حج اِسلام کا پانچواں اَہم رُکن ہے۔ دنیا کے دیگر مذاہب میں عبادت کی اِجتماعی ادائیگی کا کوئی تصور موجود نہیں۔ یہ اِسلام کا ہی اِمتیازی وصف ہے کہ یہ اپنے ماننے والوں کو ہر عبادت میں اِجتماعیت کا درس دیتا ہے۔ نماز دن میں پانچ مرتبہ کلمہ گو مسلمانوں کو اکٹھے ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ رمضان المبارک کا پورا مہینہ پوری دنیا کے موحدین اپنے رب کی رضا کے حصول کے لیے روزوں کا اِہتمام کرتے ہیں۔ اِسی طرح ذو الحجہ کے مہینے میں پوری دنیا سے صاحبِ اِستطاعت مسلمان ایک ہی طرح کے لباس میں ملبوس ہو کر مکہ معظمہ میں مناسکِ حج کی ادائیگی کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔
حج کا ایک مقصد جہاں اِنسان کا تزکیہ نفس اور تصفیہ قلب ہے، وہاں اِجتماعی طور پر مسلمانوں میں اِتحاد و یگانگت کی فضا اور راہ ہموار کرنا بھی ہے۔ دنیا کے تقریباً ہر خطے سے مسلمان ایک مرکز پر جمع ہوتے ہیں تو انہیں ایک دوسرے کے مسائل جاننے اور دوسروں کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع میسر آتا ہے۔ یہ عبادتِ حج ہی ہے جو مسلمانوں کو وحدت و مرکزیت اور اپنی اَصل سے تمسک کا درس بھی دیتی ہے۔
تحریک منہاج القرآن عصر حاضر کی اِحیائی و تجدیدی تحریک ہونے کے ناطے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کی زیرسرپرستی دعوت و تبلیغِ دین کے لیے ہمیشہ جدید سے جدید تر وسائل اِختیار کرتی ہے۔ تعلیماتِ اِسلام پر مشتمل آپ کی کتب و کیسٹس اور خطبات و دروس سے ماخوذ سوال و جواب کا یہ سلسلۂ اِشاعت بھی اِسی مہم کا حصہ ہے۔ سلسلہ تعلیماتِ اِسلام کی یہ ساتویں کتاب حج اور عمرہ کے مسائل و اَحکام پر مشتمل ہے۔ اس میں حج اور عمرہ کے مسائل کے بارے میں سوا دو سو سوالات کے جوابات اِنتہائی سہل انداز میں بیان کیے گئے ہیں۔ جنہیں بہتر اِبلاغ کے لیے نو عنوانات میں تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ اِس سلسلہ کی اب تک شائع ہونے والی تمام کتب سے ضخیم ہے۔ اِس سلسلہ کی اب تک شائع ہونے والی سابقہ کتب کے بہت حوصلہ اَفزاء نتائج سامنے آئے ہیں اور اپنی اِفادیت کے باعث یہ کتب مدارِس اور تربیتی حلقہ جات میں درساً پڑھائی جاتی ہیں۔ اِن شاء اﷲ اِس سلسلہ کی یہ ساتویں کتاب بھی بہت قبولِ عام حاصل کرے گی، بلکہ اِسے حجاج کرام کے ہونے والی تربیتی ورکشاپس میں بطورِ نصاب لاگو کیا جانا چاہیے۔
اِس کتاب کی اِنفرادیت یہ ہے کہ اِس میں حج و عمرہ سے متعلقہ کوئی بھی پہلو تشنہ نہیں چھوڑا گیا اور اِس موضوع پر لکھی جانے والی دیگر کتب سے بہتر ہے۔ کتاب میں شامل کی جانے والی رنگین تصاویر اِس کی اِفادیت و جامعیت میں مزید اِضافہ کرتی ہیں۔ یہ کتاب حجاج و معتمرین کے لیے ایک لازمی زادِ سفر کا درجہ رکھتی ہے۔ اِسے حجاج کرام کی ہونے والی تربیتی ورکشاپس میں بطور نصاب لاگو کیا جانا چاہیے، تاکہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ حرمین شریفین کے مبارک سفر پر روانہ ہوں اور وہاں کوئی بھی مشکل پیش نہ آئے۔
فریدِ ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ کے شعبہ خواتین کی رِیسرچ اسکالرز۔ مسز فریدہ سجاد اور مصباح کبیر کی شبانہ روز کاوشوں کے نتیجہ میں یہ کتاب آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ اِس کی نظر ثانی کا فریضہ سینئر رِیسرچ اسکالر محمد تاج الدین کالامی اور نائب مفتی صاحبزادہ بدر عالم نے سرانجام دیا ہے، جسے بعد ازاں شیخ عبدالعزیز دباغ اور جلیل اَحمد ہاشمی نے ملاحظہ فرمایا۔
رب ذو الجلال کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ وہ ہمیں حضرت شیخ الاسلام مدظلہ العالی کی زیر سرپرستی دین مبین کی کما حقہ خدمت بجا لانے کی توفیق مرحمت فرمائے اور مصطفوی مشن کے ساتھ اِستقامت عطا فرمائے۔ نیز اِس مفید اور اَحسن کتاب کی تیاری میں شامل رہنے والے تمام اَفراد کی مساعی جمیلہ کو اِس انداز میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے کہ سب کو حرمین شریفین کی حاضری کا شرف حاصل ہو۔ (آمین بجاہِ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)
محمد فاروق رانا
ڈپٹی ڈائریکٹر
فرید ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ
Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved