi) کے شعبہ خواتین کی رِیسرچ اسکالرز - مسز فریدہ سجاد اور مسز مصباح عثمان - کی محنتِ شاقہ کی بدولت یہ کتاب مکمل ہوئی ہے، جو نہایت دل جمعی سے مفادِ عامہ کی اس سیریز پر کتب کی اِشاعت کا اِہتمام کررہی ہیں۔ اِس کارِ خیر میں بعد ازاں طیبہ کوثر بھی شامل ہوئیں اور انہوں نے مفید معاونت کے فرائض سرانجام دیے۔

اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ ہمیں اپنے دین کی کما حقہٗ خدمت بجا لانے کی توفیق عطا فرمائے اور حضرت شیخ الاسلام مدظلہ العالی کے قائم کردہ مصطفوی مشن کے ساتھ اِستقامت عطا فرمائے۔ (آمین بجاہِ سید المرسلین ﷺ)

(محمد فاروق رانا)
ڈائریکٹر
فریدِ ملّتؒ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ

Copyrights © 2025 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved