Dr Tahir-ul-Qadri ka Pakistan Kaisa Hoga?

انقلاب کیسے آئے گا؟

اِنقلاب کیسے آئے گا؟

گفتگو سمیٹتے ہوئے آخر میں عرض کرنا چاہوں گا کہ اگر کسی کے ذہن میں یہ سوال آئے کہ پُر اَمن اِنقلاب کیسے آئے گا اور اس کا طریقہ کار کیا ہوگا؟

سن لیں! اِنقلاب سراسر lawful اور قانون کے عین مطابق ہوگا۔ اس کے طریقہ کار پر constitutional homework اور legal framework مکمل کر لیا ہے۔ اس کا خاکہ اور طریقہ کار سب کچھ تیار ہے۔ یہ عوام کی رائے سے ہوگا۔ قوم پریشان نہ ہو۔ لیکن میں اِس موقع پر نہیں بتانا چاہتا، وقت آنے پر بتاؤں گا۔ آج صرف اُتنا بتایا ہے جس کا تعلق عوام کے ساتھ ہے کہ یہ اِنقلاب عوام کو کیا دے گا!

پاکستان اور بیرونی دنیا میں بیٹھے ہوئے سو سے دو سو اَفراد پر مشتمل ایک advisory council کے طور پر میرے specialists ہیں۔ آٹھ آٹھ دس دس اَفراد پر مشتمل ٹیمیں اس پورے system کو develop کرنے کا کام کر چکی ہیں جو عنقریب مکمل ہونے والا ہے۔ میں نے زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر مکمل financial feasibility کے بعد اِطمینانِ قلب کے ساتھ آج قوم کے سامنے بات کی ہے۔

خلاصہ کلام

اے عوامِ پاکستان! اِنقلاب تنہا ڈاکٹر طاہر القادری اور اس کی پارٹی نہیں لائے گی۔ جس طرح آج آپ لوگ گھروں سے نکلے ہیں، آپ اپنی اِس قوت و تعداد کو ایک کروڑ نمازیوں میں بدل دیں اور اِنقلاب کے لیے کھڑے ہوجائیں۔ یہ خون خوار لوگ کبھی آپ کی بیٹیوں کے سروں پر دوپٹے نہیں دیں گے۔ کبھی غربت میں جلتے ہوؤں کو سکھ نہیں دیں گے۔ آپ کے تعلیم یافتہ بچوں اور جوانوں کو روزگار نہیں دیں گے۔ آپ کو شریکِ اِقتدار نہیں کریں گے۔ آپ کے گھر کی دہلیز تک انصاف نہیں پہنچائیں گے۔ اِس ملک میں حقیقی جمہوریت کے راج اور پُراَمن عوامی اِنقلاب کے لیے آپ کو خود اٹھنا ہوگا۔ حقیقی تبدیلی کا وقت قریب ہے، تاریک رات ختم ہونے والی ہے اور صبحِ اِنقلاب کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔ اٹھو! آگے بڑھتے چلو تاکہ اِنقلاب کا سویرا آپ کی کوششوں سے جلد طلوع ہو۔

اِن شاء اﷲ تعالیٰ! وہ دن دور نہیں جب ہر مرجھائے ہوئے چہرے پر رونق اور مسکراہٹ ہوگی۔ سوکھی ہوئی آنکھوں میں پھر چمک دمک ہوگی۔ مایوس لوگوں کو پھر اپنی زندگی میں نور نظر آئے گا، تاریک گھروں میںپھر روشنی ہوگی اورپاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ کسی طالع آزما کو اَفواجِ پاکستان کو کمزورکرنے کی سازش نہ کرنے دی جائے گی، کسی طالع آزما کو عدلیہ پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کسی طالع آزما کو پاکستان کے قومی اِدارے اپنے ہاتھ میں رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہم اِن لٹیروں کو جیلوں میں بند کر دیں گے اور پائی پائی کا حساب لے کر اِس قوم کو واپس لوٹائیں گے۔

اے شبِ تار کے جگر گوشو!
اے سحر دشمنو، ستم کوشو!

صبح کا آفتاب چمکے گا،
ٹوٹ جائے گا جہل کا جادو،

پھیل جائے گی ان دیاروں میں،
علم و دانش کی روشنی ہر سو،

اے شبِ تار کے نگہبانو!
شمعِ عہدِ زیاں کے پروانو!

شہرِ ظلمات کے ثناء خوانو!
شہرِ ظلمات کو ثبات نہیں،

اور کچھـ دیر صبح پر ہنس لو،
اور کچھـ دیر - کوئی بات نہیں!!

اے غریب لوگو! بے روزگارو! مزدورو! کسانو! مظلومو! غربت کی آگ میں جلنے والو! بے روزگاری کے باعث ترسنے والو! نااِنصافی کی وجہ سے خود کشی کرنے والو! اپنے جگر گوشوں کو جان سے مار دینے والو! اُٹھو! پُر اَمن اِنقلاب کے لیے آج اِقامت ہورہی ہے، اس کے بعد صف بندی ہوگی اور صفوں کے بعد جماعت کھڑی ہوگی۔ کچھ مہینوں کی بات ہے، بہت جلد کال آنے والی ہے، اِنقلاب کا دن مقرر ہونے والا ہے۔ میں پاکستان میں پہنچنے والا ہوں۔ اِن شاء اﷲ! تاریخ کا اِعلان ہوگا اور کروڑ نمازیوں کے ساتھ غریبوںکا مقدر بدل کر اور وقت کے اِن فرعونوں کو اَنجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ تمام ادارے اور پولیس عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ پولیس بھی سفرِ اِنقلاب میں شریک ہوگی۔ میں تمہاری نسلوںکی جنگ لڑ رہا ہوں، میں غریبوں کی جنگ لڑرہا ہوں، میں اٹھارہ کروڑ عوام کی جنگ لڑرہا ہوں، میں عدل و اِنصا ف کی جنگ لڑ رہا ہوں، میں جمہوریت کی جنگ لڑ رہا ہوں، میں آئین کی جنگ لڑرہا ہوں، میں اِسلامی اَقدار کی جنگ لڑ رہا ہوں۔ اﷲ تبارک و تعالیٰ کی مدد و نصرت نازل ہوگی اور فتح بالآخر اللہ کی مدد سے عوام کی اور پاکستان کی ہوگی۔

Copyrights © 2025 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved