Arba‘in: Fazilat e Durood-o-Salam

حرف آغاز

حرفِ آغاز

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر صلاۃ و سلام بھیجنا حکمِ الٰہی، ایک منفرد وظیفہ، بے مثل عبادت، عظیم الشان دعا اور قطعی القبول عمل ہے۔ یہ قربِ خداوندی اور قربِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ اِرشادِ باری تعالیٰ ہے :

هُوَ الَّذِي يُصَلِّي عَلَيْكُمْ وَمَلَائِكَتُهُ لِيُخْرِجَكُم مِّنَ الظُّلُمَاتِ إِلَى النُّورِ وَكَانَ بِالْمُؤْمِنِينَ رَحِيمًاo

(الأحزاب، 33 : 43)

’’وہی ہے جو تم پر درود بھیجتا ہے اور اس کے فرشتے بھی، تاکہ تمہیں اندھیروں سے نکال کر نور کی طرف لے جائے اور وہ مومنوں پر بڑی مہربانی فرمانے والا ہےo‘‘

امام ابن منظور افریقی کے مطابق لفظ صلاۃ کے کئی معانی ہیں جن میں ’دعا‘، ’اِستغفار‘، ’رحمت‘، ’برکت‘، ’اِشاعتِ ذکر جمیل‘ اور ’نماز‘ زیادہ معروف ہیں۔ لیکن حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر صلاۃ کے حوالے سے جب اس لفظ کا ذکر آئے تو اگر اﷲ سبحانہ وتعالیٰ کی طرف سے ہو تو اس کا معنی ’نزولِ رحمت‘ ہوتا ہے، فرشتوں کی طرف سے ہو تو ’دعا‘ اور اگر اس کا تعلق بندوں سے ہو تو اس کا معنی ’طلبِ رحمت‘ ہوتا ہے۔

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اللہ تعالیٰ اور اس کے ملائکہ کے درود بھیجنے کا یہ شرف دائمی و اَبدی ہے اور کسی ایک زمانے کے ساتھ مخصوص نہیں کیوں کہ یہ سنتِ الٰہیہ ہے، اورسنتِ الٰہیہ میںدوام ہوتا ہے۔ اگرچہ اَحکامِ اِلٰہیہ میں تبدیلی آتی رہتی ہے مگرسنتِ اِلٰہیہ تبدیل نہیں ہوتی۔ قرآن حکیم نے اِس حقیقت کو یوں بیان کیا ہے :

فَلَنْ تَجِدَ لِسُنَّتِ اﷲِ تَبْدِيْـلًا ج وَلَنْ تَجِدَ لِسُنَّتِ اﷲِ تَحْوِيْـلًاo

(فاطر، 35 : 43)

’’سو آپ اﷲ کی سنت میں ہرگز کوئی تبدیلی نہیں پائیں گے اور نہ ہی اﷲ کی سنت میں ہرگز کوئی پھرنا پائیں گےo‘‘

صلاۃ و سلام کے فضائل کے حوالے سے خود حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بہت سے اِرشادات مروی ہیں جن سے اس عظیم الشان عمل کی اَہمیت اور فضیلت واضح ہوتی ہے۔ زیرِ نظر ’اَربعین‘ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدّ ظلّہ العالی نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمتِ اقدس میں درود و سلام پیش کرنے کا حکم، اس کی برکات و فضائل، درود پاک کے مختلف صیغے اور درود نہ پڑھنے والے شخص کی مذمت پر مشتمل مستند ذخیرہِ حدیث سے چالیس اَحادیث مبارکہ جمع کرنے کی سعادت حاصل کی ہے۔

اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں درود و سلام کی برکات و فیوضات سے کماحقہُ اِستفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

(آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)

(حافظ ظہیر اَحمد الاِسنادی)
رِیسرچ اسکالر، فریدِ ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ

Copyrights © 2025 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved