حضور تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم روحِ اِیمان ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اقدس سے رشتہِ محبت اُستوار کیے بغیر نہ تو لذتِ اِیمان نصیب ہوسکتی ہے اور نہ ہی اللہ تعالیٰ سے تعلقِ عبودیت قائم ہوسکتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خالقِ کائنات تک پہنچنے کا واحد اور لازمی واسطہ ہیں، لہٰذا سینے میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اُلفت و رحمت کے چراغ فروزاں کیے بغیر جادہِ مستقیم پر گامزن نہیں ہوا جا سکتا۔
یہ ایک اَلمیہ ہے کہ بعض لوگ ظاہر بینی سے کام لیتے ہوئے چھوٹی چھوٹی باتوں کو کفر و ایمان کا مسئلہ بنا لیتے ہیں اور دین کی اَصل روح اور کار فرما حکمت کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ ظاہر پرست علماء محافلِ میلاد اور جشنِ میلاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صرف اِس لیے اِسے ناجائز قرار دیتے ہیں کہ اِس قسم کی محافل اور جشن کی تقاریب اَوائل دورِ اِسلام میں منعقد نہیں ہوئیں۔ اِس بحث کے تناظر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدّظلہ العالی نے بدعت کی تعریف اور اس کی شرعی حیثیت کے حوالے سے جمہور کاموقف بیان کیا ہے۔ آپ نے واضح کیا ہے کہ لغت کی رُو سے نئے اُمورِ خیر کو بدعت کہنا صحیح ہے لیکن صرف بدعت کہہ کر اِنہیں ہدفِ تنقید بنانا اور ناپسندیدہ قرار دینا محض تنگ نظری اور ہٹ دھرمی کے سوا کچھ نہیں۔ شیخ الاسلام مدّ ظلہ العالی نے واضح کیا ہے کہ ہر دور میں ہر چیز کی ہیئت اور صورت حالات کے مطابق بدلتی رہتی ہے۔ اس میں کئی جدتیں اور عصری تقاضے شامل ہوتے رہتے ہیں مگران کی ہیئت اَصلیہ میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوتی۔
اِس کتاب میں اِس حقیقت کو اَلم نشرح کیا گیا ہے کہ جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی موجودہ صورت اپنی اَصل کے اِعتبار سے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت ہے۔ جس طرح ہم محافلِ میلاد میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے نعت کا اہتمام کرتے ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل و کمالات بیان کرتے اور مختلف انداز میں سیرتِ طیبہ کا ذکر کرتے ہیں، جو فی الواقعہ ہمارے جشنِ میلاد منانے کا مقصد ہے، اِسی طرح کی محفلیں جن میں حضورنبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل و کمالات کا ذکر ہوتا تھا، عہدِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بھی منعقد ہوتی تھیں اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محفل میں تشریف فرما ہوتے تھے حتی کہ اپنی محفلِ نعت خود منعقد کرواتے تھے۔ اس سے یہ اَمر پایہِ ثبوت کو پہنچ جاتا ہے کہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانا بدعتِ ممنوعہ نہیں بلکہ ایک مباح، مشروع اور قابلِ تحسین عملِ خیر ہے۔
یہ کتاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شہرہ آفاق اور ضخیم تصنیف ’’میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ کا ایک باب ہے جسے اس کی اَہمیت و ضرورت اور طلب کے پیشِ نظر الگ طبع کیا جا رہا ہے۔
دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حضور تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صورت میں اس نعمتِ کبریٰ کے عطا ہونے پر تشکر و اِمتنان اور فرحت و اِنبساط کے اِظہار کی توفیق عطا فرمائے۔
(آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم )
محمد فاروق رانا
ڈپٹی ڈائریکٹر (رِیسرچ)
فریدِ ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ
Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved