عید میلاد النبی ﷺ کے دن درود و سلام سے مہکی ہوئی فضا میں جلوس نکالنا بھی تقریباتِ میلاد کا ضروری حصہ بن چکا ہے۔ رسولِ عربی ﷺ کے غلاموں کا یہ عمل بھی صحابہ کرام رضی اللہ عنھم کی سنت ہے۔ عہد رسالت مآب ﷺ میں بھی جلوس نکالے جاتے جن میں صحابہ کرام رضی اللہ عنھم شریک ہوتے۔ درج ذیل احادیث سے جلوس کا ثبوت فراہم ہوتا ہے:
کتب سیر و اَحادیث میں حضور نبی اکرم ﷺ کا ہجرت کے بعد مدینہ منورہ آمد کا حال اس طرح بیان کیا گیا ہے:
’’اُن دنوں جب حضور ﷺ کی آمد کسی روز بھی متوقع تھی مدینہ منورہ کے مرد و زن، بچے اور بوڑھے ہر روز جلوس کی شکل میں دیدہ و دل فرشِ راہ کیے آپ ﷺ کے اِستقبال کے لیے مدینہ سے چند میل کے فاصلے پر قباء کے مقام پر جمع ہو جاتے۔ جب ایک روز سرورِ کونین ﷺ نے ہجرت کی مسافتیں طے کرتے ہوئے نزولِ اِجلال فرمایا تو اس دن اہلِ مدینہ کی خوشی دیدنی تھی۔ اس دن ہر فرد فرطِ مسرت میں گھر سے باہر نکل آیا اور شہرِ مدینہ کے گلی کوچوں میں ایک جلوس کا سا سماں نظر آنے لگا۔‘‘
حدیثِ مبارکہ کے الفاظ ہیں:
فصعد الرجال والنساء فوق البيوت، وتفرق الغلمان والخدم في الطرق، ينادون: يا محمد! يا رسول الله ! يا محمد! يا رسول الله !
’’مرد و زن گھروں پر چڑھ گئے اور بچے اور خدام راستوں میں پھیل گئے، سب بہ آواز بلند کہہ رہے تھے: یا محمد! یا رسول اللہ! یا محمد! یا رسول اللہ!‘‘
1. مسلم، الصحيح، کتاب الزهد والرقائق، باب في حديث الهجرة،
4: 2311، رقم: 2009
2. ابن حبان، الصحيح، 15: 289، رقم: 68970
3. أبويعلي، المسند، 1: 107، رقم: 116
4. مروزي، مسند أبي بکر: 129، رقم: 65
اپنے آقا ﷺ کی سواری دیکھ کر جاں نثاروں پر کیف و مستی کا ایک عجیب سماں طاری ہوگیا۔ اِمام رویانی کے مطابق اہالیانِ مدینہ جلوس کی شکل میں یہ نعرہ لگا رہے تھے:
جاء محمد رسول الله ﷺ .
’’ الله کے رسول حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ تشریف لے آئے ہیں۔‘‘
روياني، مسند الصحابة، 1: 138، رقم: 329
معصوم بچیاں اور اَوس و خزرج کی عفت شعار دوشیزائیں دف بجا کر دل و جان سے محبوب ترین اور عزیز ترین مہمان کو اِن اَشعار سے خوش آمدید کہہ رہی تھیں:
طَلَعَ الْبَدْرُ عَلَيْنَا
مِنْ ثَنِياتِ الْودَاعِ
وَجَبَ الشُّکْرُ عَلَيْنَا
مَا دَعَ اللهِ دَاعٍ
أيُّهَا الْمَبْعُوْثُ فِيْنَا
جِئْتَ بِالْأمْرِ الْمَطَاعِ
(ہم پر وداع کی چوٹیوں سے چودھویں رات کا چاند طلوع ہوا، جب تک لوگ اللہ کو پکارتے رہیں گے ہم پر اس کا شکر واجب ہے۔ اے ہم میں مبعوث ہونے والے نبی! آپ ایسے اَمر کے ساتھ تشریف لائے ہیں جس کی اِطاعت کی جائے گی۔)
1. ابن ابي حاتم رازي، الثقات، 1: 131
2. ابن عبد البر، التمهيد لما في الموطا من المعاني والأسانيد، 14: 82
3. أبو عبيد اندلسي، معجم ما استعجم من أسماء البلاد والمواضع، 4: 1373
4. محب طبري، الرياض النضرة في مناقب العشرة، 1: 480
5. بيهقي، دلائل النبوة ومعرفة أحوال صاحب الشريعة، 2: 507
6. ابن کثير، البداية والنهاية، 2: 583
7. ابن کثير، البداية والنهاية، 3: 620
8. ابن حجر عسقلاني، فتح الباري، 7: 261
9. ابن حجر عسقلاني، فتح الباري، 8: 129
10. قسطلاني، المواهب اللدنية بالمنح المحمدية، 1: 634
11. زرقاني، شرح المواهب اللدنية بالمنح المحمدية، 4: 100، 101
12. أحمد بن زيني دحلان، السيرة النبوية، 1: 323
گزشتہ صفحات میں بیان کردہ محفلِ میلاد النبی ﷺ کے اَجزائے تشکیلی سے واضح ہوگیا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ منانے کے یہی طریقے جائز اور مسلمہ ہیں۔ دنیا بھر میں اِسلامی معاشرے اِنہی طریقوں سے میلادِ مصطفیٰ ﷺ مناتے چلے آرہے ہیں۔ ان میں سے ایک عمل بھی ایسا نہیں جس کی اَصل عہد نبوی ﷺ اور دورِ صحابہ میں موجود نہ ہو یا قرآن و سنت سے متصادم ہو۔ جس طرح یہ اَجزاء الگ الگ طور پر جائز بلکہ مسلمہ ہیں اُسی طرح مجموعی طور بھی محفلِ میلاد النبی ﷺ کی صورت میں اِن کو شرعی جواز حاصل ہے۔
میلاد کی تقریبات کے سلسلے میں انتظام و انصرام اور ہر وہ کام انجام دینا جو خوشی و مسرت کے اظہار کے لیے ہو شرعی طور پر مطلقاً جائز ہے۔ اس طرح محفلِ میلاد روحانی طور پر ایک قابلِ تحسین، قابلِ قبول اور پسندیدہ عمل ہے۔ ایسی مستحسن اور مبارک محافل کے بارے میں جواز! عدمِ جواز کا سوال اٹھانا یقیناً حقائق سے لا علمی، ضد اور ہٹ دھرمی ہے۔
Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved