تحریک منہاج القرآن دینی اقدار کے احیاء اور عامۃ الناس میں دینی شعور کے فروغ کے لئے زندگی کے مختلف دائرہ ہائے عمل میں ہمہ جہت خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ زندگی کے بدلتے تقاضوں اور بڑھتی رفتار کے پیش نظر ان کاوشوں کے اثرات کو افراد معاشرہ کی ہر سطح تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ گو اسلام کے مختلف پہلوؤں پر شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کئی کتب موجود ہیں مگر ان سے استفادہ کے لئے علمی پس منظر ضروری ہے۔ کم پڑھے لکھے اور ایک خاص استعداد سے کم افراد ان سے استفادہ نہیں کرسکتے۔ اندریں حالات اسلام کی مبادیات کے بارے میں ایسا لٹریچر تیار کرنے کی ضرورت تھی جو معاشرے کے کم پڑھے لکھے افراد خصوصاً خواتین کی دینی ضروریات کو پورا کرے۔ اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں شعبہ خواتین قائم فرمایا، جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی تحقیقی ذوق رکھنے والی خو اتین اور دی منہاج یونیورسٹی کی فاضلات ہمہ وقت خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ عامۃ الناس کو سادہ، سلیس اور عام فہم انداز سے ابتدائی دینی تصورات سے آگاہ کرنے کے لئے قبل ازیں اس سلسلے کی پہلی اشاعت کے طور پر شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصنیف
’’تعلیمات اسلام‘‘ شائع ہو چکی ہے مگر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے شعبہ خواتین میں ایمان اور اسلام کے مختلف موضوعات پر الگ الگ کتب شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ زیر نظر کتاب پر کام کرنے والی فاضلات نے تمام مواد مفکر اسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب، خطابات، ملفوظات اور مسودات سے لیا ہے۔ اس مواد کو عام فہم انداز میں سو (100) کی تعداد میں سوالاً جواباً مرتب کیا گیا ہے تاکہ اس موضوع پر قارئین کو نہ صرف ابتدائی ضروری معلومات فراہم ہوجائیں بلکہ ان کے ذہن میں اٹھنے والے مختلف سوالات کے جوابات بھی مل جائیں۔
زیر نظر کتاب میں ’’ایمان‘‘ سے متعلق بنیادی تفصیلات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ایمان کی حقیقت، ایمان مجمل و ایمان مفصل کی تفصیلات، صفات الہٰیہ کا بیان، ایمان بالرسل، ایمان بالکتب، ختم نبوت، ایمان بالآخرت، ایمان بالملائکہ، ایمان بالقدر اور ایمان سے متعلق دیگر ضروری تفصیلات عام قاری کے لئے بیان کر دی گئی ہے۔ زندگی میں ایمان کی عملی اہمیت کے باب میں تعلق باللہ، تعلق بالرسول اور تعلق بالقرآن کی تفصیلات کو بھی بیان کیا گیا ہے۔ تشکیل سیرت اور تربیت کے لئے دورِ حاضر میں ایمان کے لئے سم قاتل فتنوں کے تدارک کو بھی شامل کتاب کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ اپنے مندرجات کے لحاظ سے یہ کتاب قارئین کے لئے علمی اور عملی افادہ کا باعث ہوگی۔
ڈاکٹر طاہر حمید تنولی
ڈائریکٹر، فریدِ ملت (رح) ریسرچ اِنسٹی ٹیوٹ
14 اپریل، 2005ء
Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved