’نماز کیا ہے؟‘ اس کا آسان جواب یہ ہے کہ یہ بندۂ مومن کا اپنے خالق و مالک اور پروردگار کی بارگہ بے کس پناہ میں اپنی عبودیت اور اس کے ذکر کا ایسا اَرفع اِظہار ہے، جو رب ذوالجلال کی نگاہ میں غایت درجہ حسین اور اسی قدر اُسے پسند ہے۔ تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان اَقدس کے مطابق ’نماز دین کا ستون ہے‘ گویا نماز نہ ہو تو دین بے بنیاد ہو جاتا ہے۔ لہٰذا دین کی عمارت کو قائم رکھنے اور منہدم ہونے سے محفوظ رکھنے کے لیے نظام صلوٰۃ کا قیام ناگزیر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نماز ہر دور میں ہر اُمت پر فرض رہی ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ نماز کے فیوض و برکات اور فوائد و حسنات دنیا و آخرت کے لحاظ سے بے پناہ ہیں لیکن اس کے حقوق یا تقاضے بھی متعدد ہیں، جن کو پورا کیے بغیر نماز بے اثر رہتی ہے۔
نماز نہ صرف اِنفرادی بلکہ اِجتماعی عبادت ہے اور اِقامتِ صلوٰۃ ایک بندہ مومن کی جب کہ مسجد مسلم معاشرے کی شناخت کے طور پر جانی جاتی ہے۔ کیونکہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان مبارک ہے کہ مومن اور کافر کے مابین فرق صرف نماز کا ہے۔ لہٰذا حقیقی اِسلامی معاشرے کے قیام کے لیے نظامِ صلوٰۃ کا قیام لازمی ہے اور جس معاشرے میں یہ نظام اپنی روح اور تمام تر تقاضوں کے ساتھ قائم کر دیا جائے وہ معاشرہ عرفانِ خدا و معرفتِ نفس، علم و حکمت، اُخوت و محبت، آزادی و مساوات، عدل و اِحسان، ایثار و قربانی اور امن و سلامتی کا گہوارہ بن جاتا ہے۔
زیرِ نظر کتاب میں اَرکانِ اِسلام میں سے اِسی اَہم ترین رُکن ۔ نماز ۔ کی مبادیات و جزئیات اِنتہائی سہل و سادہ پیرائے میں بیان کی گئی ہیں تاکہ عام آدمی اس اہم ترین رکن کے بارے میں بنیادی معلومات حاصل کرسکے اور اس کی ادائیگی میں رہ جانے والے نقائص دور کر سکے۔ اگرچہ حضرت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی اس موضوع پر دیگر کتب کے ساتھ ساتھ ’فلسفہ نماز‘ اور ’سلسلہ تعلیماتِ اِسلام : طہارت اور نماز‘ جیسی کتب شائع ہوچکی ہیں، لیکن عوام الناس کی طرف سے اِس اَمر کا تقاضا کیا جارہا تھا کہ جیبی سائز میں ایک کتاب تیار کی جائے جو ہر طبقہ کے لیے یکساں مفید ہو۔ لہٰذا فریدِ ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ کی جانب سے یہ مختصر کتاب شائع کرنے کا اِہتمام کیا جا رہا ہے جو در حقیقت حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کے بحر الزخار سے ہی خوشہ چینی کرکے مرتب و مدوّن کی گئی ہے۔ اس کتاب کی پروف خوانی میں نوجوان اسکالر حافظ عبد الرشید نے بھی بہت دقت نظری سے کام لیا ہے۔
بارگاہِ اِلٰہ میں دعا ہے کہ وہ اِس سعی جمیلہ کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور ہم سب کو نماز اپنی تمام تر جزئیات کے ساتھ قائم کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین بجاہ سید المرسلین )
محمد فاروق رانا
ڈپٹی ڈائریکٹر رِیسرچ
فرید ملت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ
Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved