حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اَقدس اُمتِ مسلمہ کے ایمان کا مرکز و محور ہے۔ امت کے اس تعلق اور نسبت کو کمزور کرنے لیے وقتاً فوقتا مختلف فتنے سر اٹھاتے رہے ہیں جن میں سے ایک نہایت خطرناک فتنہ خارجیت ہے۔ خوارج نے اَہلِ سنت کے عقائد کو پراگندہ کرنے اور ان کے دلوں سے حبِّ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حبِ اَہلِ بیتِ اَطہار علیھم السلام نکالنے کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی۔ ایک سازش کے تحت ذِکرِ اَہلِ بیت اور ذِکرِ حسنین کریمین علیھم السلام کو صرف اَہلِ تشیع کے کھاتے میں ڈال دیا گیا۔ درحقیقت اَہلِ سنت و جماعت کا تشخص اور شیوہ ایمان ہی حبِ اَہلِ بیتِ اَطہار علیھم السلام اور حبِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو ایک جگہ جمع کرنا تھا۔ جیسے امام حسین بن علی علیھما السلام سے مروی ہے: ہر شے کی ایک بنیاد ہوتی ہے اور اسلام کی بنیاد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اَہلِ بیتِ اَطہار علیھم السلام کی محبت ہے۔ (کنز العمال)
اسی طرح حسنین کریمین علیھما السلام کے لیے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جس نے حسن اور حسین سے محبت کی، اس نے درحقیقت مجھ سے محبت کی اور جس نے ان دونوں سے بغض رکھا اس نے مجھ سے بغض رکھا۔ (مسند احمد، سنن ابن ماجہ)
اِسی طرح کثیر روایات میں اَہلِ بیتِ اَطہار علیھم السلام سے بالعموم اور حسنین کریمین علیھما السلام سے بالخصوص محبت کا ذکر ملتا ہے۔ یہی اَصل عقیدہ اَہلِ سنت و جماعت اور وہ شخص اَہلِ سنت نہیں ہے جس کا دل ان نفوسِ قدسیہ کی محبت و مؤدت سے خالی ہے بلکہ وہ جان لے کہ اس کے اندر خارجیت نے ڈیرا ڈال رکھا ہے۔
سفیر اَمن و محبت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی اور تحریک منہاج القرآن کا مقصد انہی محبتوں کو فروغ دینا اور امت کو گمراہ کرنے والے شیطانی فتنوں کا قلع قمع کرنا ہے۔ زیر نظر کتاب بھی سیدنا امام حسن علیہ السلام اور سیدنا امام حسین علیہ السلام سے محبت کے بیان پر مشتمل چالیس اَحادیث کا مجموعہ ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ دنیا و آخرت میں ہمیں اپنی محبت، اپنے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت، اَہلِ بیتِ اَطہار، صحابہ کرام اور اولیاء صالحین رضوان ﷲ علیہم اجمعین کی محبت پر جمع رکھے۔ (آمین بجاہِ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)
حافظ ظہیر اَحمد الاِسنادی
رِیسرچ اسکالر
فریدِ ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ
Copyrights © 2024 Minhaj-ul-Quran International. All rights reserved